Updated: November 25, 2026, 1:53 PM IST
| London
اسمارٹ فون پر تباہی، جنگ، تشدد اور بحرانوں سے متعلق خبریں گھنٹوں دیکھتے رہنے کے رجحان کو ’’ڈوم اسکرولنگ‘‘ کہا جاتا ہے؛ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس طرزِ استعمال کا تعلق اضطراب، ذہنی دباؤ اور نیند کے مسائل سے ہے، جبکہ ڈجیٹل پلیٹ فارمز کے ڈیزائن کو بھی صحتِ عامہ کے تناظر میں ضابطے کا پابند بنانے کی ضرورت ہے۔
اسمارٹ فون پر مسلسل منفی خبریں اور پریشان کن مواد دیکھتے رہنے کی عادت، جسے ’’ڈوم اسکرولنگ‘‘ کہا جاتا ہے، دنیا بھر میں ذہنی صحت کے لیے تشویش کا باعث بن رہی ہے۔ بین الاقوامی ماہرین نے حکومتوں پر زور دیا ہے کہ انٹرنیٹ اور ڈجیٹل ٹیکنالوجی کے غیر متوازن اور نقصان دہ استعمال کو صحتِ عامہ کا مسئلہ تسلیم کیا جائے اور ایسے پلیٹ فارمز کے ڈیزائن کو ضابطے کے دائرے میں لایا جائے جو صارفین کو مسلسل اسکرین سے جڑے رہنے پر آمادہ کرتے ہیں۔ یہ انتباہ ۱۹؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو طبی جریدے ’’دی لینسٹ سائیکاٹری‘‘ میں شائع ہونے والی ایک بین الاقوامی ماہرین کی رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے۔ ڈوم اسکرولنگ سے مراد صرف خبریں پڑھنا یا سوشل میڈیا استعمال کرنا نہیں، بلکہ بالخصوص منفی، خوف ناک اور ذہنی طور پر پریشان کن معلومات کو بار بار دیکھتے رہنا اور اس عمل کو روکنے میں دشواری محسوس کرنا ہے۔ مثال کے طور پر کوئی شخص جنگ، قدرتی آفات، قتل و تشدد، سیاسی بحران یا کسی بڑے حادثے کی خبر دیکھنے کے بعد اس سے متعلق مزید ویڈیوز، پوسٹس اور تبصرے تلاش کرتا رہتا ہے۔ بسا اوقات اسے اندازہ بھی نہیں ہوتا کہ وہ کتنی دیر سے فون استعمال کررہا ہے۔ ابتدا میں اس کا مقصد حالات سے باخبر رہنا ہوتا ہے، لیکن رفتہ رفتہ یہ ایک ایسی عادت بن سکتی ہے جس سے ذہنی بے چینی کم ہونے کے بجائے بڑھتی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھئےُ: جنگ زدہ غزہ کے ۹۹ فیصد سے زائد حصے میں ماحولیاتی آلودگی کے آثار موجود ہیں: آکسفیم رپورٹ
’’دی انڈیپنڈنٹ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی ماہرین کے کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ دنیا کی ۱۰؍ فیصد سے زیادہ آبادی کسی نہ کسی صورت میں انٹرنیٹ اور ڈجیٹل ٹیکنالوجی کے غیر متوازن یا مسئلہ پیدا کرنے والے استعمال سے متاثر ہوسکتی ہے۔ تاہم یہ اعداد و شمار صرف ڈوم اسکرولنگ سے متعلق نہیں، بلکہ اس سے کہیں وسیع دائرے کے مسائل، مثلاً سوشل میڈیا کا بے قابو استعمال، آن لائن گیمنگ، انٹرنیٹ پر غیر ضروری خریداری، مسلسل ویڈیوز دیکھنا اور دیگر ڈجیٹل سرگرمیوں سے متعلق ہیں۔ کمیشن کے مطابق اس رجحان کے معاشی اور سماجی اثرات بھی اربوں ڈالر کے نقصان کی صورت میں سامنے آسکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈجیٹل ٹیکنالوجی بذاتِ خود مسئلہ نہیں، کیونکہ اس نے معلومات، تعلیم، رابطے اور روزمرہ زندگی میں بے شمار سہولتیں فراہم کی ہیں۔ اصل تشویش اس وقت پیدا ہوتی ہے جب اس کا استعمال انسان کے اختیار سے باہر ہونے لگے، روزمرہ ذمہ داریوں میں خلل ڈالے یا ذہنی صحت کو متاثر کرے۔ آسٹریلیا کی فلائنڈرز یونیورسٹی میں نشہ آور رویوں کے ماہر پروفیسر زولٹ ڈیمیٹرووکس کے مطابق، ’’ڈجیٹل ٹیکنالوجیز اب جدید زندگی کے تقریباً ہر پہلو میں شامل ہوچکی ہیں اور بے شمار فوائد فراہم کرتی ہیں۔ چیلنج یہ ہے کہ رابطے کے فوائد برقرار رکھتے ہوئے اس کے نقصانات کم کرنے کے طریقے تلاش کیے جائیں۔‘‘
ڈوم اسکرولنگ کے ذہنی اثرات پر ہونے والی تحقیق بھی اس تشویش کو تقویت دیتی ہے۔ ستمبر ۲۰۲۶ء میں ’’فرنٹیئرز اِن سائیکالوجی‘‘ میں شائع ہونے والے ایک منظم جائزے اور تجزیے میں ۴۴؍ مطالعات کا جائزہ لیا گیا۔ اس تحقیق میں ڈوم اسکرولنگ اور اضطراب، ڈپریشن، نفسیاتی دباؤ اور زندگی سے اطمینان میں کمی کے درمیان تعلق سامنے آیا۔ تجزیے کے مطابق ڈوم اسکرولنگ کا اضطراب اور ڈپریشن دونوں سے تعلق تقریباً یکساں درجے کا تھا، جبکہ نفسیاتی دباؤ کے ساتھ اس کا تعلق نسبتاً زیادہ پایا گیا۔ اس کے علاوہ ذہنی آسودگی اور زندگی سے اطمینان کی سطح کم ہونے کے ساتھ بھی اس رویے کا تعلق دیکھا گیا۔ تاہم محققین نے واضح کیا کہ ان نتائج سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ڈوم اسکرولنگ لازماً ذہنی بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔ دستیاب مطالعات میں کئی ایسے تھے جن میں لوگوں کی ذہنی کیفیت اور ان کے آن لائن رویوں کا ایک ہی وقت میں جائزہ لیا گیا۔ اس لیے یہ امکان بھی موجود ہے کہ پہلے سے اضطراب یا ذہنی دباؤ کا شکار افراد زیادہ منفی مواد دیکھنے لگتے ہوں۔ تحقیق میں مختلف مطالعات کے نتائج کے درمیان نمایاں فرق بھی پایا گیا، چنانچہ ماہرین نے مزید طویل مدتی اور مختلف ممالک میں ہونے والی تحقیق کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت تشویشناک، ذاتی معالج نے خبردار کیا
اس عادت کے اثرات صرف ذہنی کیفیت تک محدود نہیں رہتے۔ مسلسل پریشان کن مواد دیکھنے سے انسان میں خوف، بے چینی، چڑچڑاپن اور توجہ مرکوز کرنے میں دشواری پیدا ہوسکتی ہے۔ منفی خبروں کی مسلسل بھرمار بعض افراد کے لیے ذہنی طور پر خود کو اس صورتِ حال سے الگ کرنا مشکل بنا دیتی ہے۔ اس کے علاوہ رات گئے تک فون استعمال کرنے سے نیند کا دورانیہ اور معیار متاثر ہوسکتا ہے۔ برطانیہ کی مینٹل ہیلتھ فاؤنڈیشن کے مطابق، منفی معلومات کی مسلسل کھپت بعض افراد میں پریشانی، اداسی، ذہنی تھکن اور نیند کے مسائل کو بڑھا سکتی ہے۔ امریکہ میں بھی اس رجحان کے باعث نیند متاثر ہونے کی نشان دہی کی گئی ہے۔ امریکن اکیڈمی آف سلیپ میڈیسن کے ۲؍ ہزار افراد پر مشتمل سروے کے مطابق، ایک چوتھائی سے زیادہ افراد نے اعتراف کیا کہ وہ مطلوبہ نیند لینے کے بجائے سوشل میڈیا پر مسلسل اسکرولنگ کرتے رہتے ہیں۔ بالغ افراد کے لیے عموماً ۷؍ سے ۹؍ گھنٹے کی نیند کی سفارش کی جاتی ہے۔ ’’دی انڈیپنڈنٹ‘‘ کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ امریکی نوجوان روزانہ تقریباً ۵؍ گھنٹے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گزارتے ہیں، جو بالغ افراد کے مقابلے میں دو گنا سے بھی زیادہ وقت ہے۔
ماہرین کے مطابق نوجوان اس رجحان سے خصوصی طور پر متاثر ہوسکتے ہیں، کیونکہ ان کے دماغ ابھی نشوونما کے مراحل سے گزر رہے ہوتے ہیں۔ مسلسل اطلاعات، ویڈیوز اور منفی خبروں کے درمیان رہنے سے ان کی توجہ، جذباتی کیفیت اور روزمرہ معمولات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اسی لیے مختلف ممالک نے کم عمر افراد کے سوشل میڈیا استعمال کو محدود کرنے کے اقدامات شروع کیے ہیں۔ آسٹریلیا، برازیل اور انڈونیشیا میں نوجوانوں کے لیے پابندیوں یا ضابطوں سے متعلق اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ اسپین نے بھی کم عمر صارفین کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی تجویز پیش کی ہے۔فلائنڈرز یونیورسٹی کی سینئر ریسرچ فیلو ڈاکٹر آندریا چاکو نے کہا کہ بہت سی ڈجیٹل مصنوعات کو اس انداز میں تیار کیا جاتا ہے کہ وہ صارفین کی توجہ حاصل کریں اور اسے زیادہ سے زیادہ دیر تک برقرار رکھیں۔ ان کے بقول، ’’اگر ہم بہتر نتائج چاہتے ہیں، بالخصوص نوجوانوں کے لیے، تو ہمیں ایسے ڈجیٹل ماحول کی ضرورت ہے جو صحت اور ذہنی آسودگی کو نقصان پہنچانے کے بجائے ان کی حمایت کریں۔‘‘
بین الاقوامی کمیشن نے اسی تناظر میں ڈجیٹل پلیٹ فارمز کے ڈیزائن میں موجود ان خصوصیات کو ضابطے کا پابند بنانے کی سفارش کی ہے جو صارفین کو مسلسل آن لائن رہنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ ان میں لامتناہی اسکرولنگ، ایک ویڈیو ختم ہوتے ہی دوسری ویڈیو کا خودکار طور پر چلنا، صارف کی دلچسپی کے مطابق مواد دکھانے والے الگورتھم اور بار بار آنے والی اطلاعات شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان خصوصیات کے باعث صارفین کے لیے اپنی مرضی سے فون رکھ دینا یا کسی سرگرمی کو روکنا مشکل ہوسکتا ہے۔ کمیشن نے ٹیکنالوجی کمپنیوں کو بھی ذمہ داری قبول کرنے اور اپنی مصنوعات کی تیاری کے مرحلے ہی سے ممکنہ نقصانات کو مدنظر رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ تاہم اس معاملے میں ماہرین کے درمیان مکمل اتفاقِ رائے نہیں۔ اسپین کے سائنس میڈیا سینٹر میں شائع ہونے والے ردِعمل میں یونیورسٹی آف گریناڈا کے پروفیسر خوسے سیزر پیرالس نے کمیشن کی رپورٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی نئے تجرباتی مطالعے کے بجائے ماہرین کی سفارشات اور موجودہ شواہد کی تشریح پر مبنی دستاویز ہے۔ ان کے مطابق، انٹرنیٹ کے تمام مسائل کو نشے کے تصور کے تحت رکھنا درست نہیں، کیونکہ ڈجیٹل سرگرمیوں کی نوعیت اور ان کے ممکنہ نقصانات ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر متناسب پابندیاں اظہارِ رائے، رابطے اور معلومات تک رسائی کو بھی متاثر کرسکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: فرانسیسی صدارتی امیدوار کا اسرائیل سے فلسطینی ڈاکٹر کی رہائی کا مطالبہ
ماہرین کے مطابق اس مسئلے کا حل انٹرنیٹ یا اسمارٹ فون سے مکمل دوری اختیار کرنا نہیں، بلکہ اس کے استعمال میں توازن پیدا کرنا ہے۔ صارفین کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ خبریں دیکھنے کا وقت مقرر کریں، سونے سے پہلے فون کا استعمال محدود رکھیں اور مسلسل پریشان کن مواد دیکھنے کے بجائے قابلِ اعتماد ذرائع سے ضروری معلومات حاصل کریں۔ دوسری جانب ٹیکنالوجی کمپنیوں اور حکومتوں کو بھی ایسے ڈجیٹل ماحول کی تشکیل پر توجہ دینا ہوگی جس میں صارفین کی توجہ اور وقت کو زیادہ سے زیادہ حاصل کرنے کے بجائے ان کی ذہنی صحت اور خود اختیاری کو اہمیت دی جائے۔