ٹرانسپورٹ منسٹر پر تاپ سرنائک نے کہا کہ جولائی میں نمبر پلیٹ جانچنے کی خصوصی مہم چلائی جائے گی اور ایک ہزار روپے تک جرمانہ وصول کیا جائیگا۔۳۰؍ جون ۲۰۲۶ء نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔
EPAPER
Updated: May 15, 2026, 10:05 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
ٹرانسپورٹ منسٹر پر تاپ سرنائک نے کہا کہ جولائی میں نمبر پلیٹ جانچنے کی خصوصی مہم چلائی جائے گی اور ایک ہزار روپے تک جرمانہ وصول کیا جائیگا۔۳۰؍ جون ۲۰۲۶ء نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔
محکمہ ٹریفک کی جانب سے جمعرات کو اعلان کیا گیا ہے کہ موٹر گاڑیوں پر لگی نمبر پلیٹ کو ’ہائی سیکوریٹی رجسٹریشن پلیٹ‘ (ایچ ایس آر پی) میں تبدیل کرنے کی آخری تاریخ ۳۰؍ جون ۲۰۲۶ء کو ختم ہورہی ہے اور اس میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ جو لوگ اس تاریخ تک اپنی گاڑیوں پر جدید نمبر پلیٹ نہیں لگوائیں گے ان پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔یاد رہے کہ ایچ ایس آر پی لگانے کی مدت میں متعدد مرتبہ توسیع کی جاچکی ہے اور اس سے قبل ۳۱؍ دسمبر ۲۰۲۵ء تک نئی نمبر پلیٹ لگانے کو کہاگیا تھا لیکن اس وقت تک جتنی تعداد میں گاڑیوں میں نمبر پلیٹ لگانے کا کام باقی تھا اور جس رفتار سے کام جاری تھا اسے دیکھتے ہوئے اس مدت میں ۳۰؍ جون ۲۰۲۶ء تک توسیع کردی گئی تھی۔ البتہ وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے جمعرات کو وضاحت کی ہے کہ اب گاڑی مالکان کو مزید مہلت نہیں دی جائے گی اور یکم جولائی سے نمبر پلیٹ کی جانچ کی خصوصی مہم چلائی جائے گی اور جرمانہ وصول کرنا شروع کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’نالے صفائی کے نام پر آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے‘‘
محکمہ ٹرانسپورٹ نے تمام گاڑی مالکان کو متعینہ مدت سے پہلے ہی اپنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ انتظامیہ نے یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ صرف سرکاری ویب سائٹ سے بکنگ کرواکر نمبر پلیٹ تبدیل کروائیں تاکہ دھوکہ اور زائد پیسے ادا کرنے سے بچا جاسکے۔
https://hsrpmhzone2.inویب سائٹ پر جاکر گاڑی مالکان اپنی سہولت سے اوقات طے کرکے اپنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ تبدیل کرواسکتے ہیں۔ ویب سائٹ پر رجسٹریشن پلیٹ تبدیل کروانے کے تعلق سے تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ مہاراشٹر حکومت نے یکم اپریل ۲۰۱۹ء سے قبل رجسٹر کرائی گئی تمام گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کو ایچ ایس آر پی میں تبدیل کروانا لازمی قرار دیا ہے۔ جو گاڑیاں ممبئی کے باہر سے خرید کر لائی گئی ہیں ان پر بھی ایچ ایس آر پی ہونا ضروری ہے۔وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ جن گاڑیوں پر ایچ ایس آر پی نہیں ہوگی ان سے ایک ہزار روپے تک جرمانہ وصول کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: وزیر اعظم مودی کی اپیل پر صرافہ بازار میں بے چینی
ان کے مطابق ایچ ایس آر پی لگوانے کا مقصد گاڑی کی سیکوریٹی میں اضافہ کرناہے۔اس طرح اسے تلاش کرنا آسان ہوجائے گا اور اگر کسی گاڑی کو کسی جرم میں استعمال کیا جاتا ہے تو اسے پکڑنا آسان ہوگا۔
مہاراشٹر ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق ایچ ایس آر پی کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس سے سڑکوں پر حفاظتی انتظامات بہتر ہوں گے اور گاڑیوں کو جرائم میں استعمال کرنا مشکل ہوجائے گا۔ ان کے مطابق ان جدید نمبر پلیٹ میں چھیڑ چھاڑ کرنا ممکن نہیں ہوگا اور اس طرح کی نقلی نمبر پلیٹ بنانے کی روک تھام ہوسکے گی۔ انتظامیہ کیلئے ان نمبر پلیٹ والی گاریوں کی شناخت کرنا آسان ہوتا ہے جس سے چوری کی گئی گاڑیوں کی تلاش بھی آسان ہوجائے گی۔ لوگ جرائم کو انجام دینے کیلئے نقلی نمبر پلیٹ نہیں لگا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: ایک سال سونا خریدنے سے گریز کے مشورہ سے سنار خوش نہیں
پرتاپ سرنائیک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایچ ایس آر پی کو مرکزی حکومت کی گائیڈلائن کے مطابق پرانی گاڑیوں کیلئے بھی لازمی قرار دیا گیا ہے جس سے پورے ملک میں گاڑیوں کا تحفظ بہتر ہوگا۔ ان رجسٹریشن پلیٹ کو لگوانے کیلئے جو قیمت طے کی گئی ہے وہ اس طرح ہے کہ ٹریکٹر اور دو پہیہ گاڑیوں کیلئے ۵۳۱؍ روپے، رکشا جیسی ۳؍ پہیہ گاڑیوں کیلئے ۵۹۰؍ روپے اور چار پہیہ اور اس سے بڑی گاڑیوں کیلئے ۸۷۹ ؍ روپے ہیں۔ یہ جو قیمتیں تحریر ہیں ان میں جی ایس ٹی شامل ہے۔