Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیویارک میئرالیکشن: ظہران ممدانی کی انتخابی مہم میں بچن کا مکالمہ، شاہ رخ کا پوز

Updated: June 06, 2025, 9:44 PM IST | New York

نیویارک میئر کے امیدوار ظہران ممدانی نے اپنی انتخابی مہم میں امیتابھ بچن کی فلم’’دیوار‘‘ کا مشہور مکالمہ اور شاہ رخ خان کا علامتی بازو پھیلانے والا پوز استعمال کیا، تاکہ ووٹروں کو اپنے حق میں قائل کیا جا سکے۔

Zohran Mamdani. Photo: X.
ظہران ممدانی۔ تصویر: ایکس۔

نیویارک کے میئر کے امیدوار ظہران ممدانی شہر کے اعلیٰ ترین عہدے کی دوڑ میں ایک فلمی مہم چلا رہے ہیں جس میں ان کے انتخابی مواد میں امیتابھ بچن کی فلم ’’دیوار‘‘ سمیت دیگر مشہور فلموں کے حوالہ جات شامل ہیں۔ ممدانی، جو ایک ڈیموکریٹک سوشلسٹ ہیں، نے اپنے ’’ایکس ‘‘پر ایک۲؍ منٹ ۲۳؍ سیکنڈ کاویڈیو جاری کیا ہے جس میں وہ ووٹروں کو ہندی زبان میں بتاتے ہیں کہ وہ نیویارکرز کو کیا پیش کرتے ہیں، انتخابی عمل کیا ہے اور کیوں انہیں ان کے مخالف اینڈریو کوومو کو ووٹ نہیں دینا چاہئے۔ اس دوران وہ مقبول ہندی فلموں سے مختلف حوالہ جات استعمال کرتے ہیں۔ 
کوومو، جو نیویارک کے سابق گورنر ہیں، ۲۰۲۱ء میں ایک جنسی اسکینڈل کے بعد مستعفی ہونے پر مجبور ہوئے تھے۔ ۳۳؍ سالہ ممدانی، جو یوگنڈا کے ماہر تعلیم محمود ممدانی اور فلم ساز میرا نائر کے بیٹے ہیں، اور اینڈریو کوومو، دونوں اس انتخاب میں سرِفہرست امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔ اگر ممدانی منتخب ہو جاتے ہیں تو وہ نیویارک سٹی کے پہلے مسلم میئر ہوں گے۔ نیویارک کی کانگریس وومن الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز نے ممدانی کو میئر کیلئے اپنی پہلی ترجیح کے طور پر حمایت دی ہے۔ 

ممدانی ویڈیو میں کہتے ہیں :’’انتخاب میں صرف ۲۰؍ دن باقی ہیں اور مقابلہ میرے اور اینڈریو کوومو کے درمیان ہے۔ اگر آپ پہلی بار ان انتخابات کے بارے میں سن رہے ہیں، تو یہ ہے وہ جو اینڈریو کوومو آپ کو پیش کر رہے ہیں۔ ‘‘یہ بات کہنے کے بعد ویڈیو میں امیتابھ بچن کی فلم ’’دیوار‘‘ کا مشہور سین دکھایا جاتا ہے جس میں بچن کا کردار وجے اپنے بھائی روی (ششی کپور) سے بمبئی کے ایک پل کے نیچے گفتگو کر رہا ہوتا ہے:’’آج میرے پاس بلڈنگیں ہیں، پراپرٹی ہے، بنگلہ ہے، بینک بیلنس ہے، گاڑی ہے، تمہارے پاس کیا ہے؟‘‘اس کے جواب میں، شاہ رخ خان کے مشہور انداز میں بانہیں پھیلائے ممدانی کہتے ہیں :’’تم!‘‘ممدانی بتاتے ہیں کہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کیلئے آٹھ ملین ڈالر جمع کئے اور چھ لاکھ سے زائد دروازے کھٹکھٹائے۔ 

یہ بھی پڑھئے: امریکہ نے آئی سی سی کے ججوں پر اسرائیل کے خلاف تحقیقات پر پابندیاں عائد کر دیں

وہ کہتے ہیں :’’ہم نیویارک کی تاریخ کے پہلے ساؤتھ ایشیائی میئر کے انتخاب کے دہانے پر ہیں۔ یہ اس بارے میں نہیں کہ میں کیا بنوں گا، بلکہ اس بارے میں ہے کہ میں ہماری برادریوں اور ہر نیویارکر کیلئے کیا کروں گا۔ ‘‘ممدانی نے گزشتہ سال دبئی میں شامی آرٹسٹ راما دواجی سے ایک نجی تقریب میں شادی کی تھی جس میں قریبی رشتہ دار شریک ہوئے تھے۔ انہوں نے نیویارک کو اس کے شہریوں کیلئے سستا بنانے کا وعدہ کیا ہے جو روٹی، کپڑا اور مکان کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں — جو ایک اور بچن فلم کا براہ راست حوالہ ہے۔ ممدانی کہتے ہیں :’’میں اس سب کو بدلنے کی جدوجہد کر رہا ہوں۔ کرایوں پر پابندی، مفت بسیں، یونیورسل چائلڈ کیئر اور سستی اشیائے خورونوش۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: بچوں کے ایسے ۱۰؍ ناموں کی فہرست جاری جنہیں رکھنے پر پابندی ہے

دوسری جانب کوومو سیاسی واپسی کی کوشش کر رہے ہیں اور نئی اتحاد سازی میں مصروف ہیں۔ ان کی مہم شہر کے انتظام، ذہنی صحت کے مسائل اور یہود مخالف جذبات کے خلاف اقدامات پر مرکوز ہے۔ ممدانی، جو نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے رکن بھی ہیں، نے نیویارک کے میئر کے انتخابی عمل کو فلم کرس کے گانے میں کشور کمار کی آواز کے ذریعے سمجھایا:’’ارے، کبھی کسی کو ووٹ دیا ہے؟ کبھی کسی کو رینک کیا ہے؟‘‘انہوں نے پانچ لسّی کے گلاس استعمال کر کے ووٹنگ کا طریقہ بتایا:’’ان پانچ گلاسوں کو امیدوار سمجھیں، ان میں سے ایک میں ہوں۔ یہ والا۔ اس نظام میں سب سے کم ووٹ والے امیدوار کو نکال دیا جاتا ہے۔ لیکن اگر وہ آپ کی پہلی ترجیح ہے تو آپ کا ووٹ ضائع نہیں ہوتا، وہ آپ کی اگلی ترجیح کو منتقل ہو جاتا ہے۔ یہ عمل اس وقت تک جاری رہتا ہے جب تک کوئی امیدوار۵۱؍ فیصد ووٹ حاصل نہ کر لے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: چین: سائنسدانوں نے ایسے لینز متعارف کروائے جو انسانوں کو’’سپر ویژن‘‘ دے سکتے ہیں

وہ نیویارکرز سے کہتے ہیں :’’آپ کی آواز کی طاقت اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کتنے زیادہ امیدواروں کو درجہ بندی دیتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ آپ مجھے بیلٹ پر پہلے نمبر پر رکھیں اور صرف مجھے نہیں، باقی چار امیدواروں کو بھی رینک کریں۔ بس ایک بات یاد رکھیں — اینڈریو کوومو کو رینک نہ کریں۔ ان کی مہم کو ٹرمپ کے ڈونرز فنڈ کر رہے ہیں۔ اگر وہ جیت گئے تو وہ نہ صرف ڈی سی کو کنٹرول کریں گے بلکہ نیویارک کو بھی۔ ‘‘گزشتہ رات این بی سی اسٹوڈیوز میں منعقد ہونے والی نیویارک سٹی ڈیموکریٹک میئرل پرائمری بحث میں کوومو، ممدانی اور سات دیگر امیدواروں نے حصہ لیا۔ یاد رہے کہ پرائمری ووٹ۲۴؍ جون کو ہوں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK