• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شری وردھن ساحل کیلئے۵ء۱؍کروڑ روپے کا فنڈ منظور،آراوی بیچ کی بہتری کا بھی عزم

Updated: November 21, 2026, 1:36 PM IST | Siraj Shaikh | Shrivardhan / Raigarh

ساحل پر جدید سہولیات کی فراہمی، روشنی کے بہتر انتظامات اور صفائی ستھرائی کے کام شروع کیے جائیں گے،مقامی تاجروں اور سیاحوں میں خوشی کی لہر۔

Minister of State Aditi Tatkare. Left: A view of the Shrivardhan coast. Photo: INN
ریاستی وزیرادیتی تٹکرے ۔ بائیں جانب :شری وردھن کے ساحل کی تصویر۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر کی وزیر برائے خواتین و اطفال ترقی ادیتی تٹکرے نے بتایا کہ شری وردھن ساحل کے بعد اب ضلع رائے گڑھ کے مشہور آراوی بیچ کو’بلیو فلیگ سرٹیفیکیشن‘ دلانے کیلئے سنجیدہ کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔ادیتی تٹکرے نے مزید کہا کہ کوکن کے ساحلی علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینے اور انہیں عالمی معیار کے مطابق صاف ستھرا اور محفوظ بنانے کیلئے حکومت مسلسل کوشاں ہے۔ آراوی بیچ کو بلیو فلیگ کا درجہ ملنے سے نہ صرف مقامی سیاحت کو نیا فروغ ملے گا بلکہ علاقے کے لوگوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

واضح رہے کہ بلیو فلیگ ایک بین الاقوامی اعزاز ہے جو دنیا کے صاف ترین، ماحول دوست اور سیاحوں کے لیے بہترین سہولیات کے حامل ساحلوں کو دیا جاتا ہے۔ شری وردھن کے بعد آراوی بیچ اس فہرست میں شامل ہونے والا اگلا اہم ساحل ثابت ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: رکشا اور ٹیکسی یونینوں کا پیر کے روز ممبئی سمیت ریاست بھر میں یک روزہ ہڑتال کا اعلان

ریاستی وزیر نے کہا کہ شری وردھن بیچ کو بلیو  فلیگ سرٹیفکیشن ملنے کے بعد اس کی ترقی اور اسے جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے ڈیڑھ کروڑ روپے کا خصوصی فنڈ منظور کر لیا گیا ہے۔اس  سے علاقے میں سیاحت کے شعبے کو نئی رفتار ملنے کی امید ہے۔انہوں نے کہا کہ منظور شدہ رقم سے ساحلِ سمندر کی خوبصورتی میں اضافے اور یہاں آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی سہولت کے لیے متعدد ترقیاتی کام انجام دیے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت ساحل کے کنارے جدید اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، سیاحوں کے بیٹھنے کے لئے کشادہ بنچ، پیدل چلنے کے راستوں کی مرمت، صفائی ستھرائی کے مؤثر نظام اور حفاظتی انتظامات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔خیال رہے کہ چھٹیوں اور ویک اینڈ کے دوران ممبئی، پونے اور ریاست کے دیگر حصوں سے ہزاروں سیاح شروردھن کا رخ کرتے ہیں۔ مقامی شہریوں اور سیاحتی تنظیموں کی جانب سے طویل عرصے سے ساحل پر بنیادی سہولیات کی توسیع کا مطالبہ کیا جا رہا تھا، جسے اب عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ریاستی وزیر ادیتی تٹکرے نے کہا کہ دو سال کی مسلسل کوششوں کے بعد شری وردھن بیچ نے باوقار بین الاقوامی ’بلیو فلیگ‘ سرٹیفیکیشن حاصل کر لیا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی یہ ضلع رائے گڑھ کا پہلا ساحل بن گیا ہے جسے یہ عالمی اعزاز ملا ہے۔ اس سرٹیفیکیشن کے لیے پانی کے معیار کی باقاعدہ جانچ، ابتدائی طبی امداد، ماحولیاتی تحفظ اور معذور افراد کے لئے رسائی جیسی۳۳؍ سخت شرائط کو پورا کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK