Updated: August 03, 2026, 3:08 PM IST
| Gaza
غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کی جنگ کے دوران تباہ ہونے والے گھروں سے۱۱۲؍ لاشیں برآمد ہوئیں، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔راحتی ٹیموں نے صبرہ محلے میں تقریباً دو ہفتوں پر محیط آپریشن مکمل کر لیا، تاہم ان کا کہنا ہے کہ سینکڑوں مزید لاشیں منہدم عمارتوں کے نیچے دبی ہوئی ہیں۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے سنیچر کو بتایا کہ ان کی ٹیموں نے غزہ شہر کے صبرہ محلے میں اسرائیلی حملوں سے تباہ شدہ گھروں کے ملبے کے نیچے سے۱۱۲؍ افراد کی لاشیں اور باقیات برآمد کی ہیں۔ایجنسی کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ٹیموں نے تقریباً دو ہفتے قبل ایک رہائشی بلاک میں شروع کیا گیا سرچ آپریشن مکمل کر لیا، جسے اسرائیلی فوج نے ’’اس کے باشندوں سمیت تباہ کر دیا تھا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: نیدرلینڈز: دی ہیگ کے ساحل شیوننگن میں ہزاروں جوتے رکھ کرغزہ کے بچوں کوخراج عقیدت
ایجنسی کے مطابق، اس رہائشی بلاک میں الحسینہ اور ابو شریہ خاندانوں کے گھر شامل تھے، جس پر۲۳؍ نومبر۲۰۲۳ء کو حملہ کیا گیا تھا،یہ غزہ پر اسرائیل کی نسل کشی جنگ میں پہلی جنگ بندی سے ایک دن قبل کی تاریخ تھی۔ بعد ازاں ایجنسی نے بتایا کہ ان کی ٹیموں نے تقریباً دو ہفتوں کے دوران ۱۳۶؍ گھنٹے کی سخت محنت کے بعد یہ لاشیں برآمد کیں۔متوفی افراد میں۴۰؍ بچے،۳۸؍ خواتین اور۷؍ معذور افراد شامل تھے۔جبکہ مزید لاشیں ابھی تک دفن ہیں،اس مہم کی نگرانی کرنے والے محمد ابو دان نے بتایا کہ ٹیمیں مزید۱۵۷؍ لاشوں کو برآمد کرنے میں ناکام رہیں جن کے ملبے کے نیچے دبی ہونے کا یقین ہے۔ تاہم ابو دان نے کہا، ’’ٹیمیں مضبوط کنکریٹ کے ڈھیروں کے ذریعے اپنے ہاتھوں سے کھدائی کر رہی تھیں،‘‘انہوں نے آلات کی کمی کو آپریشن کی سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لاشیں کنکریٹ اور اسٹیل کی مضبوطی میں پھنسی ہوئی تھیں، جو استعمال ہونے والے گولہ بارود کی تباہ کن قوت کو ظاہر کرتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا، ’’شدید دھماکے کی وجہ سے بہت سی لاشیں بکھر گئیں اور غائب ہو گئیں۔‘‘ابو دان نے انسانی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ راحت کی کوششوں کو جاری رکھنے کے لیے درکار بھاری آلات کی اجازت دی جائے۔ واضح رہے کہ یہ قواعد سول ڈیفنس کی طرف سے۱۹؍ جولائی کو شروع کیے گئے ایک منصوبے کے دوسرے مرحلے کا حصہ تھی، جس کا مقصد ملبے کے نیچے دبی ہوئی لاشوں کو برآمد کرنا تھا۔سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے اس مرحلے کے آغاز پر بتایا کہ ٹیمیں غزہ شہر اور پٹی کے شمالی اور وسطی حصوں میں۱۴۷؍ تباہ شدہ گھروں کی تلاش میں۸۰۰؍ گھنٹے صرف کریں گی، جہاں اندازہ۱۰۷۲؍ لاشیں پھنسی ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کا نازی دور سے موازنہ کرنا جرم نہیں: جرمن عدالت
ذہن نشین رہے کہ غزہ کی سرکاری میڈیا آفس نے اکتوبر۲۰۲۵ء میں بتایا تھا کہ اکتوبر۲۰۲۳ء میں اسرائیل کی نسل کشی کارروائی شروع کرنے کے بعد سے تقریباً۹۵۰۰؍ فلسطینی لاپتہ ہیں، جن میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو منہدم عمارتوں کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔۱۰؍ اکتوبر۲۰۲۵ء کو نافذ ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کے تحت، اسرائیل کو ریسکیو کارروائیوں کے لیے درکار بھاری مشینری کی اجازت دینی تھی۔ غزہ کے حکام اور فلسطینی دھڑے اسرائیل پر اس ذمہ داری کو پورا نہ کرنے کا الزام عائد کررہے ہیں۔اس جنگ بندی نے غزہ میں دو سال کی نسل کشی کا خاتمہ کیا، جس کے دوران غزہ کے حکام کے مطابق۷۳؍ ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید اور۱۷۴۰۰۰؍ سے زائد زخمی ہوئے۔ جبکہ اقوام متحدہ نے تعمیر نو کے اخراجات کا تخمینہ تقریباً۷۰؍ بلین ڈالر لگایا ہے۔