Inquilab Logo Happiest Places to Work

عوامی شکایات کیلئے ’ایف ڈی اے‘ کا ’اے آئی پورٹل‘ متعارف

Updated: July 18, 2026, 12:41 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

لوگ مراٹھی، ہندی اور انگریزی میں وائس ریکارڈنگ یا تحریری شکایات درج کراسکتے ہیں۔ محکمے نے پارسی ڈیری فارم کی پال گھر شاخ پر بھی کارروائی کی۔ جوگیشوری ، گوریگاؤں ، واشی ، وسئی اور دیگر علاقوں میں چھاپے مارے گئے۔

Parsi dairy farm appears to be closed after FDA action. (Photo: PTI)
پارسی ڈیری فارم ایف ڈی اے کی کارروائی کے بعد بند نظر آ رہی ہے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن( ایف ڈی اے ) نے عوامی شکایات کیلئےآرٹیفیشل انٹلی جنس ( اے آئی )   پورٹل  complaints.mahafda.in متعارف کرایا ہے جس میں لوگ مراٹھی، ہندی اور انگریزی میں وائس ریکارڈنگ یا  تحریری شکایات درج کراسکتے ہیں ۔ اس پر اگر کوئی  زبانی شکایت کرتا ہے تو یہ خود بخود شکایات کی درجہ بندی کرتا ہے اور انہیں متعلقہ افسر تک پہنچاتا ہے۔  اسی طرح اگر کسی شکایت کو مقررہ وقت میں حل نہیں کیا جاتا ہے تو یہ خود بخود اسے اعلیٰ حکام تک پہنچا دیتا ہے۔ شکایت کی کارروائی کے ہر مرحلے کو ڈیجیٹل طور پر ٹریک کیا جاسکتا ہے جس سے حکام اور شکایت کنندگان دونوں کو اس کی پیش رفت کی نگرانی   اور فیلڈ افسران کے درمیان جوابدہی کو یقینی بناتاہے۔

ایف ڈی اے کے مطابق یہ اقدام شکایت کے عمل کو مزید قابل رسائی بنا نے کی کوششوں کا حصہ ہے، خاص طور پر ان لوگوں کیلئے جنہیں انگریزی ٹائپ کرنے یا استعمال کرنے میںدشواری ہوتی ہے۔یہ پورٹل مزیدشفافیت لائے گا، شکایات کے ازالے میں تاخیر کو کم کرے گا  اور ایف ڈی اے کے دائرہ اختیار میں فوڈ سیفٹی، ادویات، کاسمیٹکس اور دیگر شعبوں سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی کے قابل بنائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: جینت پاٹل مہایوتی حکومت میں وزیر مالیات ہوں گے؟

ایف ڈی اے کی کارروائی جاری

دریں اثناءفوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر میں کھانے پینے کی اشیاء کی سختی سے جانچ کر کے ان کاروباریوں کا لائسنس معطل کر رہی ہے جوضابطوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ گزشتہ چند دنوں میںایف ڈی اے نے مرین لائنس کے قدیم پارسی ڈیری فارم کے ساتھ پال گھر میں اس کی شاخ پر بھی کارروائی کی ۔ اس کے علاو ہ جوگیشوری ، گوریگائوں، ملنڈ ، گوونڈ ی ، واشی اور وسئی میں بھی چھاپےمار کر لاکھوں روپے کی آلودہ اشیاء ضبط کی۔علاوہ ازیں ۲؍افراد کو دودھ کی تھیلی سے چھیڑ چھاڑ کرنے کے الزام میں گرفتار بھی کرایا۔  

ایف ڈی اے نے معروف پارسی ڈیری فارم کے مرین لائنس اور پال گھرشاخ پر چھاپے کے دوران فوڈ سیفٹی اور حفظان صحت میں کئی سنگین کمیاں  پائے جانے کا انکشاف ہونے پر اس کا لائسنس فوری طور پر معطل کر دیا ہے ۔ پال گھر میںکی جانے والی کارروائی میں ۳۲؍ لاکھ روپے کا ذخیرہ ضبط کیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں یہاں موجود کھانے پینے کی اشیاء جیسے دیسی گائے کا مکھن، ملائی پنیر، انجیر، ملائی قلفی، میٹھا ماوا اور گائے اور بھینس کے گھی کے نمونے تجزیہ کیلئے لئے  گئےہیں۔

   وسئی کی شیوڈیری نامی دکان پر چھاپہ مار کر ۱۸۱؍ کلو غیرمعیاری پنیر ضبط کیا گیاہے۔اسی طرح گوریگائوں مغرب میں کرائم برانچ اور ایف ڈی اے نے علی الصباح ۴؍بجے چھاپہ مارکر دودھ کی تھیلی سے چھیڑچھاڑ کرنے والے کرشنا لنگم پلی (۴۸) اور روی پتیکا (۴۵) کو گرفتار کیا گیا  ۔  اس کارروائی میں ۵۵۸؍ لیٹر دودھ تلف کیا گیا ۔ اسی طرح گوونڈی میں واقع صوفی ڈیری کے خلاف بھی   کارروائی کی گئی ہے ۔یہاں دودھ کاذخیرہ ضابطے کےمطابق نہیں کیا گیا تھاجس کی وجہ سے ایک ہزار ۶۸۳؍ لیٹر دودھ کو تلف کردیا گیاجس کی قیمت ایک لاکھ ۷؍ہزار ۷۱۲؍روپے ہوتی ہے۔یہاں کے دودھ کا نمونہ لیباریٹری میں تجزیہ کیلئے بھیجا گیا ہے۔ ملنڈ مغرب میں واقع اگروال انٹرپرائزز میں کی جانے والی کارروائی میں ۶۱؍کلو ملاوٹی پنیر اور برفی ضبط کی گئی۔ اس کی قیمت تقریباً ۱۹؍ہزار ۷۵۹؍ روپے بتائی گئی ہے ۔ ان اشیائے خوردونوش پر تیاری اورایکسپائری کی تاریخ اور بیچ نمبر کا ذکر نہیں کیا گیا تھا ساتھ ہی لیبلنگ کے قوانین کی بھی خلاف ورزی کی گئی تھی ۔ 

یہ بھی پڑھئے: فرنٹ لائن اسٹاف کو ذہنی تناؤ سے بچانے کیلئے خصوصی سیشن

بغیرلیبل والے صابن کا بڑا ذخیرہ بھی ضبط

ایف ڈی اے ممبئی کی ٹیم نے پٹیل اسٹیٹ روڈ، قادر اسماعیل اسٹیٹ، جوگیشوری مغرب میں’ جے کے صابن بازار ‘ نامی دکان پر چھاپہ مارکر بغیر لیبل والے صابن کا بڑا ذخیرہ ضبط کیا ۔ ضبط شدہ صابن پر بیچ نمبر، لاٹ نمبر، پروڈکشن اور ایکسپائری  ڈیٹ، پروڈکشن لائسنس نمبر اور مینوفیکچرر کا نام اور پتہ درج نہیں تھا ۔اس طرح لیبل کے بغیر ضروری کاسمیٹکس فروخت کرنا قانون کے تحت جرم ہے ۔ اس آپریشن میں تقریباً ۱۰؍لاکھ ۹۳؍ہزار ۶۸۲؍ روپے کا صابن ضبط کیاگیا  ۔ صابن کے ۲؍ نمونے جانچ کیلئے   لئےگئےہیں۔ صابن بازار کے مالک نبی اللہ کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے ۔

واشی کے اےپی ایم سی مسالہ مارکیٹ میں ایف ڈی اے کی کارروائی کے دوران ایک دکان سے ۱۱؍لاکھ ۲۴؍ ہزار روپے مالیت کے ایسے مسالے ضبط کئے گئے جو ناقص کوالیٹی اور فرضی لیبل کے ساتھ فروخت کئے جا رہے تھے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK