Inquilab Logo

گیان واپی مسجد: مسلم علاقوں میں بند، بڑی تعداد میں مسلمانوں نے نماز جمعہ ادا کی

Updated: February 02, 2024, 7:03 PM IST | Kanpur

دو دن پہلے ضلعی عدالت کے فیصلے کے بعد آنے والے پہلے جمعہ کے پیش نظر حفاظتی انتظام سخت کئے گئے۔ گیان واپی مسجد کے آس پاس اور حساس علاقوں میں اضافی نفری اور ڈرون کا استعمال کیا گیا۔ مسلم علاقے پوری طرح بند رہے۔ مسجد میں نماز جمعہ کیلئے آنے والے افراد کی تعداد معمول سے دو گنا زیادہ تھی۔ پولیس نے بیشتر افراد سے دیگر مسجدوں میں نماز ادا کرنے کی اپیل کی۔

Crowds of worshipers can be seen outside the Gyanvapi Masjid. Photo: PTI
گیان واپی مسجد کے باہر نمازیوں کی بھیڑ دیکھی جاسکتی ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

وارانسی کی ضلعی عدالت کی جانب سے ۲؍ دن پہلے گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں پوجا کی اجازت دینے کے فیصلے کے بعدمسلم اکثریتی علاقوں میں آج بند رہا۔ اسی کے ساتھ گیان واپی مسجد میں مسلمانوں کی بڑی تعداد نے نماز جمعہ ادا کی۔ سخت حفاظتی انتظامات کے بیچ جمعہ کی نماز پر امن طریقے سے ادا کی گئی۔ مسجد میں نمازیوں کی اتنی بڑی تعداد نے پولیس کو کچھ نمازیوں کو واپس جانےپر مجبور کر دیا۔ حکام نے ان افراد کو علاقے کی دیگر مساجد میں نماز ادا کرنے کیلئے کہا۔ 
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عام حالات میں نمازیوں کی تعداد کے مقابلے جمعہ کی نمازکیلئے آنے والے لوگوں کی تعداد دو گنا زیادہ تھی۔ 

گیان واپی مسجد کے باہر پولیس کا پہرہ ۔ تصویر: پی ٹی آئی 

واضح رہے کہ ضلعی عدالت کی ہندو ئوں کو گیان واپی مسجد کےتہہ خانے میں پوجا کی اجازت دینے کے بعد مسلم اکثریتی علاقوں میں تمام کاروبار بند رہے۔ اس دوران حفاظتی اقدام سخت کردیئے گئے۔ اس کے علاوہ مسجد کے اطراف بھی سخت پہرہ لگا یا گیا۔ حالات پر نظر رکھنے کیلئے ڈیویژنل کمشنر کوشل شرما، ضلع مجسٹریٹ ایس راج لنگم اور پولیس کمشنر موتھا اشوک، مسجد کے باہر موجود تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے: گیان واپی: الہ آباد ہائی کورٹ کا وارانسی ضلعی عدالت کے فیصلے پر روک لگانے سے انکار

پولیس کمشنر نے کہا کہ پورے قصبے کے حالات کامسلسل جائزہ لیا جارہا ہے۔ حساس علاقوں میں پولیس کا گشت جاری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر باریک بینی سے نظر رکھی جا رہی ہے۔ گیان واپی مسجد اور اطراف کے علاقوں پر نظر رکھنے کیلئے ڈرون کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔ 

گیان واپی مسجد کے اطراف کے علاقوں میں پولیس گشت کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

انجمن انتظامیہ کمیٹی جو گیان واپی مسجد کے معاملات دیکھتی ہے، نے جمعہ کو بند کی اپیل کی تھی۔ دال منڈی، نئی سڑک، نادیسر اور اردل بازار کے تجارتی علاقوں میں بند کا خاطر خواہ اثر دیکھا گیا۔ کمیٹی نے ایک خط کے ذریعےبازار بند رکھنے اور نماز جمعہ پر امن طریقے سےادا کرنے کی گزارش کی تھی۔ اس میں مسلم خواتین کو گھر ہی میں رہنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ 
حفاظتی تدابیر کے متعلق پولیس کمشنر نے دیر رات پولیس عہدیداروں کی میٹنگ بلائی تھی۔ قریب کے اضلاع میں امن قائم رکھنے کیلئے دن میں اضافی پولیس کو متحرک کردیا گیا۔ اس کے علاوہ کاشی وشوناتھ دھام اور قریب کےعلاقوں میں اضافی حفاظتی عملہ تعینات کر دیا گیا۔ حفاظت کے پیش نظر حسا س علاقوں میں ریپڈ پولیس فورس (آر پی ائف)کو تعینات کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK