Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ جنگ کے ۶۰۰؍ دن: حماس نے عالمی سطح پر احتجاجی مظاہروں کے انعقاد کی اپیل کی، تل ابیب میں احتجاج

Updated: May 29, 2025, 10:18 AM IST | Gaza

منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں، حماس نے ۳۰ مئی سے یکم جون تک دنیا بھر میں اسرائیل کے خلاف احتجاج کرنے کی اپیل کی تاکہ اسرائیل کے ذریعے جاری فلسطینیوں کی نسل کشی اور بھکمری کی مذمت کی جائے اور غزہ، یروشلم اور مقدس مسجد اقصیٰ کے ساتھ یکجہتی دکھائی جائے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

غزہ میں سرگرم فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس نے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کیلئے دنیا بھر میں تین دن کے مظاہروں کا انعقاد کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ محصور غزہ میں جاری نسل کشی کو ختم کیا جائے۔ اس بدھ کو غزہ میں جاری اسرائیل کی وحشیانہ جنگی کارروائیوں کو ۶۰۰ دن مکمل ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ۷ اکتوبر ۲۰۲۳ء کو اسرائیل نے غزہ میں اپنے فوجی آپریشن شروع کیا تھا جس کے نتیجے میں اب تک تقریباً ۵۴ ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ایک لاکھ ۲۳ ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مہلوکین کی بڑی تعداد خواتین اور بچوں پر مشتمل ہے۔
منگل کو جاری کردہ ایک بیان میں، حماس نے ۳۰ مئی سے یکم جون تک دنیا بھر میں اسرائیل کے خلاف مظاہروں کا اہتمام کرنے کی اپیل کی تاکہ "فلسطینی لوگوں کے خلاف نسل کشی اور بھکمری کے اسرائیلی جرم کی مذمت کی جائے اور غزہ، یروشلم، اور بابرکت مسجد اقصیٰ کے ساتھ یکجہتی دکھائی جائے۔" فلسطینی گروپ نے "غزہ پٹی میں ہمارے لوگوں کے خلاف جارحیت، نسل کشی اور بھکمری کے خلاف دنیا کے شہروں اور قصبوں میں عالمی اقدامات میں شدت لانے" کی اپیل دی۔

یہ بھی پڑھئے:امریکہ: آسٹن کی ۳؍ مساجد کیساتھ تخریب کاری، دیواروں پر’ستارہ داؤدی‘ پینٹ کیا، سی اے آئی آر کی مذمت

واضح رہے کہ اسرائیل نے ۲ مارچ سے غزہ میں خوراک اور طبی و انسانی امداد کے داخلہ کو بندکر رکھا ہے جس کے بعد محصور علاقے میں پہلے سے موجود انسانی بحران مزید شدید ہو گیا ہے۔ اسرائیل کی مجرمانہ جنگی کارروائیوں نے علاقہ کی تقریباً پوری آبادی کو بے گھر کر دیا ہے اور اس کے بیشتر حصوں کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے۔ گزشتہ نومبر میں، بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے غزہ میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو اور ان کے سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے تھے۔ صہیونی ریاست، بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) میں بھی غیر محفوظ شہریوں کے خلاف جنگی جرائم کے الزام میں نسل کشی کے مقدمے کا سامنا کررہی ہے۔  

یہ بھی پڑھئے:کرنل صوفیہ معاملہ میں ہائی کورٹ میں شنوائی پر روک

تل ابیب میں یرغمالیوں کی رہائی کیلئے احتجاج
غزہ جنگ کے ۶۰۰ دن مکمل ہونے پر اسرائیلی شہریوں نے بدھ کو صبح ۶:۲۹ بجے، جب حماس نے ۷ اکتوبر ۲۰۲۳ء کو اسرائیل پر بالکل اس وقت حملہ کیا تھا، مختلف مقامات پر جمع ہو کر غزہ میں باقی یرغمالوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ ان مظاہروں میں پیلے یرغمال نشانات کی انسانی زنجیر کی تشکیل بھی شامل تھی۔ 
یرغمالوں کے خاندان کے افراد اور دیگر مظاہرین تل ابیب میں امریکی سفارت خانے کے قریب قبل از طلوع فجر جمع ہوئے، جہاں ریت پر ۵۸ (یرغمالیوں کی تعداد) اور ۶۰۰ کے نمبر اور "اب انہیں بچاؤ" کا جملہ لکھا گیا تھا۔ مظاہرین، تل ابیب کے ہوسٹیج اسکوائر پر ایک دائرے میں جمع ہوئے۔ انہوں نے پیلے رنگ کی شرٹس پہنے اور اسی رنگ کے غبارے پکڑے ہوئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK