Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’حنظلہ‘‘ سے رابطہ ۲؍ گھنٹے کیلئے ٹوٹ گیا تھا، اب بحال ہوگیا ہے: فریڈم فلوٹیلا

Updated: July 25, 2025, 7:01 PM IST | Telaviv

جمعرات کی دیر رات ’’غزہ کے بچوں‘‘ کے نام فریڈم فلوٹیلا کی کشتی ’’حنظلہ‘‘ کے قریب اسرائیلی ڈرونز منڈلانے لگے جس کے بعد اس کا رابطہ ۲؍ گھنٹے کیلئے ٹوٹ گیا۔ کشتی پر سوار رضاکاروں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ایلون مسک کی اسٹار لنک سیٹیلائٹ رابطہ میں خلل پیدا کررہی ہے۔

Freedom Flotilla Coalition aid ship "Handala". Photo: X
فریڈم فلوٹیلا کولیشن کا امدادی جہاز ’’حنظلہ‘‘۔ تصویر: ایکس

فریڈم فلوٹیلا کولیشن کا امدادی جہاز ’’حنظلہ‘‘ ۲۷؍ یا ۲۸؍ جولائی کو غزہ پہنچ جائے گا لیکن جمعرات (۲۵؍ جولائی) کی دیر رات کشتی کا رابطہ فریڈم فلوٹیلا سے ٹوٹ گیا۔ ۲؍ گھنٹے بعد کمپنی نے اطلاع دی کہ کشتی سے اس کا رابطہ بحال ہوگیا ہے اور بغیر کسی رکاوٹ کے حنظلہ اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ کشتی پر سوار رضا کاروں کا کہنا ہے کہ حنظلہ کے قریب اسرائیلی ڈرونز منڈلانے لگے ہیں، غالباً ان کی وجہ سے چند گھنٹوں کیلئے رابطہ منقطع ہوا تھا۔ 

اس ضمن میں فریڈم فلوٹیلا نے ٹیلی گرام پر اعلان کیا کہ ’’جہاز اب غزہ سے ۶۴۶؍ کلومیٹر سے بھی کم فاصلہ پر ہے۔ تقریباً دو گھنٹے تک، فریڈم فلوٹیلا اور حنظلہ کا رابطہ منقطع رہا اور اسرائیلی ڈرونز کشتی کے قریب دیکھے گئے، جس سے ممکنہ حملے کے سنگین خدشات پیدا ہوئے۔‘‘ اس پر سوار سماجی رضاکاروں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ’’اپنی نظریں ’’حنظلہ‘‘ اور فلسطین پر رکھیں اور اپنی حکومتوں اور میڈیا پر غزہ کا غیر قانونی محاصرہ توڑنے کیلئے دباؤ ڈالتے رہیں۔‘‘
انسٹاگرام پر پوسٹ کئے گئے ایک ویڈیو میں کشتی پر سوار کارکن تان صفی نے شبہ ظاہر کیا کہ ’’ہمیں معلوم نہیں تھا کہ ایلون مسک کا اسٹار لنک سیٹیلائٹ، انٹرنیٹ سروس کو متاثر کرنے کیلئے استعمال کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ہمارا رابطہ ٹوٹ گیا تھا۔ ماہرین اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ایلون مسک نے اسرائیل کے ساتھ کام کیا ہے،وہ اور ان کی کمپنیاں غزہ نسل کشی میں کسی نہ کسی طرح ملوث ہیں۔‘‘ 
واضح رہے کہ اس سے قبل اسٹار لنک نے عالمی سطح پر رابطہ ٹوٹ جانے کی تصدیق کی تھی، جو چند گھنٹوں میں حل ہو گئی تھی۔ یاد رہے کہ اسرائیل غزہ کی طرف جانے والے ۲؍ اور جہازوں پر حملے کرچکے ہیں۔ مئی میں مالٹا کے قریب ’’ایم وی کونشنش‘‘ پر ڈرون حملے کئے گئے، اور جون میں غزہ کے قریب ’’میڈلین‘‘ کو اسرائیلی فورسیز نے روک کر کارکنان کو حراست میں لے کر انہیں جلا وطن کردیا تھا۔ یہ دونوں جہاز بھی فریڈم فلوٹیلا کی جانب سے غزہ کی طرف روانہ کئے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ کیلئے امید کی بوتل: اناج سے بھری پلاسٹک کی بوتلیں بحیرۂ روم کے حوالے

’’میڈلین‘‘ کا کیا ہوا؟
اسرائیل نے میڈلین کو فریڈم فلوٹیلا سے مستقل طور پر ضبط کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔ جمعرات کو حیفہ ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر کی طرف سے اسرائیل کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ جہاز کو سرکاری خزانے میں شامل کرنے کی اجازت دی جائے، اور غزہ کے فلسطینیوں کیلئے لدے سامان کو بھی سرکاری ملکیت میں دے دیا جائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK