دہلی کے ہوٹل سانحہ کے بعد کارروائی، فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوںکا لائسنس بھی منسوخ کیا جاسکتا ہے۔
EPAPER
Updated: June 05, 2026, 11:54 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
دہلی کے ہوٹل سانحہ کے بعد کارروائی، فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوںکا لائسنس بھی منسوخ کیا جاسکتا ہے۔
دہلی کی’ فلورش اسٹے ‘ نامی ہوٹل میں لگنے والی آگ جس میں ۲۱؍ افراد ہلاک ہوئے ، اس دلدوز سانحہ کے بعد ممبئی میں فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ نے فائر سیفٹی قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹل ، ریسٹورینٹ اور پب کے خلاف چلائی جانے والی مہم تیز کردی ہے ۔ مذکورہ حادثہ کے بعد شروع کی جانے والی مہم میں نہ صرف سخت کارروائی اور جرمانہ وصول کرنے کے عمل کو تیز کیا گیا ہے بلکہ اب شدید خلاف ورزی کرنے والے ہوٹل ، ریسٹورینٹ ، پب اور بار کا لائسنس بھی منسوخ کیا جاسکتا ہے ۔
گزشتہ ۳؍ ماہ میں یعنی یکم مارچ سے ۳۱؍ مئی تک فائر بریگیڈ نے شہر اور مضافات میں کل ایک ہزار۱۲؍ سو ہوٹلس، ریسٹورینٹ، بار، پب اور مختلف تقریبات کیلئے دیئے جانے ہال کا جائزہ لیا تھا ۔ ان میں سے ۱۱۴؍ کو فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے اورطے شدہ قواعد پر عمل نہ کرنے پر نوٹس جاری کیا ۔ ساتھ ہی ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان سے لاکھوں روپے جرمانہ بھی وصول کیا ہے۔ معائنہ کے دوران یہ بھی پایا گیا کہ اکثر ہوٹلس، ریسٹورینٹ ، پب اور بیئر بار چلانے والے یا تقریبات کے ہال دینے والے فائر سیفٹی کے لئے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ تو لے لیتے ہیں لیکن صارفین کی حفاظت سے متعلق فائر سیفٹی کی گائیڈ لائن پر نہ تو عمل کرتے ہیں ،نہ ہی آگ سے بچنے کے لئے ضروری سامان رکھتے ہیں اور نہ ہی حادثہ پیش آنے کی صورت میں صارفین کو بچانے کے مقصد سے ایمرجنسی گیٹ یا راستہ بنایا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی روڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب ۲۵۸؍ جھونپڑوں پر ریلوے کا بلڈوزر
دہلی میں لگنے والی آگ اور ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ممبئی فائر بریگیڈ کےڈپٹی چیف فائر آفیسر آر ڈی بھور نے شہر اور مضافات کی ہوٹلوں میں فائر سیفٹی قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کارروائی سے متعلق کہا کہ ’’ ہر وارڈ میں ہر ماہ فائر بریگیڈ کے افسران اوراہلکارہر علاقے میں موجود ہوٹلس ، ریسٹورینٹ ، پب اور بیئر بار کا نہ صرف معائنہ کرتے ہیں بلکہ اس با ت کا بھی جائزہ لیا جاتا ہے کہ فائر سیفٹی سے متعلق نوآبجیکشن سرٹیفکیٹ ( این او سی)لینے کے علاوہ اچانک آگ لگنے پر صارفین کو بچانے اور آگ پر قابو پانے کی ضمن میں انتظامات کئے گئے ہیں یا نہیں ۔ اکثر کھانے پینے کے ہوٹلوں ، ریسٹورینٹ ، بیئر بار اور پب میں مسافروں کو فوری طور پر ایمرجنسی راستہ سے باہر نکلنے کا انتظام نہیں ہوتا ۔ نہ ہی آگ پر قابو پانے کے لئے فائر فائٹنگ سلنڈر ہی رکھا جاتا ہے اور اگر رکھا بھی جاتا ہے تو وہ کام نہیں کررہا ہوتا ہے۔‘‘آفیسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ’’ گرمیوں میں آگ لگنے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں ،اس لئے فائر عملہ ایسے بازاروں کا بھی معائنہ کرتا ہے جہاں بہت زیادہ بھیڑ ہوتی ہے اور ان بازار میں موجود دکانوں کا بھی جائزہ لیا جاتاہے ۔ اس کے علاوہ بہت سے ہوٹلس ، کلبوں ،ریسٹورینٹ اور بار میں ضرورت سے زیادہ گیس سلنڈر رکھا جاتا ہے ، اس کی وجہ سے بھی آگ لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ، ایسے ہوٹلوں یا ریسٹورینٹ ، کلب اور پب پر ضرورت سے زیادہ گیس سلنڈر رکھنے اور فائر سیفٹی کے تمام قواعد پر عمل نہ کرنے پر نہ صرف نوٹس جاری کیا جاتا ہے بلکہ کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ بھی وصول کیا جاتا ہے۔