Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹی ای ٹی پاس کرنے کیمہلت میں توسیع

Updated: May 30, 2026, 11:30 PM IST | New Delhi

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے کیخلاف نظرثانی پٹیشن خارج کردی لیکن ڈیڈ لائن میں مزید ایک سال یعنی ۲۰۲۸ء تک توسیع کردی

The Supreme Court of India has given an important decision.
سپریم کورٹ آف انڈیا نے اہم فیصلہ سنایا ہے

ملک بھرکے لاکھوں سرکاری اساتذہ کیلئے سپریم کورٹ نے ایک نہایت اہم فیصلہ سناتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ تدریسی ملازمت میں برقرار رہنے اور ترقی حاصل کرنے کے  لئے ٹیچرز اہلیتی امتحان (ٹی ای ٹی) پاس کرنا لازمی ہوگا۔ عدالت عظمیٰ نے ان درخواستوں کو مسترد کر دیا ہے جن میں بعض اساتذہ اور ان کی تنظیموں کی جانب سے ٹی ای ٹی سے استثنیٰ دینے کی مانگ کی گئی تھی۔سپریم کورٹ نے اصل میں اپنے ۲۰۲۵ء کے فیصلے کے خلاف داخل کی گئی نظر ثانی کی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا اور پٹیشن داخل کرنے والوں کو سخت سست بھی کہا۔ عدالت عظمیٰ  نے اپنےتازہ فیصلے میں کہا کہ ۲۰۰۹ء سے پہلے سرکاری اسکولوں میں تقرر پانے والے اساتذہ کیلئے بھی ٹی ای ٹی کی شرط لاگو ہوگی۔ عدالت کا ماننا ہے کہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے اساتذہ کی پیشہ ورانہ اہلیت کا جائزہ لینا ضروری ہے۔
 سماعت کے دوران کورٹ نے اس بات پر زور دیا کہ اساتذہ صرف اپنی ملازمت بچانے یا ترقی حاصل کرنے کے بارے میں نہ سوچیں بلکہ بچوں کے بہتر مستقبل اور معیاری تعلیم کی فراہمی کو بھی اپنی ترجیح بنائیں۔ بنچ نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے اور اساتذہ کا کردار نئی نسل کی تشکیل میں سب سے اہم سمجھا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے ستمبر۲۰۲۵ء میں اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ سرکاری اساتذہ کو اپنی ملازمت برقرار رکھنے اور ترقی کے لیے ٹی ای ٹی پاس کرنا ہوگا۔ اس فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواستوں کی صورت میں مجموعی طور پر ۶۵؍ عرضیاں عدالت میں دائر کی گئی تھیں۔ ان درخواستوں میں مختلف ریاستوں کے اساتذہ کی تنظیمیں بھی شامل تھیں، جنہوں نے عدالت سے ٹی ای ٹی کی شرط میں نرمی یا استثنیٰ دینے کی اپیل کی تھی۔تاہم سپریم کورٹ نے نظرثانی کی تمام درخواستیں مسترد کرتے ہوئے اپنے سابقہ فیصلے کو برقرار رکھا۔ اس کے باوجود عدالت نے اساتذہ کو ایک اہم راحت بھی فراہم کی۔کورٹ نے کہا کہ چونکہ تعلیم دینا ایک اہم مقصد ہے اور ہمارے اس حکم کی وجہ سے محکمہ تعلیم میںکوئی افراتفری نہ مچے اس لئے پہلے ٹی ای ٹی پاس کرنے کی جو آخری تاریخ ۳۱؍ اگست۲۰۲۷ء مقرر کی گئی تھی،  اب اسے بڑھا کر ۳۱؍اگست۲۰۲۸ء کر دیا گیا ہے۔ اس طرح ایسے اساتذہ جنہوں نے ابھی تک ٹی ای ٹی امتحان کامیابی سے پاس نہیں کیا، انہیں مزید ایک سال کا اضافی وقت مل گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK