Updated: July 12, 2025, 10:05 PM IST
| Gaza Strip
غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے درمیان فلسطین اور اسرائیل کے درمیان دو ریاستی حل کیلئے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد اگلے ماہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ یہ کانفرنس ۱۷؍ تا ۲۰؍ جون منعقد کی جانے والی تھی جسے اسرائیل ایران کے ۱۲؍ روزہ تنازع کے سبب ملتوی کر دیا گیا تھا۔
فلسطین کو ریاست کا درجہ دینے کیلئے منعقد کی جانے والے بین الاقوامی کانفرنس، جس کی سربراہی سعودی عربیہ اور فرانس کریں گے اور جسے گزشتہ ماہ ملتوی کیا گیا تھا، اب اگلے ماہ منعقد کی جائے گی۔ جمعہ کو عرب نیوز کے سفارتکاروں نے تصدیق کی ہے کہ ’’ دو ریاستی حل کیلئے یہ کانفرنس ۲۸؍ جولائی تا ۲۹؍ جولائی کو منعقد کی جائے گی اورجلد ہی اس کی تفصیلات بھی شیئر کی جائے گی۔‘‘ قبل ازیں ۱۷؍ جون تا ۲۰؍ جون ۲۰۲۵ء منعقد کی جانے والی ’’ہائی لیول انٹرنیشنل کانفرنس فار دی پیس فل سیٹل منٹ آف دی کیوشن آف فلسطین اینڈ امپلی مشن آف دی ٹو اسٹیٹ سولیوشن‘‘ نامی کانفرنس کو اسرائیل کے ایران پر حملہ کرنےا ور ۱۲؍ دنوںتک اسرائیل اورایران کے درمیان جاری رہنے والی جنگ کے باعث ملتوی کر دیا گیا تھا۔ یہ کانفرنس ،جسے اقوام متحدہ (یو این) کی جنرل اسمبلی نے منعقد کیا تھا، نیویارک، امریکہ میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں منعقد کی جائے گی جس کا مقصداسرائیل اور فلسطین کے درمیان دو ریاستی حل کے نفاذ اور دہائیوں سے جاری جنگ کو ختم کرنے پر زور دینا ہوگا۔گزشتہ ہفتے کانفرنس کے ملتوی کئے جانے پرفرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا تھاکہ ’’کانفرنس کو لاجسٹک اور سیکوریٹی کے خدشات کے باعث منسوخ کیا گیا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: امریکہ نے مغربی کنارے پرعیسائی قصبے پریہودی آبادکاروں کے حملوں کی مذمت کی
انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ تاخیر دو ریاستی حل کے قیام کیلئےہماری کوششوں میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔‘‘ یاد رہے کہ فرانسیسی صدرایمانوئل میکرون فلسطینی ریاست کے قیام کا اعلان کرنے والے تھے۔ گزشتہ ہفتے انہوں نے برطانوی حکام پر زور دیا تھا کہ وہ بھی ایسا کریں۔ یاد رہے کہ اب تک اقوام متحدہ کے ۱۹۳؍ممبران ممالک میں سے ۱۴۷؍ممالک نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا ہے۔ اس کے بعد فلسطین کو مبصر ریاست کا درجہ دیا گیا ہے۔