Inquilab Logo Happiest Places to Work

مودی حکومت نے آپریشن سیندور کے شہداء کی معلومات چھپائی: کانگریس کا الزام، حکومت نے دعویٰ مسترد کیا

Updated: June 29, 2026, 11:40 AM IST | New Delhi

آپریشن سیندورمیں شہید ہونے والے ۶؍ فوجیوں کے نام عوامی کیے جانے کے بعد سیاسی تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ کانگریس نے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ اس نے ایک سال تک ان شہداء کی معلومات عوام سے پوشیدہ رکھی۔

Operation Sindoor. Photo: INN
آپریشن سیندور۔ تصویر: آئی این این

آپریشن سیندورمیں شہید ہونے والے ۶؍ فوجیوں کے نام عوامی کیے جانے کے بعد سیاسی تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ کانگریس نے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ اس نے ایک سال تک ان شہداء کی معلومات عوام سے پوشیدہ رکھی ۔کانگریس کے لیڈر اور رکن پارلیمان پون کھیڑا نے کہا کہ ’’مودی حکومت نے ان جوانوں کی شہادت ایک سال تک عوام کے سامنے نہیں رکھی، جس کی وجہ سے انہیں وہ عزت اور احترام بروقت نہیں ملا جس کے وہ مستحق تھے۔‘‘ انہوں نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی پارلیمنٹ میں دی گئی تقریر کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیا، جس میں راج ناتھ سنگھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ’’آپریشن سیندور میں کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔‘‘ پون کھیڑا نے کہا کہ ’’صرف دو امکانات ہیں۔ یا تو وزیر دفاع کو اس وقت چھ فوجیوں کی شہادت کی اطلاع نہیں تھی، یا پھر انہوں نے پارلیمنٹ کو گمراہ کیا۔ دونوں صورتیں انتہائی سنگین ہیں۔‘‘ تاہم  وزارتِ دفاع نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ راج ناتھ سنگھ کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’پربھنی میں کبھی کوئی غدار کامیاب نہیں ہوا اور نہ آئندہ ہوسکے گا‘‘

وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ بعض میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ غلط دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ان چھ شہداء کو پہلی بار اب عوامی طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے، جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔وزارت کے مطابق:۱۱؍مئی ۲۰۲۵ءکو منعقدہ سرکاری پریس کانفرنس میں اُس وقت کے ڈی جی ایم او  نے ان چھ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا تھا۔۱۴؍ اگست۲۰۲۵ء کی سرکاری پریس ریلیز میں انہیں بہادری کے اعزازات دیے جانے کی معلومات بھی عوامی کی گئی تھیں۔ہندوستانی فوج کے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شہداء کو فوری طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا تھا۔۸؍اکتوبر ۲۰۲۵ءکو فضائیہ کے سربراہ نے شہید سارجنٹ کے اہلِ خانہ کو اعزاز سے نوازا۔وزارتِ دفاع نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر راج ناتھ سنگھ کی پارلیمنٹ میں کی گئی تقریر کے ایک حصے کو سیاق و سباق سے الگ کر کے پیش کیا گیا، جس سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ انہوں نے آپریشن سندور میں کسی ہندوستانی فوجی کی شہادت سے انکار کیا تھا۔وزارت کے مطابق، راج ناتھ سنگھ کا بیان دراصل ان دعوؤں کی تردید کیلئے تھا جن میں کہا جا رہا تھا کہ آپریشن کے دوران بھارتی فضائیہ کے پائلٹ مارے گئے تھے۔۲۸؍ جولائی۲۰۲۵ء کو پارلیمنٹ میں راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا:’’اپوزیشن ہم سے پوچھتی ہے کہ ہمارے کتنے طیارے گرے۔ وہ کبھی یہ نہیں پوچھتی کہ ہماری فوج نے دشمن کے کتنے طیارے مار گرائے۔ اگر سوال کرنا ہے تو یہ پوچھیں کہ کیا اس آپریشن میں ہمارے بہادر فوجیوں کو کوئی نقصان پہنچا؟ اس کا جواب ہے: نہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK