کل الیکشن کا ا نعقاد۔ بڑا حلقہ عدالتی اصلاح کا مخالف۔ یہ بحث بھی جاری ہے کہ آیا یہ اصلاحا ت عدالتوں کے اثر و رسوخ کو کم کریں گے یا مضبوط۔
EPAPER
Updated: May 31, 2025, 11:51 AM IST | Agency | Mexico City
کل الیکشن کا ا نعقاد۔ بڑا حلقہ عدالتی اصلاح کا مخالف۔ یہ بحث بھی جاری ہے کہ آیا یہ اصلاحا ت عدالتوں کے اثر و رسوخ کو کم کریں گے یا مضبوط۔
یہاں میں اتوار (کل) کو رائے دہندگان کئی ہزار وفاقی، ضلعی اور مقامی ججوں اور مجسٹریٹوں کا انتخاب کریں گےجبکہ بقیہ ججوں کیلئے ایک اور الیکشن۲۰۲۷ء میں کرایا جائے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ہر سطح پر ججوں اور مجسٹریٹوں بشمول سپریم کورٹ کیلئے یہ غیر معمولی رائے دہندگی بدعنوانی اور بعض افراد کو حاصل استثنیٰ سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے۔ تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ عمل عدلیہ کی آزادی کو مجروح کرے گا۔ انہوں نے متنازع امیدواروں، مثلاً بدنام زمانہ منشیات کے اسمگلر وکیل جوکون گزمین، کی شرکت پر متنبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے فائدہ کے بجائے نقصان ہو گا۔ لیکن ان عہدوں کے انتخاب میں ہر کوئی امیدوار نہیں ہو سکتا ہے۔ امیدوار کو قانون کی ڈگری، قانونی امور میں تجربہ، ’اچھی ساکھ‘ کا حامل ہونا چاہئے اور کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہونا چاہئے۔ ’ ڈی ڈبلیو‘ کی خبر کے مطابق مخالفین بشمول عدالتی کارکنان ان اصلاحات کو روکنے کی ناکام کوشش میں بڑے پیمانے پر سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:شدید تنقیدوں کے بعد سیندور کی تقسیم کا منصوبہ واپس
۲۸؍سالہ وکیل اولمپیا روزاس لوویانو نے کہاکہ ’’انصاف ایسی چیز نہیں ہے جیسا کہ آپ ووٹ کے ذریعہ نمائندہ منتخب کرتے ہیں بلکہ اس کیلئے تجربہ اور خصوصی علم رکھنے والے افراد کی ضرورت ہوتی ہے۔ ‘‘لیکن ماریا ڈیل روکیو مورالس جو دارالحکومت میں مجسٹریٹ بننے کیلئے بطور امیدوار قسمت آزما رہی ہیں، نے کہا کہ وہ الیکشن میں حصہ لینے پر خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’اپنے شہر اور اپنے ملک کی بھلائی کیلئے میں یہ کروں گی۔ ‘‘
صدر کلاڈیا شین بام نے ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے کہ بہت سے ووٹروں کے ووٹنگ میں حصہ لینے کا امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’لوگ بہت ذہین ہیں اور جانتے ہیں کہ وہ کس کو ووٹ دینے جا رہے ہیں۔ ‘‘
نیا نظام کیسے کام کرے گا؟
سپریم کورٹ کی تمام ۹؍ نشستوں کے ساتھ ساتھ۱۹؍ریاستوں میں تقریباً ایک ہزار ۸۰۰؍ مقامی عہدوں سمیت تقریباً ۹۰۰؍ وفاقی عہدوں کیلئے اتوار کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹنگ کا دوسرا مرحلہ۲۰۲۷ء میں ہو گا۔
ان نئے اصلاحات کے نفاذ سے قبل سپریم کورٹ کے ججوں کو صدر کے ذریعے نامزد کیا جاتا تھا اور سینیٹ میں ان کی منظوری دی جاتی تھی، جبکہ وفاقی ججوں کا انتخاب ایک عدالتی کمیشن کے ذریعے امتحانات اور انٹرویو کے ذریعے کیا جاتا تھا جو امیدواروں کی صلاحیت اور قابلیت کی جانچ کرتی تھی۔ نئے نظام میں وفاقی امیدواروں کو حکومت کی تینوں شاخوں کی تشخیصی کمیٹیوں کے ذریعے جانچنے اور نامزد کرنے کے بعد عوام کے ذریعے منتخب کیا جائے گا۔
میکسیکو کی انتخابی اتھاریٹی کے مطابق دیگر انتخابات کے برعکس عدالتی عہدے کیلئے انتخاب لڑنے والوں کو کسی بھی سیاسی جماعت کی طرف سے نامزد یا حمایت نہیں کی جا سکتی۔ وہ پبلک یا پرائیویٹ فنڈنگ بھی حاصل نہیں کر سکتے ہیں۔