• Sun, 04 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے: انجلینا جولی نے سیٹیلائٹ تصاویر انسٹاگرام پر دکھائیں

Updated: October 04, 2026, 7:04 PM IST | New York

غزہ میں جنگ کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کی ہولناک تصویر سیٹیلائٹ تصاویر کے ذریعے ایک بار پھر دنیا کے سامنے آگئی ہے۔ اداکارہ انجلینا جولی نے تباہ شدہ عمارتوں، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی نشاندہی کرتے ہوئے عالمی برادری سے متاثرین کی فوری امداد کا مطالبہ کیا ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

 سیٹیلائٹ تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے انجلینا جولی نے لکھا غزہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے، گھر، اسکول، اسپتال، سڑکیں اور بنیادی سہولتیں کچھ باقی نہیں رہا۔ اداکارہ اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کیلئے سابق خصوصی سفیر انجلینا جولی نے انسٹاگرام پر غزہ کی جنگ سے پہلے اور جنگ کے بعد کی سیٹیلائٹ تصاویر شیئر کی ہیں، جن میں تباہی کے بڑے پیمانے اور غزہ کے شہریوں کو درپیش انسانی ضروریات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ انسٹاگرام پوسٹ میں اداکارہ نے لکھا ’’اب آپ گوگل ارتھ کھول کر دیکھ سکتے ہیں کہ غزہ کے ساتھ کیا کیا گیا۔ ‘‘ انجلینا جولی نے کہا کہ ’’پورے کے پورے محلے ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔ ‘‘

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Angelina Jolie (@angelinajolie)

انہوں نے لکھا کہ گھروں، اسکولوں، یونیورسٹیز، اسپتالوں، سڑکوں، پانی اور نکاسی آب کے نظام سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا یا وہ مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ انجلینا نے اقوام متحدہ کے سیٹیلائٹ تجزیے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ۱۶؍ جون۲۰۲۶ء تک غزہ میں ۸۲؍ فیصد عمارتوں کو نقصان پہنچ چکا تھا، جب کہ جائزہ لئے گئے ڈھانچوں میں تقریباً دو تہائی مکمل طور پر تباہ ہوچکے تھے۔ انجلینا جولی نے خبردار کیا کہ سردی کی آمد سے قبل۱۹؍ لاکھ۸۰؍ ہزار افراد، جو غزہ کی مجموعی آبادی کا۹۴؍ فیصد ہیں، کو پناہ گاہوں اور بنیادی ضروری اشیاکیلئے امداد درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ امداد اور پناہ گاہوں کیلئے ضروری سامان کی فراہمی اب بھی پابندیوں اور تاخیر کا شکار ہے اور انسانی امداد شہریوں تک مطلوبہ پیمانے پر پہنچانے کی ضرورت ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اٹلی میں اسرائیلی ثقافت کیوں پڑھائی جائے؟: فرانسسکا البانیز کی اٹلی کےانسدادِ سام دشمنی بل پر تنقید

انجلینا نے کہا کہ سیٹیلائٹ تصاویر سے تباہی کا مادی پیمانہ تو دکھائی دے سکتا ہے، لیکن وہ ان خاندانوں پر پڑنے والے اثرات کو ظاہر نہیں کر سکتیں جو اپنے افراد سے محروم ہو گئے، نہ ہی یہ بتا سکتی ہیں کہ زندہ بچ جانے والے لوگوں کی زندگی کس طرح گزر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات پیدا کرنے کی ضرورت ہے جن میں شہری اپنے گھروں، اسکولوں، اسپتالوں اور اپنی برادریوں کو دوبارہ تعمیر کر سکیں۔ اداکارہ نے لکھا ’’تباہی نظر آ رہی ہے۔ ضروریات معلوم ہیں۔ اب اہم بات یہ ہے کہ آیا یہ ضروریات پوری کی جاتی ہیں یا نہیں۔ ‘‘ یاد رہے کہ انجلینا اس سے قبل۳؍ جنوری ۲۰۲۶ءکو مصر گئی تھیں اور انسانی ہمدردی کے دورے کے دوران رفح کراسنگ کا بھی دورہ کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK