برسوں سے کوڑے کرکٹ کے ڈھیر تلے دبے الہاس نگر کے کھڑی کھدان ڈمپنگ گراؤنڈ کا مسئلہ اب ایک سنگین ماحولیاتی بحران کی صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
EPAPER
Updated: November 09, 2026, 12:22 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Ulhasnagar
برسوں سے کوڑے کرکٹ کے ڈھیر تلے دبے الہاس نگر کے کھڑی کھدان ڈمپنگ گراؤنڈ کا مسئلہ اب ایک سنگین ماحولیاتی بحران کی صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
برسوں سے کوڑے کرکٹ کے ڈھیر تلے دبے الہاس نگر کے کھڑی کھدان ڈمپنگ گراؤنڈ کا مسئلہ اب ایک سنگین ماحولیاتی بحران کی صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ اتوار کی دوپہر ڈمپنگ گراؤنڈ میں بھڑک اٹھنے والی آگ نے نہ صرف شہر کی فضا کو زہریلے دھوئیں سے آلودہ کر دیا ہے بلکہ ہزاروں شہریوں کی صحت کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔ کچرے کے پہاڑ سے اٹھتے دھوئیں کے بادلوں نے اطراف کے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لےلیا ہے جس کے باعث سانس اور پھیپھڑوں سے متعلق سنگین امراض کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔برسوں سے حل طلب اس مسئلے پر انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے خلاف شہریوں میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے وہیں آگ پر قابو پانے کیلئے فائر بریگیڈ کی کوششیں تاحال جاری ہیں۔
کیمپ نمبر ۵؍ کے کھڑی کھدان ڈمپنگ گراؤنڈ میں اچانک بھیانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
یہ بھی پڑھئے: پودے لگانے کی ترجیحات میں تبدیلی سے شہر کی گرمی اور آلودگی میں اضافہ ہوگا
ڈمپنگ گراؤنڈ میں جمع اندازاً ۶ ؍لاکھ میٹرک ٹن کچرے کے ڈھیر سے اٹھنے والے کثیف اور زہریلےدھوئیں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لےلیا ہے جس کے باعث فضا میں دم گھٹنے لگا ہے۔دوسری جانب فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کے لئے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ کچرے کے ڈھیر میں بھاری مقدار میں موجود پلاسٹک، کپڑوں کی کترن اور لکڑیاں آگ کے بے قابو ہونے کا بنیادی سبب بنی ہیں۔
واضح رہے کہ ۲۰۱۷ ءسے فعال اس ڈمپنگ گراؤنڈ پر الہاس نگر سے روزانہ تقریباً ۴۰۰؍میٹرک ٹن کچرا لا کر ٹھکانے لگایا جاتا ہے۔موجودہ وقت میں گنجائش نہ ہونے کے سبب یہاں کچرے کا ایک بلند و بالا پہاڑ بن چکا ہے اور گراؤنڈ مکمل طور پر اوور فلو ہو چکا ہے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ میونسپل کارپوریشن کچرا اٹھانے اور گراؤنڈ کی سطح ہموار کرنے کی مد میں سالانہ ۲۵؍ کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم خرچ کرتی ہے۔ دیوالی کی آمد کے پیش نظر اگرچہ میئر اشونی نکم نے صفائی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کی تھیں اور بائیو مائننگ کا عمل بھی شروع کیا گیا مگر زمینی سطح پر مسائل جوں کے توں برقرار رہے۔ ڈمپنگ گراؤنڈ سے اٹھنے والے دھوئیں اور برسات میں تعفن و بدبو سے عاجز آ کر ہزاروں خاندان پہلے ہی اپنےگھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ مقامی سابق میونسپل کارپوریٹر نینسی اداسی کے مطابق موجودہ آتشزدگی سے مہاتما پھلے کالونی، لال چکی، گائیکواڑ پاڑہ اور سہیا دری نگر سمیت قریبی بستیوں کے ۳۰؍ ہزار سے زائد لوگوں کی صحت شدید خطرے میں پڑ گئی ہے۔اس ضمن میں میئر اشونی نکم کا کہنا ہے کہ ڈمپنگ گراؤنڈ میں آگ اور دھوئیں کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کا مکمل احساس ہے اور اس مستقل مسئلے سے نمٹنے کے لئے کارپوریشن جلد ہی ٹھوس اور ہنگامی اقدامات اٹھائے گی۔