Inquilab Logo Happiest Places to Work

اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کاسلسلہ جاری

Updated: May 21, 2026, 10:19 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

ایندھن مہنگا ہونے سےدودھ کےبعد بریڈکی قیمت میں ۵؍روپے کا ریکارڈ اضافہ، خوردنی تیل، مصالحہ جات، سبزیاں، پھل اور بچوں کے کھانے پینے کی چیزیں بھی مہنگی۔

An Employee Can Be Seen Preparing Baked Goods For Sale At A Bakery.Photo;INN
بیکری میں سینکے ہوئے پاؤکو فروخت کیلئے تیار کرتے ہوئے ایک ملازم دیکھا جاسکتا ہے- تصویر:آئی این این
ایندھن ، پلاسٹک کی پیکنگ اور خام مال کی قیمتوں میں گزشتہ دنوں ہونے والے اضافے سے جہاں گوکل، امول اور مدرڈیری دودھ کے بھائو میں اضافہ ہوا ہےوہیں منگل سے بیکر ی آئٹمزمثلاً بریڈ اور پاؤ وغیرہ کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ بریڈ کی قیمت میں ۵؍روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔ ایندھن کی قیمتوں کے بڑھنے سے نقل و حمل مہنگا ہوگیا ہے،جس کی وجہ سے خورد ونوش کی اشیاء مثلاً خوردنی تیل، مصالحہ جات، سبزیاں، پھل اور بچوں کے کھانے پینے کی چیزوں کی بڑھتی قیمتوں نے گھریلو خواتین کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے ۔خریداروں کا کہنا ہے کہ بڑھتی مہنگائی سے گھر کا ماہانہ بجٹ بگڑرہا ہے۔
بریڈ کی قیمت میں ہونے والے اضافے سے متعلق اندھیری کے بریڈ کرافٹ بیکری کے منیجر سریش پاسوان نے کہا کہ ’’پلاسٹک کے تھیلے بنانے کیلئے استعمال ہونے والا پلاسٹک پاؤڈر درآمد کیا جاتا ہے ،یہ بہت مہنگا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ بریڈ کی تیاری کیلئے استعمال ہونے والے خام مال کا بھائو بڑھنے سے ہمارے پاس بریڈ کی قیمت بڑھانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے ۔‘‘
کوالیٹی بیکرز کے ڈائریکٹر اور انڈیا بیکرز اسوسی ایشن کے رکن صلاح الدین خان کےمطابق’’ نقل و حمل کے بڑھتے اخراجات کی وجہ سے بریڈ بنانے کا پورا عمل مہنگا ہو گیا ہے۔ اس وجہ سے بیکری آئٹمزمہنگے ہونا یقینی ہے ۔‘‘
ورلی کے سٹی بیکری کے مالک نے کہا کہ’’ قیمتوں میں اضافہ کرنا ہی آخری حل ہے ۔ ہم نے موجودہ حالات پر گہری نگاہ رکھی ہے، گیس اور پلاسٹک کی پیکنگ بہت مہنگی ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے بیکری آئٹمز کے بھائو بڑھانے پر غور کیا جا رہاہے ۔‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ جمعرات ۱۴؍ مئی کو دودھ کی قیمت میں ۲؍روپے فی لیٹر اضافہ ہوا تھا جس کے بعد ماڈرن بریڈ کمپنی نے بنیادی اقسام کی بریڈوں کی قیمت میں ۵؍روپے فی پیکٹ کا ریکارڈ اضافہ کر دیا گیاہے ۔ ماڈرن کے ساتھ برٹانیہ اور وائبس کے بریڈز کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ہے ۔
 
 
بریڈ اور پاؤ کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے شہر ومضافات کے مقبول اسٹریٹ فوڈز جیسے کہ وڑا پاؤاور مِسّل پاؤکی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ ممبئی کی بیشتر بیکریوں نے پاؤکی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ حالیہ دنوں میں ۱۲؍ پیس والے پاؤکے پیکٹ کی قیمت ۱۰؍ روپے تک بڑھ گئی ہے ۔ بیکری والوں کے مطابق ایک پاؤکی قیمت، جو عام طور پر پہلے تقریباً ۳؍روپے تھی، اب بڑھ کر ۴؍روپے ہو گئی ہے ۔ پاوکی قیمت بڑھنے سے ممبئی کی سب سے مشہور اور سستی کھانے کی اشیاء، خاص طور پر وڑا پاؤ، مِسّل پاؤاور پاؤبھاجی پر براہ راست اثر پڑے گا۔
 
 
بیکری میں بنائی جانے والی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے دکانداروں کے پاس اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ اس اضافے سے گھریلو بجٹ پر بھی اثر پڑے گا، خاص طور پر متوسط طبقے اور کم آمدنی والے خاندانوں میں جو اقتصادی خوراک کے آپشن کے طور پر پاوپر انحصار کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ بریڈ کی قیمتیں حال ہی میں بڑھائی گئی تھیں، جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں نے تمام شعبوں میں نقل و حمل کے اخراجات میں اضافہ کیا ہے ۔اس کا اثر شہر بھر میں سڑک کے کنارے کے اسٹالوں، کھانے پینے کی جگہوں اور فاسٹ فوڈ کاؤنٹرز پر پڑے گا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK