Inquilab Logo

ایران کا خوف، اسرائیل نے۲۸؍سفارتخانے بند کردئیے

Updated: April 07, 2024, 11:22 AM IST | Agency | Washington / Tehran

تہران دمشق میں ایرانی سفارتخانہ پر حملے کا جواب دینے کیلئے تیار، امریکہ میں بھی الرٹ، ایران کا امریکہ کو پورے معاملے سے دور رہنے کا انتباہ۔

American President Joe Biden, Israeli Prime Minister Benjamin Netanyahu and Iranian Supreme Leader Ayatollah Khamenei. Photo: INN
امریکی صدر جوبائیڈن، اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہواور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای۔ تصویر : آئی این این

 گزشتہ دنوں دمشق میں ایرانی قونصل خانہ پراسرائیلی حملے کے جواب میں جس میں ایرانی جنرل محمد رضا زاہدی سمیت ۱۳؍ افرادمارے گئے تھے، تہران کی ممکنہ کارروائی سے اسرائیل خوفزدہ ہے اور اس نے مختلف ممالک میں اپنے ۲۸؍سفارتخانہ بند کردئیے ہیں۔ اس حملے کے خلاف ایران جوابی کارروائی کی تیاری کر رہا ہےجس کے بعد امریکہ میں بھی ہائی الرٹ ہے۔ امریکہ نے اندیشہ ظاہر کیا ہےکہ ایران اسرائیل میں واشنگٹن کے مراکز کو بھی نشانہ بناسکتاہے۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ ایران نے اس پورے معاملے سے امریکہ کو دور رہنے انتباہ دیا ہے۔ 
 اسرائیل اس سے قبل بھی شام میں ایران کے ٹھکانوں پرحملے کرچکا ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے جب اس نے ایرانی سفارتخانہ کی بلڈنگ کو نشانہ بنایا ہے۔ اس کے بعدسے اسرائیل الرٹ پر ہے۔ اس نے مختلف ممالک میں اپنے۲۸؍ سفارتخانہ بند کردئیے ہیں، فوجیوں کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، اضافی دستوں کو طلب کرلیاہے اورفضائی دفاع کے نظام کو بھی مضبوط کردیاہے۔ اسرائیل کی ملٹری نےممکنہ ڈرون حملوں کو روکنے کیلئے تل ابیب میں جی پی ایس سگنلوں کے رخ موڑ دئیے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: یو این: سلامتی کاؤنسل میں عرب ممالک کا اسرائیل پر جنگ بندی کیلئے زور ڈالنے کا مطالبہ

امریکہ میں بھی الرٹ 
 ایک امریکی اہلکار نے کہا ہے کہ امریکہ ہائی الرٹ پر ہے اور شام میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں خطے میں اسرائیلی یا امریکی مفادات کو نشانہ بنانے والے ممکنہ حملے کیلئے تیاری کر رہا ہے۔ ’سی این این‘ کی طرف سے نشر ہونے والی ایک رپورٹ جس میں اگلے چند دنوں میں حملے کا امکان بتایا گیا ہے۔ امریکی اہلکار نے رائٹر کو بتایا کہ ہم یقینی طور پر ہائی الرٹ کی حالت میں ہیں۔ 
 ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے میں ۷؍ ایرانی فوجی مشیر مارے گئے ہیں جن میں قدس فورس کے سینئر کمانڈر محمد رضا زاہدی بھی شامل ہیں۔  ایران نے کہا ہے کہ وہ فیصلہ کن جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن بھی گھبرائے ہوئے ہیں۔  انہوں نے جمعرات کو اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو کے ساتھ فون پر گفتگو کی تھی اور ایران کی طرف سے لاحق خطرات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ ہماری ٹیمیں اس وقت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے اس معاملے میں اسرائیل کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ 
 جمعہ کو ’سی این این‘ نے امریکی انتظامیہ کے ایک اہلکار کے حوالے سے کہا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کا خیال ہے کہ شام میں اس کے قونصل خانے پر بمباری پر ایرانی ردعمل ناگزیر ہے۔ اس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکہ الرٹ پر ہے اوراندیشہ ظاہر کیا ہےکہ ایک ہفتے کے اندر اندر ایران اسرائیل میں اس کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے۔ سی این این نے اہلکار کے حوالے سے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی حکومتوں کو یہ نہیں معلوم کہ ایران کب جواب دینے کا ارادہ رکھتا ہے یا اس کا جواب کیا ہوگا؟لیکن امریکی نیٹ ورک نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل آئندہ واقعات سے پہلے ایک پوزیشن بنانے کیلئے سخت محنت کر رہی ہیں کیونکہ وہ توقع کرتی ہیں کہ ایرانی حملہ کسی بھی شکل میں ہوسکتا ہے اور امریکی اور اسرائیلی اثاثوں اور افراد کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ 
ایران کروز میزائل بھی استعمال کرسکتا ہے: امریکی میڈیا 
 امریکی میڈیا نے انٹیلی جنس اہلکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایران حملوں میں ڈرون کے ساتھ ساتھ کروز میزائل بھی استعمال کرسکتا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ایران کے حملہ کا وقت معلوم نہیں لیکن ایران کی جانب سے حملہ رمضان ختم ہونے سے قبل ہونے کا قوی امکان ہے۔ 
ایران کا امریکہ اس معاملے سے دور رہنے کا انتباہ
 ایران نے اسرائیل کے خلاف ممکنہ جوابی کارروائی سے قبل امریکہ کو تمام تر معاملے سے دور رہنے کا انتباہ جاری کردیا۔ ایرانی صدر کے ڈپٹی چیف محمد جمشیدی نے واضح کیا کہ انہوں نے امریکہ کو اسرائیل کے جال میں نہ پھنسنے کا پیغام بھجوادیا ہےاور ساتھ یہ بھی بتایا کہ امریکہ اس معاملے سے دور رہے تاکہ وہ کسی طرح متاثر نہ ہو۔ 
 واقعے کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا تھاکہ ایرانی سفارت خانے پر حالیہ حملے کے اسرائیلی حکومت کو نتائج بھگتنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ایرانی سفارت خانے پر حملہ اسرائیل کو غزہ میں اس کی آنے والی شکست سے نہیں بچا سکے گا، جہاں وہ فلسطینیوں کے خلاف تقریباً۶؍ ماہ سے جاری جارحیت میں ملوث ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK