غزہ میں موجود اسرائیلی یرغمالی کے ایک ویڈیو میں اسے یہ کہتے دکھایا گیا ہے کہ نیتن یاہو نے ہمیں بھوکا، لاوارث چھوڑ دیا ہے، القسام بریگیڈکے جاری کردہ ویڈیو میں اسرائیلی قیدی کا کہنا ہے کہ وہ `موت کی راہ پر ہیں۔
EPAPER
Updated: August 03, 2025, 9:07 PM IST | Gaza
غزہ میں موجود اسرائیلی یرغمالی کے ایک ویڈیو میں اسے یہ کہتے دکھایا گیا ہے کہ نیتن یاہو نے ہمیں بھوکا، لاوارث چھوڑ دیا ہے، القسام بریگیڈکے جاری کردہ ویڈیو میں اسرائیلی قیدی کا کہنا ہے کہ وہ `موت کی راہ پر ہیں۔
حماس کے مسلح ونگ، القسام بریگیڈ نے سنیچر کو غزہ میں موجود ایک اسرائیلی قیدی کا ویڈیو جاری کیا جس میں وہ شدید لاغر اور نڈھال نظر آرہا ہے۔ اس نے کہا کہ وزیراعظم نیتن یاہو نے انہیں لاوارث چھوڑ دیا ہے اور غزہ پر اسرائیل کے محاصرے کے باعث وہ موت کے راستے پرہیں۔ ٹیلی گرام پر شیئر کی گئی یہ فوٹیج غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے مہینوں پر محیط بھوک کے دوران ایک سرنگ کے اندر سے بات کرتے ہوئے قیدی کو دکھاتی ہے۔اس شخص نے کہاکہ ’’میں وزیر اعظم نیتن یاہو سے کہنا چاہتا ہوں: مجھے محسوس ہوتا ہے کہ مجھے اور یہاں موجود دیگر قیدیوں کو مکمل طور پر چھوڑ دیا گیا ہے۔‘‘اس نے مزید کہا’’جو کچھ میں اب کررہا ہوں، وہ اپنے ہاتھوں سے اپنی قبر کھود رہا ہوں۔ میرا جسم دن بہ دن کمزور ہو رہا ہے، اور جہاں تک میرا تعلق ہے، میں موت کے راستے پر ہوں۔‘‘اپنے ارد گرد موجود سرنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس نے کہا’’یہ وہ قبر ہے جس میں مجھے دفن کیا جا سکتا ہے۔‘‘ اسرائیلی عوام سے خطاب کرتے ہوئے اس نے التجا کی’’ آپ ہی واحد لوگ ہیں جو اسے روک سکتے ہیں، تاکہ میں گھر واپس جا سکوں اور اپنے خاندان کے ساتھ اپنے بستر پر سو سکوں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کی دوغلی پالیسی، غزہ پرپھر حملہ اور محاصرہ کی دھمکی
دریں اثناء سنیچر کو غزہ کی وزارت صحت نے اطلاع دی کہ مزید سات فلسطینی، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے، بھوک سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی۷؍ اکتوبر۲۰۲۳ء سے بھوک سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد۱۶۹؍ ہو گئی ہے، جن میں ۹۳؍ بچے شامل ہیں۔واضح رہے کہ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کی بین الاقوامی اپیلوں کو مسترد کرتے ہوئے غزہ پر ایک سفاکانہ جارحیت جاری رکھی ہوئی ہے، جس میں ۶۰؍ ہزار ۴۰۰؍ سے زائد فلسطینی شہیدہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ مسلسل بمباری نے غزہ کی پٹی کو تباہ کر دیا ہے اور قحط کے شدید خطرے کو جنم دیا ہے۔