خبروں کے مطابق لیور پول کلب کے مشہور کھلاڑی ڈیوگو جوٹا ایک کار حادثے میں اپنے بھائی کے ساتھ انتقال کرگئے۔ ۵؍ دن قبل ہی ان کی شادی ہوئی تھی۔ ۲۸؍ سالہ فٹبالر کی موت پر دنیائے کھیل سوگوار۔
EPAPER
Updated: July 03, 2025, 5:54 PM IST | Liverpool
خبروں کے مطابق لیور پول کلب کے مشہور کھلاڑی ڈیوگو جوٹا ایک کار حادثے میں اپنے بھائی کے ساتھ انتقال کرگئے۔ ۵؍ دن قبل ہی ان کی شادی ہوئی تھی۔ ۲۸؍ سالہ فٹبالر کی موت پر دنیائے کھیل سوگوار۔
رائٹرز کی خبر کے مطابق لیورپول کے فارورڈ ڈیوگو جوٹا شمال مغربی اسپین کے زمورا میں ایک المناک کار حادثے میں انتقال کر گئے۔ پرتگالی فٹبالر اپنے بھائی آندرے سلوا کے ساتھ سفر کر رہے تھے، جو خود بھی ایک فٹبالر تھے اور پرتگالی سیکنڈ ڈویژن میں پینافیل کی نمائندگی کرتے تھے۔ پولیس نے اب تک دو مرنے والوں کے ناموں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے، لیکن مقامی فائر فائٹرز کے حوالے سے رپورٹس بتاتی ہیں کہ جوٹا اور ان کا بھائی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ کاسٹیل لیون کے مقامی فائر یونٹ نے اپنی ویب سائٹ پر تصدیق کی کہ آدھی رات کے بعد ایک کار حادثے کا شکار ہوئی اور آگ لگ گئی، جس میں ۲۶؍ اور ۲۸؍ سال کی عمر کے دو افراد ہلاک ہو گئے۔
یہ بھی پڑھئے: امینہ اردگان کی پوپ لیو سے ملاقات، غزہ جنگ بندی پر عیسائیوں کے مضبوط موقف پر زور
اس خبر نے کھیل برادری میں ہلچل مچا دی ہے کیونکہ پرتگالی فٹبالر کی صرف پانچ روز قبل ۲۸؍ جون کو شادی ہوئی تھی۔ انہوں نے انگلش لیورپول کے گزشتہ سیزن میں پریمیئر لیگ میں ٹرافی جیتی تھی اور ایف اے کپ کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ ۲۰۲۰ء میں ولورہیمپٹن وانڈیررز سے مرسی سائڈ کلب میں پہنچنے کے بعد سے جوٹا پریمیئر لیگ کی بڑی ٹیم لیورپول کا ایک لازمی حصہ رہے۔ انہوں نے ۱۸۲؍ مقابلوں میں ۶۵؍ گول کئے تھے۔ جوٹا ستاروں سے مزین پرتگالی قومی ٹیم کا بھی ایک اہم رکن تھے جس نے فائنل میں اسپین کو پنالٹیز پر شکست دینے کے بعد حال ہی میں دوسری بار یوئیفا نیشنز لیگ جیتا تھا۔ ان کی موت نہ صرف لیورپول اور پرتگالی فٹبال بلکہ عالمی کھیلوں کی برادری کیلئے بھی ایک بڑانقصان ہے۔ دنیا بھر میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔