بغیر لائسنس بچوں کے صابن، شیمپو اور دیگر بیوٹی مصنوعات تیار کی جاتی تھیں، ۲۳ء۱؍ کروڑ روپے کا مال اور مشینری ضبط۔
EPAPER
Updated: June 20, 2026, 12:38 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
بغیر لائسنس بچوں کے صابن، شیمپو اور دیگر بیوٹی مصنوعات تیار کی جاتی تھیں، ۲۳ء۱؍ کروڑ روپے کا مال اور مشینری ضبط۔
عوامی صحت کیلئے سنگین خطرہ بننے والی غیر قانونی کاسمیٹکس صنعت کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے محکمۂ خوراک و ادویات انتظامیہ (ایف ڈی اے) نے بھیونڈی تعلقہ کے داپوڈا علاقے میں قائم ایک کاسمیٹکس کمپنی پر چھاپہ مار کر ۱ء۲۳؍کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان ضبط کر لیا۔ کارروائی میں یہ انکشاف ہوا کہ مذکورہ کمپنی میں بغیر کسی قانونی پروڈکشن لائسنس کے بچوں کے استعمال کی مصنوعات سمیت مختلف کاسمیٹکس تیار کئے جا رہے تھے، جنہیں آن لائن مارکیٹ میں فروخت کرنے کی تیاری کی جا رہی تھی۔
ایف ڈی اے ذرائع کے مطابق محکمہ کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ داپوڈے کے ہری ہر کمپلیکس میں قائم ایک نجی کمپنی غیر قانونی طور پر کاسمیٹکس کی تیاری میں مصروف ہے۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد ایف ڈی اے کے افسران نے اچانک چھاپہ مارا، جہاں جانچ کے دوران بڑے پیمانے پر مختلف کاسمیٹک مصنوعات کی تیاری کا انکشاف ہوا۔ حیران کن طور پر کمپنی کے پاس ان مصنوعات کی تیاری کیلئے مطلوبہ قانونی اجازت نامے موجود نہیں تھے۔
یہ بھی پڑھئے: مغربی کنارے میں آبادکاروں کے حملے تیز، مساجد نذرِ آتش، فلسطینیوں میں خوف
پیکنگ پر اندھیری کاپتہ
تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ تیار شدہ مصنوعات پر صارفین کو گمراہ کرنے والی معلومات درج کی گئی تھیں اور ان کی پیکنگ پر ممبئی کے اندھیری علاقے کا ایک مشتبہ اور مبینہ طور پر فرضی پتہ بھی استعمال کیا جا رہا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس طریقۂ کار کے ذریعے مصنوعات کو قانونی اور معیاری ظاہر کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ ایف ڈی اے کی جانچ میں ایک اور سنگین بے ضابطگی اس وقت سامنے آئی جب کمپنی معیار کی جانچ سے متعلق کوئی لیبارٹری، ٹیسٹنگ سہولت یا اس حوالے سے ضروری ریکارڈ پیش نہ کر سکی۔
یہ بھی پڑھئے: ’’تمہارے گھروں کی حفاظت امریکی ہتھیاروں سے ہوتی ہے‘‘
بچوں کی صحت کیساتھ کھلواڑ
ماہرین کے مطابق بغیر معیار جانچے تیار ہونے والی ایسی مصنوعات صارفین، خصوصاً بچوں کی صحت کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ چھاپے کے دوران ایف ڈی اے نے کریم فلنگ مشین، شرنک ریپنگ مشین، لیبلنگ مشین، آٹومیٹک پاؤڈر فلنگ مشین، ایئر کمپریسر، وزن کرنے والے آلات، جنریٹر، خام مال اور بڑی مقدار میں تیار شدہ مصنوعات ضبط کر لیں۔ ضبط شدہ سامان کی مجموعی مالیت ایک کروڑ ۲۳؍ لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
ایف ڈی اے حکام نے بتایا کہ اس معاملے میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور نارپولی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔