اُردو مرکزکی اس تحریک کامقصد اُردواور مراٹھی ادب وثقافت سے دونوں زبانوں کے طلبہ کو متعارف کراناہے، اس موقع پرگلزار صاحب کی شاعری، غزلیں، ان کی تحریروں اور فلموں پر گفتگو ہوگی، اتوار ۱۶؍اگست کو ممبئی سینٹرل سے واک کاآغازہوگا۔
EPAPER
Updated: August 11, 2026, 10:25 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
اُردو مرکزکی اس تحریک کامقصد اُردواور مراٹھی ادب وثقافت سے دونوں زبانوں کے طلبہ کو متعارف کراناہے، اس موقع پرگلزار صاحب کی شاعری، غزلیں، ان کی تحریروں اور فلموں پر گفتگو ہوگی، اتوار ۱۶؍اگست کو ممبئی سینٹرل سے واک کاآغازہوگا۔
معروف شاعر، نغمہ نگار، مصنف، اسکرین رائٹر اور فلم ڈائریکٹر گلزار صاحب کے ۹۲؍ویں یوم پیدائش کی مناسبت سے اردو مرکز کی جانب سے اتوار ۱۶؍ اگست کو گلزار واک کااہتمام کیاجائیگا، جسے ’’رہ گزر‘‘ نام دیاگیاہے۔ ممبئی سینٹرل، بیلاسس روڈ پر واقع سٹی سینٹر کےقریب ماڈرن گیراج سے متصل وچارے موٹرس ہوا کرتا تھا، اسی مقام سے گلزار صاحب نے بحیثیت کلر ٹچ اپ ٹیکنیشین اپنے کرئیر کا آغاز کیا تھا۔ یہ ۶۰ء کی دہائی کی بات ہے، اسی دورمیں انہیں پہلی بار فلم ڈائریکٹر بمل رائے کی فلم بندینی میں ’مورا گورا انگ لئی لے، موہے شام رنگ دئ دے‘گانا لکھنے کاموقع ملاتھا۔ اس کےبعد ان کی کامیابی کاایک کےبعد دوسرا نقش قائم ہوتارہا۔
یہ بھی پڑھئے: مغربی کولمبیا میں تباہ کن زلزلہ، ہلاکتیں ۱۳۲؍ تک پہنچ گئیں، ۵۷۰؍ سے زائد زخمی
اردو مرکز کی جانب سے گزشتہ ۱۰؍برسوں سے’’رہ گزر‘‘ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ یہ اردو مراٹھی تہذیبی واک کی سیریز کاایک حصہ ہے، جس کامقصد اُردو اور مراٹھی ادب وثقافت سے دونوں زبانوں کے طلبہ کو یکجاکرناہے۔ گزشتہ سال کیفی واک کا اہتمام کیا گیا تھا۔ حالانکہ پدم شری، پدم بھوشن، گیان پیٹھ اور آسکر اکیڈمی ایوارڈ یافتہ گلزار صاحب ذاتی طورپر رہگزر میں شریک ہونے کے خواہشمند ہیں لیکن طبیعت کی ناسازی کےسبب وہ شریک نہیں ہوسکیں گے۔ ان کے قریبی دوست اورمعروف مراٹھی شاعر ارون شیوتے، جن کی شاعری کا ترجمہ گلزار صاحب نے کیا ہے، اس واک میں شرکت کریں گے۔
اُردو مرکزکےڈائریکٹر ایڈوکیٹ زبیر اعظمی نے انقلاب کوبتایاکہ ’’ رہگزر ان معروف شاعروں و ادیبوں کی یادوں کاحصہ ہے جنہوں نے اپنی زندگی کا ابتدائی دور مدنپورہ اورناگپاڑہ میں گزاراہے جن میں منٹو، کیفی اعظمی، مجروح سلطانپوری، ساحر لدھیانوی، جاں نثار اختر، علی سردار جعفری اور عصمت چغتائی وغیرہ شامل ہیں۔ ان عظیم شخصیات نے یہا ں کےبنکروں کےساتھ کام کیا اور ان کےحقوق کیلئے لڑی جانےوالی بائیں بازو کی مزدور تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: پوتر پورٹل پر درخواست دینے کی تاریخ میں توسیع
ایڈوکیٹ زبیر اعظمی کےمطابق ’’ گلزار واک سےمتعلق ۵؍اگست کوہم نے گلزار صاحب سے ان کی رہائش گاہ واقع باندرہ، پالی ہل پر ملاقات کی تھی۔ انہوں نے اُردو مرکزکی کاوش کاگرمجوشی سے استقبال کیااورکہاکہ کاش مجھے بھی اس پروگرام میں شریک ہونے کاموقع میسرآتا۔ انہوں نے پروگرام کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیاہے۔ ‘‘ بقول ایڈوکیٹ زبیر اعظمی’’ گلزار وا ک کاآغاز، اتوارکی شام ۵؍بجے سٹی سینٹر، ( بیلاسس روڈ) سے ہوگا۔ ناگپاڑہ جنکشن پر واقع مرزا غالب گارڈن سےہوتاہوامدنپورہ میں اُردو مرکز کے دفترپر اس کا اختتام ہوگا۔ مراٹھی کے معروف شاعر ارون شیوتے کے علاوہ اردو شاعروں اور ادیبوں کی شمولیت متوقع ہے۔ اس موقع پرگلزار صاحب کی شاعری، غزلیں، ان کی تحریروں اور فلموں پر گفتگو ہوگی۔ ‘‘