• Thu, 22 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ کے باشندوں کو پیرس پہنچانے والی اے آئی ویڈیو پر فرانس کی بن گویر پر تنقید

Updated: October 22, 2026, 3:01 PM IST | Paris

اسرائیلی وزیر اتمار بن گویر کی جانب سے غزہ کی تباہی اور فلسطینی باشندوں کا مذاق اڑانے والی اے آئی ویڈیو سامنے آنے کے بعد فرانس نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ فرانسیسی وزارتِ خارجہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جادو بھی بن گویر کے فرانس میں داخلے پر عائد پابندی ختم نہیں کرسکتا۔

Ben-Gvir. Image: X
بن گویر۔ تصویر: ایکس

فرانس نے بدھ کے روز اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ معاملہ ایک مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ویڈیو کا ہے، جس میں غزہ کے باشندوں کو جادوئی انداز میں پیرس پہنچتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ فرانسیسی وزارتِ خارجہ کے ’فرینچ رسپانس‘ نامی اکاؤنٹ نے امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا، ’’تصور کیجیے کہ آپ کے پاس ایک جادوئی چراغ ہے اور آپ اپنی خواہش بن گویر پر ضائع کردیتے ہیں۔ جادو بھی فرانس میں ان کے داخلے پر عائد پابندی ختم نہیں کرسکتا۔‘‘ واضح رہے کہ بن گویر نے منگل کے روز اسرائیل میں ۲۷؍ اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل جاری کردہ ایک انتخابی ویڈیو میں غزہ کی تباہی پر فخر کا اظہار کیا اور فلسطینی باشندوں کا مذاق اڑایا۔

انتہائی دائیں بازو کی جماعت ’جیوِش پاور‘ کے سربراہ بن گویر نے منگل ہی کو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ایک اور ویڈیو بھی پوسٹ کی، جس میں ان کی حکومت کی جانب سے غزہ میں بڑے پیمانے پر کی گئی تباہی کی بنیاد پر ۲۰۳۰ء کے غزہ کا منظر پیش کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں محصور غزہ کو ایک ویران شہر کے طور پر دکھایا گیا ہے، جہاں اسکول، بنیادی ڈھانچہ اور بندرگاہ تباہ ہوچکے ہیں۔ ایک منظر میں گدھا دکھانے کے بعد جماعت کا پیغام سامنے آتا ہے: ’’غزہ میں رہنے کیلئے آپ کو گدھا ہونا پڑے گا۔‘‘ اس طرح ویڈیو میں غزہ میں رہ جانے والے فلسطینیوں کا مذاق اڑایا گیا ہے۔ بن گویر نے بارہا غزہ پر قبضہ کرنے، فلسطینی آبادی کو وہاں سے بے دخل کرنے اور اس علاقے میں اسرائیلی بستیاں قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ اکتوبر ۲۰۲۳ء میں امریکہ کی حمایت سے شروع ہونے والی غزہ پر اسرائیل کی نسل کش جنگ میں ۷۴؍ ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ایک لاکھ ۷۵؍ ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ شہری بنیادی ڈھانچے کا ۹۰؍ فیصد حصہ تباہ ہوگیا ہے۔ ۱۰؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء سے نافذ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے گولہ باری، فائرنگ اور فلسطینی عمارتوں کو منہدم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس سے تباہی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ اور لبنان کے کوریج پر نیویارک ٹائمز کے دفتر کے باہر فلسطین حامیوں کا احتجاج

یہ انتخابی ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عرب جماعتوں نے اتوار کے روز بن گویر پر الزام لگایا تھا کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اپنے اقدامات اور خلاف ورزیوں کو سیاسی حمایت حاصل کرنے اور عرب ووٹروں کو خوف زدہ کرنے کیلئے استعمال کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK