ایم این ایس کے مطابق ڈی وبھاگ میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں منعقدہ میٹنگ میں واضح کیا گیا تھا کہ گرگاؤں چوپاٹی یا بان گنگا تالاب میں چھٹھ پوجا کی کوئی اجازت نہیں ہے۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 9:49 AM IST | Mumbai
ایم این ایس کے مطابق ڈی وبھاگ میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں منعقدہ میٹنگ میں واضح کیا گیا تھا کہ گرگاؤں چوپاٹی یا بان گنگا تالاب میں چھٹھ پوجا کی کوئی اجازت نہیں ہے۔
مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کے محکمہ جاتی صدر دنیش گیانیشور پنڈے نےبی ایم سی کے ڈی ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنر اور ملبار ہل پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر کو ایک خط لکھ کر چھٹھ پوجا کے دوران ممبئی کے سمندروں میںپوجا میں استعمال کی جانے والی کوئی بھی چیز وسرجن کرنے پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ایم این ایس کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق ڈی وبھاگ میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں منعقدہ میٹنگ کے دوران، یہ واضح کیا گیا تھا کہ میونسپل کارپوریشن نے گرگاؤں چوپاٹی یا بان گنگا تالاب میں چھٹھ پوجا کے لیے کوئی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ میٹنگ میں موجود افسران نے یہ بھی بتایا کہ پوجا کے دوران اگر کوئی شخص پانی کے قریب جاتا ہے تو اسے روکنا بھی پولیس کیلئے ممکن نہیں ہے۔ ایم این ایس کا مطالبہ ہے کہ جس طرح گنپتی اور دُرگا کی مورتیوں کو چوپاٹی یا تالابوں میں وسرجن گنیش اتسو یا نوراتری کے دوران ممنوع ہے، اسی طرح چھٹھ پوجا کے دوران سمندر یا تالاب کے پانی میں کسی بھی چیز یا مادے کے وسرجن پر بھی پابندی ہونی چاہئے۔ مزید برآں پانی کے قریب آہنی رکاوٹیں کھڑی کی جائیں اور دیگر ضروری حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھئے: این سی پی: اجیت پوار اورشرد پوار گروپ کا انضمام نہیں ہوگا
ایم این ایس کا کہنا ہے کہ گنیش وسرجن پر لاگو قوانین چھٹھ پوجا پر بھی اسی طرح لاگو ہونے چاہئیں۔ ایم این ایس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کچھ لوگ اس تقریب کی آڑ میں معاشرے میں مذہبی اور ذات پات کے تناؤ کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں، اس لئے انتظامیہ کو ٹھوس کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔
راج ٹھاکرے کے ایک ٹویٹ کے بعد چھٹھ پوجا کے تعلق سے ایم این ایس جارحانہ ہو گئی ہے۔ ایم این ایس نے ممبئی میں گرگاؤں چوپاٹی کی طرح جوہو، ورسووا اور دیگر چوپاٹیوں پر چھٹھ پوجا پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایم این ایس ودیارتھی سینا کے نائب صدر کشال دھوری نے واضح کیا کہ ایم این ایس چھٹھ پوجا کی نہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف ہے۔ایم این ایس کے عہدیداروں نے ڈپٹی میئر سنجے گاڈی سے ملاقات کی اور اس سلسلے میں ایک میمورنڈم پیش کیا۔تاہم خود ایم این ایس لیڈر اس سوال کا جواب دے نہیں سکے کہ سال بھر سمندر میں آلودگی کیسے ہوتی ہے؟