Updated: August 17, 2026, 8:09 PM IST
| New Delhi
قطر سے ہندوستان کے لیے ڈاک خانے کے ذریعے یو پی آئی پر مبنی تیز اور محفوظ رقم کی منتقلی کی خدمت شروع کر دی گئی ہے اور اس کے ذریعے قطر میں رہنے والے صارفین قطر پوسٹ کے سروس سینٹرز سے ہندوستان میں یو پی آئی سے جڑے بینک کھاتوں میں براہِ راست رقم بھیج سکتے ہیں۔
یو پی آئی پیمنٹ۔ تصویر:آئی این این
مغربی ایشیائی ملک قطر سے ہندوستان کے لیے ڈاک خانے کے ذریعے یو پی آئی پر مبنی تیز اور محفوظ رقم کی منتقلی کی خدمت شروع کر دی گئی ہے اور اس کے ذریعے قطر میں رہنے والے صارفین قطر پوسٹ کے سروس سینٹرز سے ہندوستان میں یو پی آئی سے جڑے بینک کھاتوں میں براہِ راست رقم بھیج سکتے ہیں۔ وزارتِ مواصلات کی جانب سے پیر کے روز جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق اس خدمت کو قطر پوسٹ، انڈیا پوسٹ، یونیورسل پوسٹل یونین کے انٹر کنکشن پلیٹ فارم (یوپی یو ۔آئی پی) اور این پی سی آئی انٹرنیشنل لمیٹڈ (این آئی پی ایل ) کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ اس پہل میں قطر کے ڈاک نیٹ ورک کی وسیع رسائی کو ہندوستان کے ڈجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘باکس آفس: تیسرے دن بڑی گراوٹ
اس خدمت کا افتتاح ۱۵؍ اگست کو ہندوستان کے یومِ آزادی کے موقع پر دوحہ کے لولو مال میں وہاں کے محکمہ ڈاک قطر پوسٹ کے ایک سروس سینٹر پر کیا گیا، جہاں ہندوستانی سفارت خانے کے ناظم الامور سندیپ کمار نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کی۔ اس سہولت کا فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین قطر میں وہاں کے محکمہ ڈاک کے کسی بھی سینٹر پر جا کر ہندوستان میں رقم حاصل کرنے والے شخص کی یو پی آئی آئی ڈی اور شناخت سے متعلق دیگر ضروری معلومات فراہم کر کے رقم بھیج سکتے ہیں۔ ہندوستان میں رقم حاصل کرنے والے کو اپنی یو پی آئی ایپ پر غیر ملکی رقم حاصل کرنے کی سہولت کو فعال (ایکٹیو) کرنا ہوگا اور اس سے قطر سے بھیجی گئی رقم اس کے یو پی آئی سے جڑے بینک کھاتے میں فوری طور پر جمع ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے:سی پی ایل ٹورنامنٹ میں باربڈوس ٹرائڈئنٹس نے کنگز کو ۹؍ رنز سے ہرایا
اس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ ۴؍ہزار قطری ریال (زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ روپے) تک بھیجے جا سکتے ہیں۔ اس پر فی ٹرانزیکشن ۱۵؍ قطری ریال کی فیس لاگو ہوگی۔وزارت نے کہا ہے کہ یہ خدمت قطر میں مقیم بڑی ہندوستانی برادری کے لیے خاص طور پر انتہائی اہم ہے۔
۔۔۔