آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ حکومت دہشت گردوں اور مجرموں کی نگرانی کرنا چاہتی ہے یا سیاسی مخالفین اور یہاں تک کہ خوداپنے اتحادیوں کو نشانہ بنانا چا ہتی ہے،سنجے راؤت نے کہا کہ کسی پر بھروسہ نہیںکیا جاسکتا۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 9:43 AM IST | Mumbai
آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ حکومت دہشت گردوں اور مجرموں کی نگرانی کرنا چاہتی ہے یا سیاسی مخالفین اور یہاں تک کہ خوداپنے اتحادیوں کو نشانہ بنانا چا ہتی ہے،سنجے راؤت نے کہا کہ کسی پر بھروسہ نہیںکیا جاسکتا۔
شیوسینا(یوبی ٹی)کے لیڈرآدتیہ ٹھاکرے نے الزام لگایا کہ مہاراشٹر میں اپوزیشن لیڈروں، حکمراں اتحاد کے کچھ ارکان، وزراء اور صحافیوں کے فون ٹیپ کیے جا رہے ہیں یا مختلف سافٹ ویئر کا استعمال کرتے ہوئے ہیک کیے جا رہے ہیں۔پونے میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ حکومت کو یہ فیصلہ کرنا چاہئے کہ آیا اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد دہشت گردوں اور مجرموں کی نگرانی کرنا ہے یا سیاسی مخالفین اور یہاں تک کہ اس کے اپنے اتحادیوں کو نشانہ بنانا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’سب جانتے ہیں کہ اپوزیشن لیڈروں، حکمران اتحاد کے کچھ ارکان، وزراء اور صحافیوں کے فون ٹیپ یا ہیک کیے جا رہے ہیں۔‘‘
منصوبوں میں کرپشن کے الزامات
آدتیہ نے کہا کہ مہنگائی، ڈیٹا سینٹرز، صنعت کاروں کو زمین کے الاٹمنٹ اور بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں میں بدعنوانی جیسے مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانےکیلئے سیاسی بحث کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ چھٹھ پوجا سے قبل ممبئی میں لوکل ٹرینوں میں بھوجپوری گانے بجانے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تنازعات کے پیچھے بی جے پی اور مرکزی حکومت کا ہاتھ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: میونسپل اسکولوں میں سی بی ایس ای انگریزی میڈیم شروع کرنے کی تجویز
آدتیہ ٹھاکرے نے دعویٰ کیا کہ ادھو ٹھاکرے کی قیادت میں سابقہ مہا وکاس اگھاڑی(ایم وی اے) حکومت نے کووڈ۱۹؍ وبائی امراض کے دوران تارکین وطن مزدوروں کی دیکھ بھال کی تھی جبکہ ان کی اپنی ریاستی حکومتیں انہیں واپس لانے کو تیار نہیں تھیں ۔ انہوں نے آلودگی کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت ڈیٹا میں ہیرا پھیری کر رہی ہے۔آدتیہ نے دعوی کیا’’ملک میں آلودگی سے متعلق اعداد و شمار کے حقائق قابل اعتراض ہیں۔یہی بات غربت اور جی ڈی پی (مجموعی گھریلو پیداوار) کے اعداد و شمار پر بھی لاگو ہوتی ہے ۔ ایئر کوالٹی انڈیکس(اے کیو آئی)کی سرکاری ریڈنگ۵۰۰؍پر محدود ہے جبکہ اصل آلودگی کی سطح اس سے کہیں زیادہ ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ۱۰۰؍آلودہ ترین شہروں میں سے۹۹؍ ہندوستان میں ہیں۔
آدتیہ نے آلودگی کے مسئلے کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف خشک سالی اور دوسری طرف بڑھتی ہوئی آلودگی مناسب منصوبہ بندی اور توازن کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔ آدتیہ نے خبردار کیا کہ ترقی کے لیے پائیدار نقطہ نظر نہ اپنانے سے سنگین سماجی، سیاسی اور امن و امان کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
این سی پی کے انضمام کی قیاس آرائیوں پر کوئی تبصرہ نہیں
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے دونوں گروہوں کے انضمام کے بارے میں قیاس آرائیوں کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ وہ دوسری پارٹیوں میں ہونے والی پیش رفت پر تبصرہ نہیں کریں گے۔آدتیہ نے الزام لگایا کہ جنگلات کاٹے جا رہے ہیں اور زمین اڈانی گروپ کے حوالے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سہیادری پہاڑیوں کے کچھ حصوں کی کھدائی کرکے انہیں گروپ کے حوالے کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: این سی پی: اجیت پوار اورشرد پوار گروپ کا انضمام نہیں ہوگا
کس کا فون ٹیپ نہیں ہوتا ہوگا: سنجے راؤت
شیو سینا (یو بی ٹی) کے رکن راجیہ سبھاسنجے راؤت نے مہاراشٹر میں فون ٹیپنگ کے الزامات کے بارے میںکہا’’اس ملک میں کس کا فون ٹیپ نہیں کیا جا رہا ہے؟ یہاں تک کہ صدر، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، امیت شاہ، یوگی آدتیہ ناتھ، اور دیویندر فرنویس کا بھی ٹیپ کیا جا سکتا ہے۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ہوں اور وزیر داخلہ امیت شاہ ،کسی پر بھی بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ ڈکٹیٹر اس طرح کام کرتے ہیں۔سنجے راؤت نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اپریل اور مئی کے درمیان ملک میں بڑی سیاسی پیش رفت ہوگی اور نریندر مودی اب وزیر اعظم نہیں رہیں گے۔ انہوں نے این سی پی کے دو نوں گروہوں کےانضمام کی باتوں کو افسانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا اور کہا کہ شرد پوار، سپریہ سلے اور جینت پاٹل امیت شاہ کےگروپ میں شامل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے ناروے کے صحافی ایلے لی کے ہندوستان کے ویزا کی منسوخی پر بھی مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔راہل گاندھی کے فون ٹیپنگ کے الزامات کے بارے میں سنجے راؤت نے کہا کہ وزیر اعظم مودی توامیت شاہ کا بھی فون ٹیپ کرواتے ہوں گے۔