Inquilab Logo Happiest Places to Work

یورپ بھر میں لاکھوں افراد کا اسرائیلی نسل کشی کے خلاف، غزہ کی حمایت میں مظاہرہ

Updated: August 10, 2025, 10:34 PM IST | Istanbul

یورپ بھر میں لاکھوں افراد نے اسرائیلی نسل کشی کے خلاف غزہ کی حمایت میں مظاہرہ کیا، مظاہرین نے اسرائیل کےغزہ پر قبضے اور الحاق کے منصوبوں کی بھی مخالفت کی، اس منصوبے کی عالمی پیمانے پر مذمت کی جا رہی ہے۔

Millions of people across Europe demonstrate against Israeli genocide. Photo: X
یورپ بھر میں لاکھوں افراد کا اسرائیلی نسل کشی کے خلاف مظاہرہ۔ تصویر: ایکس

ترکی اور یورپی ممالک میں لاکھوں مظاہرین نے غزہ میں محصور فلسطینیوں کے ساتھاظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں اور مارچ نکالے، جس میں اسرائیلی قتل عام کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔ استنبول کے بیازت اسکوائر میں سنیچر کی شام نمازِ مغرب کے بعد فلسطین کی حمایت میں ہزاروں مظاہرین نے اسرائیل کی جاری نسل کشی اور غزہ میں زبردستی بھوکا مارنے کی پالیسی کے خلاف آواز بلند کی۔ غیر سرکاری تنظیموں اور عوام کی بڑی تعداد پر مشتمل اس احتجاجی ریلی نے تاریخی آیا صوفیا مسجد کی طرف مارچ کیا۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ کی امداد کیلئے دس سالہ بوسنیائی بچے کا انوکھا طریقہ

لندن میں برطانوی شہری فلسطین کے لیے۳۰؍ویں قومی مارچ کے حصے کے طور پراسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاج اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔’’غزہ کو بھوکا مت مارو‘‘کے عنوان کے تحت لاکھوں افراد نے مرکزی رسل اسکوائر سے وزیر اعظم کے دفتر کی طرف مارچ کیا۔ فلسطین یکجہتی مہم نے احتجاج سے پہلے ایکس (ٹوئٹر) پر لکھا کہ’’ اسرائیل غزہ کے فلسطینیوں کو بھوکا مار رہا ہے۔ ہماری حکومت کو اسرائیلی نسل کشی روکنے کے لیے فوری کارروائی کرنی چاہیے۔‘‘ فلسطینی پرچم لہراتے ہجوم نے برطانوی حکومت پر ’’نسل کشی میں معاونت‘‘کرنے کے الزام سمیت نعرے لگائے۔ 
اسٹاک ہوم میں سیکڑوں افراد نے غزہ پر قبضے کے اسرائیلی منصوبوں کے خلاف احتجاج کیا۔  مظاہرین نے اوڈن پلان علاقے میں اسرائیلی حملوں اور امریکی حمایت کی مذمت کرتے ہوئے مختلف بینرز اٹھا رکھے تھے۔ بعد میں یہ ریلی وزارتِ خارجہ کی طرف بڑھی۔ ایمسٹرڈیم میں بھی سیکڑوں افراد نے غزہ پر قبضے کے منصوبے اور اسرائیل کی مغربی حمایت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے غزہ میں بلا روک ٹوک امداد کی فوری ترسیل کا مطالبہ کیا۔ اسپین بشمول میڈرڈ میں بھی متعدد فلسطین حمایتی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں اسرائیلی حملوں اور غزہ میں بھوک کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ میڈرڈ ریلی میں فلسطینی پرچم اٹھائے مظاہرین ’’نسل کشی بند کرو‘‘کے نعرے لگاتے رہے۔ کچھ لوگوں نے محصور فلسطینی علاقے میں بھوک کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے برتن بجائے۔  

جنیوا کے انگلش گارڈن میں ہزاروں افراد نے اسرائیلی محاصرے کی وجہ سے غزہ میں زبردستی بھوکا رکھنے اور اس سے ہونے والی اموات کے خلاف احتجاج کیا۔ ہجوم نے انگریزی، فرانسیسی اور عربی میں نعرے لگاتے ہوئے دھرنا دیا۔ فلسطینی پرچم تھامے مظاہرین نے غزہ کی بھوک کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لیے برتن بجائے۔ ہجوم نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی بین الاقوامی حمایت بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔  
واضح رہے کہ ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ءسے اب تک اسرائیل نے محصور غزہ میں ۶۱؍ ہزار ۳۰۰؍ سے زائد فلسطینیوں کو ہلاک کیا ہے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اصل اموات کی تعداد غزہ کی حکام کی رپورٹ سے کہیں زیادہ ہے، اسرائیل نے محصور پٹی کے زیادہ تر حصوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے اور عملی طور پر پوری آبادی کو بے گھر کر دیا ہے۔ غزہ کی ناکہ بندی نے خطے میں قحط کی صورتحال پیدا کر دی ہے، اسرائیل کے اس سفاکانہ مظالم کے خلاف پوری دنیا کے انصاف پسند عوام میں غم و غصہ پا یا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK