Inquilab Logo Happiest Places to Work

فرنویس نے مسنگ لنک منصوبہ کو انجینئرنگ کا شاہکار قراردیا

Updated: July 09, 2026, 12:10 PM IST | Agency | Mumbai

ممبئی پونے ا یکسپریس وےپرواقع اس ٹنل کو۲؍ دن قبل چٹان کھسکنے کے بعد بند کرنا پڑا تھا مگروزیر اعلیٰ نےاس کا دفاع کیا اوراس کےمحفوظ ہونے کا دعویٰ کیا ۔

The Missing Link Is The Tunnel Where Debris Fell 2 Days Ago.Photo:INN
مسنگ لنک ٹنل کی ہے جہاں۲؍ دن قبل ملبہ گرا تھا- تصویر:آئی این این
 مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اسمبلی میں ممبئی پونے ایکسپریس وے کے مسنگ لنک منصوبے کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے اسے انجینئرنگ کا شاہکار قرار دیا اور اپوزیشن کی تنقید کو سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باوجود اس منصوبے کے پل اور سرنگ مکمل طور پر محفوظ رہے اور حکومت نے صرف۱۸؍ گھنٹوں میں ٹریفک بحال کر دی۔
 
 
ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں موسلا دھار بارش اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پر ضابطہ۲۹۳؍ کے تحت ہونے والی بحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن مسنگ لنک منصوبے کے بارے میں گمراہ کن معلومات پھیلا کر مہاراشٹرکو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے اس منصوبے کو ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے اسے۱۴؍ مختلف وجوہات کی بنا پر روک دیا تھا، لیکن موجودہ حکومت نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس منصوبے کو نہ صرف دوبارہ شروع کیا بلکہ اسے مکمل بھی کیا۔ ان کے مطابق حالیہ لینڈ سلائیڈنگ غیر معمولی موسمی حالات کا نتیجہ تھی، تاہم اس سے منصوبے کے بنیادی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ 
دیویندر فرنویس نے کہا کہ مسنگ لنک منصوبہ ا نجینئرنگ کا شاہکار ہے اور اسے اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ۱۷۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کو بھی برداشت کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باوجود نہ کیبل اسٹیڈ پل متاثر ہوا اور نہ ہی سرنگ کو نقصان پہنچا۔ حکومت کی فوری کارروائی اور مؤثر ہنگامی منصوبہ بندی کی بدولت صرف۱۸؍ گھنٹو ں میں راستہ دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کوکن ریلوے منصوبے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ظاہر کیے گئے تھے، لیکن اگر ان خدشات کی بنیاد پر منصوبہ ترک کر دیا جاتا تو پورا کوکن خطہ ترقی سے محروم رہ جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ان تجربات سے سبق حاصل کرتے ہوئے ہر سال جدید تکنیکی اصلاحات کی جاتی رہی ہیں۔ ممبئی کو سیلاب سے محفوظ بنانے کیلئے حکومت کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے  وزیر اعلیٰ نے کہا  کہ۱۳؍ ہزار کروڑ روپے کا مربوط فلڈ کنٹرول منصوبہ نافذ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برسوں سے زیر التوا برمسٹوواڈ منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اور اسے آئندہ ۲؍ برس کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔شہر کی سڑکوں کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گڑھوں کے مستقل مسئلے کے حل کیلئے کنکریٹ سڑکوں کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ ان کے مطابق ممبئی کی ۲۰۵۰؍ کلومیٹر سڑکوں میں  سے۱۹۱۳؍ کلومیٹر یعنی تقریباً۹۵؍ فیصد حصے پر کام جاری ہے جبکہ مئی۲۰۲۷ء تک پورا منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی اختیار کئے جانے کے بعد گڑھوں کی مرمت پر ہونے والے اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے۔  
 
 
ممبئی میں پانی کی قلت دور کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گارگئی منصوبے کو جنگلاتی منظوری مل چکی ہے، جس کے ذریعے۲۰۲۹ء  تک روزانہ مزید۵۰۰؍ ملین لیٹر پانی فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ منوری اور ورسوا میں قائم کیے جانے والے سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے منصوبوں  سے۲۰۳۰ء تک مزید ایک ہزار ملین لیٹر یومیہ پانی حاصل ہوگا۔  دیویندر فرنویس نے شفاف طرز حکمرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ ای مارکیٹ پلیس پورٹل کے استعمال سے اسکولی سامان اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف محکموں کی خریداری میں خاطر خواہ بچت ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً۱۰۳۲؍ کروڑ روپے کے مبینہ طور پر زائد لاگت والے ٹینڈروں کو منسوخ کر کے مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنایا گیا ہے۔اپنی تقریر کے اختتام پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی توجہ طویل مدتی ترقیاتی منصوبوں پر مرکوز ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ موجودہ حکومت ریاست کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے مسلسل کام کرتی رہے گی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK