غزہ کی جانب گامزن فریڈم فلوٹیلاکی امدادی کشتی ’’میڈلین‘‘ نےاسرائیل کے `حملے کے اعلان کردہ ارادے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ’’ میڈلین‘‘ بحری ناکہ بندی توڑنے کے اپنے مشن پر گامزن ہے۔
EPAPER
Updated: June 06, 2025, 8:50 PM IST | Gaza
غزہ کی جانب گامزن فریڈم فلوٹیلاکی امدادی کشتی ’’میڈلین‘‘ نےاسرائیل کے `حملے کے اعلان کردہ ارادے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ’’ میڈلین‘‘ بحری ناکہ بندی توڑنے کے اپنے مشن پر گامزن ہے۔
بین الاقوامی کارکنوں نے بحیرہ روم میں سفر کرنے والے اپنے جہاز کو اسرائیلی دھمکیوں اور حملے کے ارادے کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ یہ کارکن سمندر کے راستے غزہ تک امدادی سامان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے منگل کو کہا کہ وہ اپنی بحری حدود کی حفاظت کیلئے تیار ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب فریڈم فلوٹیلا کوآلیشن کے زیرانتظام جہاز ’’میڈلین‘‘ نے اتوار کو سسلی سے روانگی کی۔ اس جہاز پر تقریباً ایک درجن رضاکار سوار ہیں۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈیفرین نے کہا، ’’بحریہ دن رات اسرائیل کی بحری حدود اور سرحدوں کی حفاظت کیلئے کام کرتی ہے۔‘‘ ’’میڈلین‘‘ کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے مزید کہا، ’’اس معاملے کے لیے بھی ہم تیار ہیں۔ ہمیں حالیہ برسوں میں تجربہ حاصل ہوا ہے، اور ہم اس کے مطابق عمل کریں گے۔‘‘ بدھ کو ایک بیان میں،فریڈم فلوٹیلا کوآلیشن نے اسرائیل کے ’’میڈلین‘‘ پر حملے کےارادے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس انتباہ کو دھمکی قرار دیا۔ کوآلیشن نے کہا، ــ ’’میڈلین‘‘ پر انسانی امداد اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے کارکن سوار ہیں، جو اسرائیل کی دہائیوں پر محیط غیرقانونی ناکہ بندی اور غزہ میں جاری نسل کشی کے خلاف ایک چیلنج ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: امدادی مراکز پر پھر بمباری، ۱۰۰؍فلسطینی شہید، ۴۴۰؍ زخمی
غزہ میں انسانی بحران کے باعث اسرائیل پر بین الاقوامی تنقید میں اضافہ ہوا ہے۔ مئی میں اقوام متحدہ نے خبردار کیا تھا کہ غزہ کی پوری آبادی قحط کے خطرے سے دوچار ہے۔ ۲۰۱۰ءمیں قائم کی گئی فریڈم فلوٹیلا کوآلیشن ایک بین الاقوامی تحریک ہے جو فلسطینیوں کی حمایت میں انسانی امداد اور اسرائیلی ناکہ بندی کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔ ’’میڈلین‘‘ ایک چھوٹی سی کشتی ہے، جس پر مشروبات، دودھ، چاول، ڈبہ بند غذائیں اور پروٹین بار، لادنے کی اطلاعات ہیں۔ مئی کے آغاز میں، فریدم فلوٹیلا کا ایک اور جہاز، کونشنس، مالٹا کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں غزہ کے راستے میں خراب ہوگیا تھا۔ کارکنوں کا کہنا تھا کہ انہیں شبہ ہے کہ اسرائیلی ڈرون حملے کی وجہ سے یہ نقصان ہوا۔ کوآلیشن نے یہ بھی بتایا کہ منگل کی شام کو یونانی جزیرے کریٹ کے ساحل کے قریب ’’میڈلین‘‘ کے " گردایک ڈرون نے چکر لگایا، جبکہ کئی گھنٹوں بعد دو مزید ڈرونز بھی نمودار ہوئے۔بعد میں اطلاع ملی کہ یہ ڈرون یونانی کوسٹ گارڈ، یورپی یونین کی بارڈر ایجنسی فرونٹیکس، یا دونوں کی جانب سے چلائے گئے تھے۔ اگرچہ اسرائیل نے حال ہی میں غزہ پر دو ماہ سے زائد کی ناکہ بندی میں نرمی کی ہے، لیکن امدادی اداروں نے انسانی امداد کی زیادہ تیزی اور وسیع پیمانے پر رسائی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔