Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگائوں کی گرنا ندی میں سیلابی کیفیت، آس پاس کے حالات دگرگوں

Updated: August 27, 2024, 5:18 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

ندی کنارے آباد مکینوںکو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، ندی کے پاس جانے کی ممانعت، انتظامیہ الرٹ پر۔

Many houses are in danger due to the flow of the river. Photo: INN
ندی کے بہائو سے کئی مکانات خطرے میں ہیں۔ تصویر: انقلاب

 صنعتی شہر مالیگائوں کی موسم اور گرنا ندی میں سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی ہے ۔ اس وجہ سے ندی کے کنارے آباد مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کئے جانے کی کوششیں جاری ہیں تو بعض مکیں ازخود دوسری جگہ چلے گئے ہیں ۔ موسم اور گرنا ندی میں ۷۰؍ ہزار کیوسیک فی گھنٹے کی رفتار سے پانی بہہ رہا ہے۔ چنکا پور ، پاوند اور اس کے اطراف میں بھاری بارش کے باعث ڈیموں کی سطح آب بڑھ گئی تھی ۔ مزید بارش ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ ذخائر آب میں پانی محفوظ رکھے جانے کی استطاعت کے پیشِ نظر علاقائی ندیوں میں پانی بہایا جارہاہے ۔
  اس سلسلے میں مالیگاؤں کے میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر رویندر جادھو نے کہا کہ ندی میں نہانے کی ممانعت قرار دی گئی ہے۔ خلاف ورزی پر کارروائی بھی ہوئی ہے۔ ایک نوجوان نہاتے ہوئے ڈوب رہا تھا جسے میونسپل کارپوریشن کے لائف گارڈ نے بچایا۔ اس نوجوان کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ جادھو نے کہا کہ ندی کنارے آباد مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کئے جانے کی کوششیں شہری انتظامیہ کر رہی ہے۔ سیلابی صورتحال کے دوران ناگہانی واقعات سے نمٹنے کیلئے میونسپل کارپوریشن کے فائر بریگیڈ عملے کو مستعد رہنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ندی کی سیلابی کیفیت کا نظارہ کرنے والوں کا ہجوم اتنا ہے کہ ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ علامہ اقبال پُل ، گرنا بریج اور اس کے اطراف تماش بینوں کے جم غفیر نے سرکاری انتظامیہ کے ہوش اڑا دیئے ہیں۔
 یاد رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے ریاست کے مختلف علاقوں بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے اور محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق یہ مزید کچھ دنوں تک جاری رہے گا جس کیلئے مختلف علاقوں میں الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK