Updated: November 23, 2025, 3:08 PM IST
| Washington
امریکی ایف اے اے کی جانب سے وینزویلا کے فضائی علاقے میں خطرناک صورتحال کی وارننگ کے بعد متعدد بین الاقوامی ایئر لائنز نے کراکس سے اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ خطے میں امریکی فوجی سرگرمیوں کے بڑھنے اور سیکوریٹی خطرات میں اضافے کے باعث برازیل، کولمبیا، چلی، پرتگال اور اسپین کی ایئر لائنز نے پروازیں روک دیں۔ دوسری جانب امریکہ مبینہ طور پر وینزویلا سے متعلق نئے آپریشنز کی تیاری کر رہا ہے، جن میں مادورو حکومت کے خلاف خفیہ کارروائیاں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کی جانب سے وینزویلا کے فضائی راستے پر ’’ممکنہ طور پر خطرناک صورتحال‘‘ کی وارننگ جاری ہونے کے بعد کئی بین الاقوامی ایئر لائنز نے وینزویلا سے روانہ ہونے والی اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔ فلائٹ ریڈار ۲۴؍ اور سیمون بولیوار میکیٹیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق، برازیل کی گول، کولمبیا کی ایویانکا، چلی کی لاتم، ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو کی کیریبین ایئر لائنز اور ٹیپ ایئر پرتگال نے سنیچر کوکراکس سے روانہ ہونے والی اپنی پروازیں منسوخ کیں۔ ایرونٹیکا سول ڈی کولمبیا نے ایک بیان میں کہا کہ میکیٹیا کے فضائی علاقے میں ’’سیکوریٹی کے حالات کی خرابی اور فوجی سرگرمیوں میں اضافے‘‘ کے باعث پروازوں کو ’’ممکنہ خطرات‘‘ لاحق ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:بھیونڈی : مینا تائی ٹھاکرے آڈیٹوریم کی مرمت سست روی کا شکار
ٹیپ ایئر پرتگال نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس نے سنیچر اور آنے والے منگل کی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ امریکی ہوا بازی حکام کی فراہم کردہ معلومات کے بعد کیا گیا، جنہوں نے خبردار کیا کہ وینزویلا کی فضائی حدود میں حفاظتی حالات یقینی نہیں ہیں۔ اسپین کی آئبیریا ایئر لائن نے بھی اعلان کیا کہ وہ پیر سے کراکس کیلئے اپنی پروازیں آئندہ اطلاع تک منسوخ کر رہی ہے۔ ہسپانوی کمپنی کی ہفتہ کو کراکس سے میڈرڈ جانے والی پرواز معمول کے مطابق روانہ ہوئی۔ کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ آئبیریا حالات کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے تاکہ فیصلہ کیا جا سکے کہ پروازیں کب دوبارہ شروع کی جائیں۔ دوسری جانب، کوپا ایئر لائنز اور ونگو نے ہفتے کے روز اپنی پروازیں معمول کے مطابق جاری رکھیں۔
یہ بھی پڑھئے: سوڈان میں ۱۷۰۰؍ بچے غذائی قلت کا شکار
امریکی ایف اے اے کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وینزویلا میں ’’سیکوریٹی کی بگڑتی صورتحال اور عسکری سرگرمیوں میں اضافہ‘‘ ہر بلندی پر پرواز کرنے والے طیاروں کیلئے ممکنہ خطرہ بن سکتا ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں خطے میں امریکی افواج کی بڑی تعیناتی دیکھی گئی ہے، جس میں امریکی بحریہ کا سب سے بڑا طیارہ بردار بحری جہاز، کم از کم آٹھ جنگی جہاز اور ایف ۳۵؍ طیارے شامل ہیں۔ فلائٹ ریڈار ۲۴؍ کے مطابق لاتم کی بوگوٹا کیلئے اتوار کو طے شدہ پرواز بھی منسوخ کر دی گئی۔ اس کے علاوہ، چار امریکی حکام نے رائٹرز کو بتایا ہے کہ امریکہ آنے والے دنوں میں وینزویلا سے متعلق ’’آپریشنز‘‘ کے ایک نئے مرحلے کے آغاز کی تیاری کر رہا ہے۔ دو عہدیداروں کے مطابق صدر نکولس مادورو کے خلاف خفیہ کارروائیاں اس نئے مرحلے کا پہلا حصہ ہو سکتی ہیں۔ ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’’صدر ٹرمپ امریکہ میں منشیات کی آمد کو روکنے اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے امریکی طاقت کے ہر عنصر کے استعمال کیلئے تیار ہیں۔‘‘ دو دیگر امریکی اہلکاروں نے بتایا کہ زیر غور آپشنز میں مادورو کی حکومت کو گرانے کی کوشش بھی شامل ہے۔