فائرعملے کی کارکردگی سے ناراض۔لاکھوں روپےکا سامان آنکھوں کےسامنے جلتے دیکھ کر کاروباری آنسو نہیں روک سکے۔ دیوالی کے سبب یہاں کے ۱۵؍ٹرانسپورٹ کمپنیوں میں اسٹاک کروڑوںکامال جل کر تباہ وبرباد ہوگیا۔
محمدطاہر واڈی والا تباہ شدہ دکان دکھاتے ہوئے۔ سمیر روڈ لائن انڈیا (ٹرانسپورٹ) کے مالک پرویز صدیقی۔ تصویرـ:انقلاب
اتوار کی شب میں ڈونگری کے ڈاکٹر مہیشوری روڈ پر واقع حاجی قاسم چال میں مبینہ طور پرپٹاخے کے سبب لگنے والی بھیانک آگ سے سیکڑوں کارخانے اور گالے کے خاکستر ہونے سے کروڑوں روپے کےمال کا نقصان ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جائے حادثہ پر فائر بریگیڈ کے دیر سے پہنچنے، آگ بجھانے والی مشینوں اور آلات کیلئے پانی اور پیٹرول کی کمی نیز نوزل کے کام نہ کرنے سے ابتدائی ایک گھنٹہ کے ضائع ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔
ریلائبل منڈپ ڈیکوریٹرس کےمالک محمدطاہر واڈی والا کے مطابق ’’ فائر بریگیڈ والے چاہتے تو میرااور میری لائن والے گالے بچ سکتےتھے۔ آگ تقریباً ۹؍ بجےرات لگی جبکہ میر ا گودام رات ۱۱؍بجے کے بعد جلا تھا۔ فائر فائٹروں سے متواتر اپیل کی لیکن کسی نے میری بات نہیں سنی۔ ایک تو پہلا فائر انجن تاخیر سے پہنچا ، دوسرے اس میں پانی نہیں تھا جبکہ دیگر انجنوں میں پیٹرول کےہونے اور نوزل کے کام نہ کرنے سے بھی ابتدائی ایک گھنٹہ ضائع ہواجس کی وجہ سے میرا ۵۰؍لاکھ روپے کاآرائشی سامان جل کر خاکستر ہوگیا ۔ شادی کا سیزن ہونے سے میرے پاس ۵۰؍شادیوں کی سجاوٹ کاآرڈر ہے،اب ان کاموں کو کیسے کیا جائے، یہ بھی ایک مسئلہ ہے۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’’ ۲۰۰۳ء سے یہاں کاروبار کر رہا ہوں۔ میری آنکھوں کے سامنے میرا آرائشی سامان مثلاً قیمتی پرشین کارپیٹ، شیشے والے اسٹیج، منڈپ، پلیٹ فارم ، میز اور کرسیاں وغیرہ جل رہی تھیں لیکن میں بےبس کھڑا دیکھ رہا تھا۔ بہت تکلیف ہوئی اس لئے میں اپنے آنسونہیں روک سکا ۔اگر کوشش کی جاتی تو آگ پر قابو پایا جاسکتاتھالیکن ایسا نہیں ہوسکاجس کی وجہ سے شبہ ہوتا ہے کہ دانستہ طور پرسازش رچی گئی ہے۔‘‘
سمیر روڈ لائن انڈیا (ٹرانسپورٹ) کے مالک پرویز صدیقی نے انقلاب کو بتایاکہ ’’دیوالی کا موقع ہونے کی وجہ سے میرا ۲؍ہزار مربع فٹ کا گودام مال سے بھرا تھا۔ ۲؍کروڑ روپے سے زیادہ کامال تھا۔ان مال کا انشورنس نہیں تھا ۔ جن لوگو ں کامال تھا، ان سے بات چیت جاری ہے ۔انہیں بھی معلوم ہے ،آگ لگنے سے ان کامال جل گیا ہے، اس لئےسب تعاون کر رہے ہیں۔چونکہ میں ان بیوپاریوں کے ساتھ گزشتہ ۲۵؍سال سے کاروبار کر رہا ہوں، اس لئے وہ بھی ہماری مجبوری سمجھ رہے ہیں ۔جو نقصان ہوا ہے ،اس کی بھرپائی تو کرنی ہوگی، کچھ وہ اور کچھ ہم برداشت کریں گے۔‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ علاقے میں دستیاب پارکنگ وغیرہ کی سہولت کی وجہ سے یہاں تقریباً ۱۵؍ ٹرانسپورٹ ہیں ۔سبھی ٹرانسپورٹ والوں کامال جل کر تباہ ہوا ہے جس کی مالیت کروڑوں میں ہوگی ۔جس روز آگ لگی تھی ،میرا ایک بھائی احمد آباد اور میں خود لکھنؤ میں تھا،سب سے چھوٹا بھائی یہاں تھا۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی میں فلائٹ سے ممبئی آیا ۔ یہاں آکر دیکھا تو پورا گودام جل کر تباہ ہو چکا تھا۔یہاں آنے پر لوگوںنے بتایا کہ فائربریگیڈ کی لاپروائی سے آگ پر قابو پانے میں تاخیر ہوئی ۔‘‘
امین انصاری کا یہاں ایک چھوٹا گیراج ہے۔ انہوںنے بتایا کہ ’’میری گیراج کے اُوپر ایک دھوبی تھا، ہم دونوں کا پورا ساز وسامان جل کر تباہ ہوگیا۔ تقریباً ۲؍سے ۳؍لاکھ روپے کانقصان ہوا ہے۔ ‘‘