جرمن چانسلر نے روس سے یوکرین میں جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا،انہوں نے جنوبی افریقہ میں جی۲۰؍ سربراہی اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ یہ جنگ یورپ میں خوفناک انسانی تکلیف کا سبب بنی ہے۔
EPAPER
Updated: November 23, 2025, 8:06 PM IST | Berlin
جرمن چانسلر نے روس سے یوکرین میں جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا،انہوں نے جنوبی افریقہ میں جی۲۰؍ سربراہی اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ یہ جنگ یورپ میں خوفناک انسانی تکلیف کا سبب بنی ہے۔
جرمن چانسلر فریڈرک میرز نے سنیچر کو روس سے یوکرین کے خلاف اپنی ’’جنگی جارحیت‘‘ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ’’روس نے جارحیت کی غیرقانونی جنگ چھیڑی ہے۔ اب روس کو یہ جارحیت ختم کرنی ہوگی جس نے یورپ میں خوفناک انسانی تکلیف پیدا کی ہے۔‘‘میرز نے جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں منعقدہ جی۲۰؍ سربراہی اجلاس سے خطاب کے دوران کہا،’’جنگ کے عالمی معیشت پر شدید اثرات کو ختم کرنے کی ذمہ داری بھی روس پر عائد ہوتی ہے۔ جی۲۰؍ کے تمام دیگر رکن ممالک کو بھی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا، اور جی۲۰؍ کے لیے یہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: جی۲۰؍اجلاس: آغاز ہی میں اعلامیہ منظور کر لیا گیا
انہوں نے مزید کہا،’’جرمن حکومت نے جمعے کے روز کہا کہ یوکرین کے لیے کسی بھی امن منصوبے میں اس جنگ زدہ ملک کے لیے ’’خودمختاری اور دیر پاسلامتی کی ضمانتوں‘‘ کا ہونا ضروری ہے۔ہم یوکرین کی خودمختاری اور اس کے لیے مضبوط سلامتی کی ضمانتوں کی بنیاد پر امن کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم خوش ہیں کہ ایک نیا (امن) اقدام شروع کیا گیا ہے۔‘‘ دریں اثناء حکومتی ترجمان اسٹیفن کارنیلیس نے برلن میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہاکہ وہ امریکہ کی جانب سے تیار کردہ ۲۸؍نکاتی امن منصوبے پر تبصرہ کر رہے تھے جس کا مقصد ۲۰۲۲ءمیں شروع ہونے والی اس جنگ کا خاتمہ کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکی وارننگ کے بعد متعدد بین الاقوامی ایئر لائنز نے وینزویلا سے پروازیں معطل کر دیں
واضح رہے کہ یوکرین کے ناٹو میں شمولیت کے خلاف روس نے یوکرین کے خلاف جنگ چھیڑی ہے، جو اب پانچویں سال میں داخل ہونے کو ہے، حالانکہ یوکرین کو یورپ کی حمایت حاصل ہے، تاہم روس کی جانب سے اسے شدید حملوں کا سامنا ہے، اس کے علاوہ یوکرین نے اپنے کئی علاقے کھو دیے ہیں۔روس پر امریکی پابندیوں کے سبب یورپ کو برآمد کی جانے والی قدرتی گیس کی سپلائی بند ہے، جو اس کی قیمت میں اضافے کا سبب بنی، اور یورپ اس وقت ان گیسوں کی قلت کا سامنا کر رہا ہے۔ جنوبی افریقہ میں جاری جی ۲۰؍ سربراہی اجلاس میں جرمن چانسلر نے جنگ کے خاتمے کا مطالبہ اسی پس منظر میں کیا۔