• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ حکومت اساتذہ اور طلبہ کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے‘‘

Updated: November 15, 2026, 9:20 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

متعدد تنظیموں کے ذمہ داران سے ہونےوالی ملاقات کےدوران نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی یقین دہانی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ریاست کے ہائی اسکولوں، نجی پرائمری اسکولوں، جونیئر و ڈگری کالجوں، مقامی خود اختیاری اداروں کے زیر انتظام جاری اسکولوں، تدریسی اور غیر تدریسی عملے، طلبہ اور اقلیتی تعلیمی اداروں کے مختلف مسائل سے متعلق متعدد تعلیمی تنظیموں کے ذمہ داران نے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے ملاقات کی۔ اس تعلق سے انہیں میمورنڈم پیش کیا جس پر نائب وزیر اعلیٰ نے وفد سے تبادلۂ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت اساتذہ اور طلبہ کے تعلیمی مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے اور آئندہ ۷؍ دسمبر سے شروع ہونے والے ناگپور اسمبلی اجلاس میں اس بارے میں اہم فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا ۔ اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار نے انقلا ب کو بتایا کہ ’’ہم نے یکم نومبر ۲۰۰۵ء سے قبل مقررکئےجانے والے تقریباً ۳۲؍ ہزار اساتذہ کیلئے پرانی پنشن اسکیم کا حکومتی فیصلہ جاری کرنے، یکم نومبر ۲۰۰۵ءکے بعد مقررکئے گئے عملے کیلئے بھی پرانی پنشن اسکیم سے متعلق راحت دینے ، شکشن سیوک کے اعزازیہ میں اضافہ اور ان کی معیاد میں کمی ، نجی تعلیمی اداروں کیلئے ۲۰؍ فیصد اضافی گرانٹ ، ٹی ای ٹی کی لازمی شرط سے اساتذہ کو راحت دینے اور دورانِ ملازمت خدمات انجام دینے والے اساتذہ کیلئے ٹی ای ٹی کے امتحان کے شرائط میں نرمی ، جماعت چہارم اور ہفتم کے اسکالرشپ امتحانات کی فیس معاف کرنے، دسویںاور  بارہویں کے تمام طلبہ کو بلاشرط امتحانی فیس سے مستثنیٰ رکھنے، بے قصور اساتذہ کو ایس آئی ٹی تحقیقات کی پریشانیوں سے محفوظ رکھنے اور اقلیتی تعلیمی اداروں کو سو فیصد اساتذہ بھرتی کا اختیار دینے کا مطالبہ بھی کیاہے ۔

یہ بھی پڑھئے: امیتابھ بچن کا جوہو بنگلہ ’ جلسہ‘ قانونی تنازع کا شکار، سالی نے جیا بچن کو منتقلی کوچیلنج کیا

انہوں نے یہ بھی کہا کہ’’ اقلیتی طلبہ کیلئے پری میٹرک اسکالرشپ دوبارہ شروع کرنے، پوتر پورٹل ٹیچر بھرتی کے دوسرے مرحلہ میں اردو میڈیم کی زیادہ سے زیادہ خالی اسامیاں کو شامل کرنے، ۴۵۰؍ سے زائد اسامیوں کو اوپن کنورٹ کر کے خصوصی راؤنڈ منعقد کرنے ، معذور اُمیدواروں کیلئے خالی اسامیوں کی فراہمی، میونسپل کارپوریشن کے اساتذہ کو ۱۰۰؍ فیصد گرانٹ دینے، ضلع تبادلے کے عمل میں اردو میڈیم کی خالی اسامیوں کو اوپن زمرے میں تبدیل کرنے، سرپلس اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی، شالہ ارتھ آئی ڈی اور منظوری کے زیر التواء معاملات حل کرنے کے علاوہ ۱۰؍اکتوبر ۲۰۲۶ء تک طلبہ کی تعداد کی بنیاد پر سنچ مانیتا منظور کرنے نیز اُردو میڈیم اسکولوں کے دیگر اہم مسائل کو جلد ازجلد حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔‘‘

اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت اساتذہ اور طلبہ کے مسائل سے واقف ہے اور آئندہ دنوں میں ان کے حق میں مثبت فیصلے کئے جائیں گے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK