• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بیڑ میں ۱۳؍کروڑ روپے کا گھوٹالہ بے نقاب،۶؍افسر معطل

Updated: November 21, 2026, 1:26 PM IST | Agency | Beed

سرکاری بجلی کمپنی مہاوِترن کے کاموں کے ٹھیکے میں۱۳؍کروڑ روپےکی بدعنوانی کی شکایت رکن اسمبلی وجئے سینہہ پنڈت نےکی تھی۔

Right: Member of the Legislative Assembly Vijay Sinha Pandit. Left: Officials from Mahavitaran who were suspended. Photo: INN
دائیں رکن اسمبلی وجئے سینہہ پنڈت۔ بائیں: جانب مہاوترن کے وہ افسران جو معطل کئے گئے۔ تصویر: آئی این این

ضلع میں مہاوترن (بجلی تقسیم کار کمپنی) کے کاموں کے ٹھیکوں میں۱۳؍ کروڑ روپے کی بدعنوانی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس گھوٹالے کے سلسلے میں مہاوترن کے ۶؍ سینئر افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔معطلی کے احکامات جمعرات کو اورنگ آباد (چھترپتی سنبھاجی نگر ) میں واقع مہاوترن کے علاقائی دفتر سے کمپنی کے بیڑ کے دفتر کے محکمۂ انسانی وسائل (ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ) کو موصول ہوئے ہیں۔ یہ کارروائی این سی پی (اجیت پوار گروپ) کے رکن اسمبلی وجئے سینہہ پنڈت کی جانب سے شکایت درج کرائے جانے کے بعد کی گئی ہے۔

معاملہ کیا ہے؟

بیڑ کے گیورائی اسمبلی حلقے میں بجلی سے متعلق مختلف مرمتی کاموں کے لئے مختص کیے گئے۱۳؍ کروڑ ۷۰؍لاکھ روپے کے فنڈ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں این سی پی کے رکن اسمبلی وجئے سینہہ پنڈت نے شکایت درج کرائی تھی۔ ان کی شکایت کے بعد کی گئی تحقیقات میں مالی بے ضابطگیوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

کون کون ملوث ہے؟

ٹی وی نائن مراٹھی کی رپورٹ کے مطابق  رکن اسمبلی وجئے سینہہ پنڈت کے ذریعے گھوٹالے کا پردہ فاش ہونے اور جانچ میں بے ضابطگی پائے جانے پر بیڑ مہاوترن کےڈائریکٹر دھننجے اوندھیکر نے  سپرنٹنڈنگ انجینئر پریم سنگھ راجپوت، ایگزیکٹیو انجینئر سُبودھ ڈونگرے اور انجینئر کمبھار، گورے، پردھان اور گنجال کی معطلی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔اس معاملے میں رکن اسمبلی وجئےپنڈت نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ایجنسی کے خلاف بھی کارروائی کی جائے اور اس معاملے میں قصوروار افسران کیخلاف مقدمات درج کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھئے: ۳۵؍ سال بعد کشمیرمقامی ’دہشت گردوں‘ سے پاک ہوچکا ہے: امیت شاہ

رکن اسمبلی نے اور کیا کہا؟

دریں اثنا، معطلی کی کارروائی کے بعد اس معاملے کے اصل شکایت کنندہ اور گیورائی کے رکن اسمبلی وجے سینہہ پنڈت نے انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ افسران کی معطلی کی یہ کارروائی محض دکھاوے کی ہے اور اسے صرف ایک ہی تعلقہ تک محدود رکھا گیا ہے۔ اسی طرح کی بے ضابطگیاں شیرور کاسار، پاٹودا اور ضلع کے دیگر علاقوں میں بھی ہوئی ہیں۔

وجے سینہہ پنڈت نے یہ بھی الزام لگایا کہ اس معاملے میں کئی بڑے افسران کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک اس بڑے گھوٹالے کی مکمل جانچ کرکے اسے انجام تک نہیں پہنچایا جاتا اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی نہیں کی جاتی، وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

 تحقیقاتی کمپیٹی کی جانچ میں کیا پایا گیا؟

لوک مت کی رپورٹ کے مطابق گیورائی کے رکن اسمبلی وجے سنگھ پنڈت نے بیڑ مہاوترن کے دفتر میں۱۳؍ کروڑ ۷۰؍لاکھ روپے کے دیکھ بھال اور مرمت کے فنڈ میں بدعنوانی اور مالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے۲۵؍ اگست۲۰۲۶ء کو مہاوترن کے ممبئی میں واقع ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کے پاس تحریری شکایت درج کرائی تھی۔جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ۲۶۔۲۰۲۵ء کے دوران دیکھ بھال اور مرمت کے کاموں کے لئے منظور کیے گئے۱۳ء۷۰؍کروڑ روپے کے فنڈ کی تقسیم غیر قانونی طریقے سے کی گئی۔اس کے علاوہ مہاوترن کے افسران نے۲۰؍ سے۲۵؍ فیصد رشوت کا لین دین کرکے اپنی پسند کے مخصوص ٹھیکیداروں میں ہی یہ فنڈ تقسیم کیا تھا۔ افسران اور ٹھیکیداروں نے ملی بھگت کرکے زمین پر کوئی کام کیے بغیر ہی سرکاری فنڈ میں خرد برد کی تھی۔ شکایت موصول ہوتے ہی مہاوترن کے ڈائریکٹر دھننجے اوندھیکر نے لاتور میں تعینات مہاوترن کے سپرنٹنڈنگ انجینئر کو تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔اس معاملے کی تحقیقات کے لیے سپرنٹنڈنگ انجینئر (مینٹیننس) نتن کالے اور ایگزیکٹیو انجینئر سنیل پاورا کو مقرر کیا گیا ۔جنہوں نے خرد برد کے معاملے کی تین مرتبہ تفصیلی جانچ کی اورمہاوترن کے ڈائریکٹر دھننجے اوندھیکر کو خفیہ تحقیقاتی رپورٹ پیش کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK