• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۱۰؍سال میں صرف ۶؍فیصدغیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی

Updated: November 15, 2026, 9:27 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

آر ٹی آئی رپورٹ کےمطابق بی ایم سی کو کل ۲؍لاکھ ۱۴؍ہزار ۹۱۷؍شکایتیں موصول ہوئیں جن میں ایک لاکھ ۱۶؍ہزار ۲۲۹؍ شکایتیں دوبارہ کی گئی ہیں ،اصل شکایتوں کی تعداد ۹۸؍ ہزار ۶۸۹؍ بتائی گئی۔

The BMC recently carried out a demolition drive in Borivali (Photo: X)
گزشتہ دنوں بی ایم سی نے بوریولی میں انہدامی کارروائی کی تھی ( تصویر: ایکس )

ریاستی حکومت ممبئی کو شنگھائی میں تبدیل کرنے کا خواب دیکھ رہی ہے لیکن برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) کا کام اس خواب کو پورا کرنے میں حائل ہے ۔اس کی ترجمانی بی ایم سی سے حاصل کردہ حق اطلاعات قانون کی رپورٹ سے ہو رہی ہے۔ممبئی میں غیر قانونی تعمیرات کا مسئلہ دن بہ دن سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ اب میونسپل کارپوریشن کے آن لائن آر ای ٹی ایم ایس شکایتی نظام پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں جو اس طرح کی تعمیرات کے خلاف کارروائی کیلئے شروع کیا گیا ہے۔

  آر ٹی آئی کارکن شکیل احمد شیخ نے اس تعلق سے رائٹ ٹو انفارمیشن کے تحت جو معلومات حاصل کی ہیں اس کے مطابق بی ایم سی کو گزشتہ ۱۰؍سال میں غیرقانونی تعمیرات کی کل ۲؍لاکھ ۱۴؍ہزار ۹۱۷؍شکایتیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے ایک لاکھ ۱۶؍ہزار ۲۲۹؍ ایسی شکایتیں ہیں جو دوبارہ کی گئی ہیں ،اصل شکایتوں کی تعداد ۹۸؍ ہزار ۶۸۹؍ بتائی گئی ہے جن میں سے صرف ۱۳؍ہزار ۲۱۱؍ شکایتوں پر کارروائی کی گئی ہے۔ یہ کل رجسٹرڈ شکایات کا تقریباً ۶ء۱۵؍ فیصد ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ حکومت اساتذہ اور طلبہ کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے‘‘

بی ایم سی کی سرکاری رپورٹ میں فراہم کردہ معلومات کے تحت اصل شکایات کے عوض ۶۰؍  ہزار ۳۳۲؍ نوٹس تیار کی گئی ہیں جبکہ ان میں سے ۵۷؍ہزار ۵۲۱؍ نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ ۳۱؍ہزار ۴۸۶؍ وجہ بتائو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔۲۹؍ہزار ۹۱۶؍ معاملات میں انہدامی کارروائی کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔ ۱۵؍ہزار ۳۱۸؍ معاملات میں انہدامی کارروائی کے انتظامات کو زیر التواء بتایاگیا ہے جبکہ ایک ہزار ۳۸۷؍ معاملات میں انہدامی کارروائی کے انتظامات کئے جانے کی اطلاع دی گئی ہے ۔ ۱۳؍ہزار ۲۱۱؍ معاملات میں اصل انہدامی کارروائی کی گئی ہے ۔رپورٹ کے تحت ۲۹؍ہزار ۹۱۶؍ شکایات میں انہدامی کارروائی ضروری تھی جبکہ صرف ۱۳؍ہزار ۲۱۱؍ کیسز پر کارروائی کی گئی ہے۔ انتظامیہ کو چاہئےکہ وہ تمام کیسز کی موجودہ صورتحال اور باقی کیسز پر کی جانے والی کارروائی کو عام کرے ۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ۱۰؍سال میں چند بڑے وارڈوں میں بڑی تعدادمیں غیرقانونی تعمیرات کی گئی ہیں۔ ایل وارڈ میں ۳۰؍ ہزار ۹۳۵؍ شکایات کی گئی ہیں جبکہ صرف ۶۳۷؍ کے خلاف انہدامی کارروائیاں کی گئی ہیں ،اسی طرح کے ایسٹ وارڈ میں ۲۴؍ہزار ۶۴؍ شکایات میں سے صرف ایک ہزار ۳۲۵؍ پر انہدامی کارروائی کی گئی ہے۔ ایم ایسٹ وارڈ میں ۱۴؍ہزار ۵۱۰؍ اور پی سائوتھ میں ۱۴؍ ہزار۴۲۴؍ شکایات سامنے آئی ہیں، ان دونوں وارڈ وںمیں بالترتیب صرف ۱۵۹؍اور ایک ہزار ۹۳۲؍ معاملات میں کارروائی کی گئی ہیں ۔ایل وارڈ شکایات میں سب سے آگے ہےلیکن انہدامی کارروائی کی اصل شرح نسبتاً کم ہے ۔ 

یہ بھی پڑھئے: شہر کے درجۂ حرارت میں کمی درج کی گئی لیکن فضائی آلودگی میں اضافہ ہوگیا

آر ٹی آئی کارکن شکیل احمد شیخ کے مطابق’’ بی ایم سی کا بلڈنگ اینڈ فیکٹری ڈپارٹمنٹ طویل عرصے سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کر رہا ہے ۔ہر سال کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں پھر بھی غیر قانونی تعمیرات کو تحفظ دیا جاتا ہے ؟ ان کا دعویٰ ہے کہ سالانہ۱۵؍ہزار سے زیادہ نوٹس جاری کئے جاتے ہیں لیکن اصل انہدامی کارروائیوں کی شرح انتہائی کم ہوتی ہے۔ نوٹس جاری ہونے کے بعد اصل کارروائی کیوں نہیں کی جاتی؟ کارروائی نہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کیا تادیبی کارروائی کی گئی؟ غیر قانونی تعمیرات کی حفاظت کرنے والے ذمہ دار افسران کو کتنی بار معطل کیا گیا؟ اس طرح کے سوالات کے جواب عوام کو دیئےجانےچاہئیں۔‘‘

وزیر اعلیٰ اور میونسپل کمشنر کو مکتوب
  شکیل احمد شیخ نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور میونسپل کمشنر اشوینی بھیڈے کو مکتوب روانہ کیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ زیر التواء غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جلد از جلد انہدامی کارروائی شروع کی جائے اور قصوروار افسران اور ملازمین کو معطل کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK