میرا بھائندر وسئی ویرار پولیس نے شہر میں ڈکیتی کی ایک بڑی سازش کو ناکام بناتے ہوئے بین ریاستی گینگ کے ۵ ؍لٹیروں کو حراست میں لے لیا۔
EPAPER
Updated: September 19, 2026, 10:52 AM IST | Sajid Mahmood Sheikh | Mira Road
میرا بھائندر وسئی ویرار پولیس نے شہر میں ڈکیتی کی ایک بڑی سازش کو ناکام بناتے ہوئے بین ریاستی گینگ کے ۵ ؍لٹیروں کو حراست میں لے لیا۔
میرا بھائندر وسئی ویرار پولیس نے شہر میں ڈکیتی کی ایک بڑی سازش کو ناکام بناتے ہوئے بین ریاستی گینگ کے ۵ ؍لٹیروں کو حراست میں لے لیا۔ وسئی کی مانک پور اورمیرابھائندر کی کاشی گاؤں پولیس نے ایک مشترکہ اور کامیاب آپریشن کے دوران ان ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ہونڈا سٹی کار، خطرناک اسلحہ، چاقو، اسکرو ڈرائیور، واکی ٹاکی اور ریکی کیلئے استعمال ہونے والے دیگر آلات برآمد ضبط ہیں۔
زون ایک کے ڈی سی پی راہل چوہان نے کاشی گاؤں پولیس اسٹیشن میں گزشتہ روز منعقدہ پریس کانفرنس میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ۱۳ ؍ستمبر کو مانک پور پولیس اسٹیشن کی حد میں گھر میں نقب زنی کا ایک معاملہ درج ہوا تھا۔ اس معاملے کی تفتیش کے دوران مانک پور پولیس کو اطلاع ملی کہ نامعلوم ملزمان کاشی گاؤں پولیس کی حد میں ماشا پاڑہ کے قریب ایک بڑی ڈکیتی کی تیاری کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:پیٹرول پمپ کویوپی آئی کے نئے نظام سے مستثنیٰ رکھنے کا مطالبہ
اطلاع ملتے ہی مانک پور اور کاشی گاؤں پولیس کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لٹیروں کو گھیر لیا۔ موقع سے ۳؍ ملزمان کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیاجبکہ ۲ ؍ملزمان نے ہونڈا سٹی کار میں فرار ہونے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس نے پیچھا کرتے ہوئے انہیں بھی دھر دبوچا۔
ڈی سی پی نے انکشاف کیا کہ اس گینگ کا اہم سرغنہ شاہنواز قریشی ہے جس کے خلاف اتر پردیش، ہریانہ اور مہاراشٹر میں قتل، اقدامِ قتل، ڈکیتی اور راہزنی کے ۳۳ ؍ سے زیادہ سنگین مقدمات درج ہیں۔ دوسرا ملزم نوشاد ۱۵ ؍ مقدمات میں ملوث ہے اور ۱۰ ؍دیگر معاملات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ دیگر ۲ ؍ملزمین پپو قریشی اور ایک اور ساتھی پر بالترتیب ۳ ؍ اور ۸ ؍کیس درج ہیں۔ پولیس تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ یہ گینگ پچھلے ۳ ، ۴ ؍دن سے میرا روڈ علاقے میں ڈیرہ ڈالے ہوئے تھی اور مختلف گھروں کی ریکی کر رہی تھی۔ ان کے موبائل فون سے چند گھروں کی تصویریں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس فی الحال اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ آیا اس بین ریاستی گینگ کو کوئی مقامی شخص مدد فراہم کر رہا تھا یا نہیں۔