• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: میونسپل اسکولوں میں سی بی ایس ای انگریزی میڈیم شروع کرنے کی تجویز

Updated: November 15, 2026, 9:30 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

طلبہ کی گھٹتی تعداد روکنے اور نجی اسکولوں کی بھاری فیس سے راحت دلانے کی پہل، میونسپل اسکولوں کے طلبہ کی تعداد گھٹ کر ۱۷؍ سے ۱۸؍ ہزار رہ گئی ہے ۔

Bhiwandi-Nizampur City Municipal Corporation building (file photo)
بھیونڈی نظامپورشہر مہانگر پالیکا کی عمارت ( فائل فوٹو)

میونسپل اسکولوں میں طلبہ کی مسلسل گھٹتی تعداد پر قابو پانے اور غریب و متوسط طبقے کے بچوں کو کم خرچ میں معیاری انگریزی تعلیم فراہم کرنے کے لئے بھیونڈی نظام پورہ میونسپل کارپوریشن نے سی بی ایس ای سے منسلک انگریزی میڈیم شروع کرنے کی تیاری کی ہے۔ میونسپل کمشنر انمول ساگر نے ڈیجیٹل دستخط کے ساتھ اس سلسلے میں تجویز تیار کرکے جنرل باڈی میٹنگ میں منظوری کے لئے پیش کی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ۲۰۱۷ء میں میونسپل اسکولوں میں۳۲؍ ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم تھے لیکن اب یہ تعداد گھٹ کر تقریباً۱۷؍ سے۱۸؍ہزار رہ گئی ہے۔ تیلگو، مراٹھی، ہندی اور اردو سمیت تمام زبانوں کے اسکولوں میں طلبہ کی تعداد کم ہوئی ہے لیکن اردو میڈیم میں زیر تعلیم بچوں کی تعداد اب بھی سب سے زیادہ بتائی جارہی ہے۔ دوسری جانب والدین میں انگریزی میڈیم اور سی بی ایس ای نصاب والے نجی اسکولوں کی بڑھتی مقبولیت کے باعث میونسپل اسکولوں میں داخلوں پر اثر پڑا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کرلا کاپڑیا نگر کی جامع مسجدمیں صوبائی جمعیت اہلحدیث کاانعامی مسابقہ

انتظامیہ کا ماننا ہے کہ میونسپل اسکولوں میں انگریزی میڈیم شروع ہونے سے والدین کو نجی اسکولوں کی بھاری فیس کے مقابلے میں کم خرچ پر بہتر تعلیمی متبادل مل سکے گا۔ منصوبے میں ڈیجیٹل کلاس روم، کمپیوٹر کی تعلیم اور ہنرمندی پر مبنی سرگرمیوں کو بھی فروغ دینے کی بات کہی گئی ہے۔ اس کے لئے کارپوریشن کی موجودہ اسکول عمارتوں اور بنیادی سہولتوں سے استفادہ کیا جائے گا۔

ڈپٹی میونسپل کمشنر شیر ساگر کے مطابق شہر میں غیر قانونی انگریزی میڈیم اسکولوں کے خلاف کارروائی اور انہیں بند کرنے کے نوٹس جاری کئے جارہے ہیں۔ ایسے اسکولوں کے بند ہونے کی صورت میں وہاں زیر تعلیم بچوں کو متبادل کے طور پر میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انگریزی میڈیم اسکولوں میں داخلہ دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

ابتدائی مرحلے میں کتنے اسکولوں میں یہ نظام شروع ہوگا، داخلے کب سے دیئے جائیں گے، فیس کتنی ہوگی اور سی بی ایس ای سے الحاق کا عمل کیسے مکمل کیا جائے گا؟ اس بارے میں ابھی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ ان امور کا فیصلہ جنرل باڈی سے منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK