روفالو نے ٹرمپ پر بین الاقوامی قانون کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ صدر کے احکامات، اخلاقی گراوٹ کی عکاسی کرتے ہیں جو ان کے خیال میں ملک کے لیے خطرناک ہے۔ روفالو نے ٹرمپ کو ’’سزا یافتہ مجرم‘‘ اور ’’بدترین انسان‘‘ قرار دیا۔
EPAPER
Updated: January 13, 2026, 9:39 PM IST | Washington
روفالو نے ٹرمپ پر بین الاقوامی قانون کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ صدر کے احکامات، اخلاقی گراوٹ کی عکاسی کرتے ہیں جو ان کے خیال میں ملک کے لیے خطرناک ہے۔ روفالو نے ٹرمپ کو ’’سزا یافتہ مجرم‘‘ اور ’’بدترین انسان‘‘ قرار دیا۔
معروف ہالی ووڈ اداکار مارک روفالو نے گولڈن گلوبز ایوارڈز کی ۸۳؍ ویں تقریب میں ریڈ کارپٹ انٹرویوز کے دوران امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر کھلی تنقید کی۔ انہوں نے ٹرمپ کو ’’بدترین انسان‘‘ قرار دیتے ہوئے ان کی قیادت اور پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایچ بی او کے سیریئل ’’ٹاسک‘‘ میں اپنے کردار ’ٹام برانڈس‘ کے لیے ’’بیسٹ میل ایکٹر ان اے ٹیلی ویژن سیریز‘‘ کی کیٹگری میں نامزد ہونے والے روفالو لاس اینجلس کے بیورلی ہلٹن ہوٹل میں موجود تھے۔ اس موقع پر انہوں نے رینی نکول گڈ (Renée Nicole Good) کی یاد میں اپنے سوٹ پر ’’بی گڈ‘‘ (Be Good) پن لگا رکھا تھا۔ واضح رہے کہ ۳۷؍ سالہ رینی نکول کو رواں ماہ کے آغاز میں مینیسوٹا کے مینیا پولس میں امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے ایک ایجنٹ نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ یہ پن مشہور شخصیات کی احتجاجی مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد آئی سی ای افسران کے ذریعے طاقت کے جان لیوا استعمال اور امیگریشن نافذ کرنے کے طریقوں پر تشویش کو اجاگر کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکی صدر ٹرمپ نے ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر خود کو وینزویلا کا عبوری صدر قرار دیا
تقریب کے دوران ریڈ کارپٹ پر ’یو ایس اے ٹوڈے‘ (USA Today) سے بات کرتے ہوئے روفالو نے کہا کہ یہ پن ’’رینی نکول گڈ کے لیے ہے، جنہیں قتل کیا گیا۔‘‘ اس کے بعد، انہوں نے اپنی گفتگو کا رخ صدر ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس کی طرف موڑ دیا۔ انہوں نے ٹرمپ پر بین الاقوامی قانون کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ صدر کے احکامات، اخلاقی گراوٹ کی عکاسی کرتے ہیں جو ان کے خیال میں ملک کے لیے خطرناک ہے۔ روفالو نے ٹرمپ کو ’’سزا یافتہ مجرم‘‘ اور ’’بدترین انسان‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی قیادت کے لیے ان کی ذاتی اخلاقیات پر بھروسہ کرنا سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔ اداکار نے زور دیا کہ اگرچہ وہ اپنی نامزدگی پر فخر محسوس کر رہے ہیں، لیکن موجودہ سیاسی اور سماجی ماحول میں خاموش رہنا ان کے لیے مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب حالات ’’نارمل نہیں رہے۔‘‘
ہالی ووڈ اداکار کے تبصروں نے انٹرنیٹ پر فوری طور پر صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کس طرح ہالی ووڈ کی کچھ شخصیات سیاسی مسائل کو اٹھانے کے لیے ان ہائی پروفائل پلیٹ فارمز کا استعمال کر رہی ہیں۔ ان کے تبصروں میں حالیہ #BeGood اور #ICEOut تحریکوں کا حوالہ دیا گیا تھا۔ روفالو کے علاوہ کئی دیگر مشہور شخصیات نے بھی احتجاجی پن پہن رکھے تھے تاکہ رینی گڈ اور آئی سی ای ایجنٹوں کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے دیگر افراد کی اموات کے بارے میں آگاہی پیدا کی جا سکے۔