Inquilab Logo Happiest Places to Work

آدھے ہندوستان کیلئے اگلے ۷؍ دنوں تک شدید گرمی کا الرٹ

Updated: May 20, 2026, 9:40 AM IST | Agency | New Delhi

درجہ حرارت ۴۷؍ ڈگری تک پہنچنے کا امکان ، شمال مغربی ہندوستان بھی زد میں آئے گا،گرمی کی لہر بڑھنے کا خدشہ۔

Mumbai Residents Are Worried About The Sweltering Heat. Photo: Sayyed Sameer Abidi
اہل ممبئی اُمس بھری گرمی سے پریشان ہیں۔ تصویر: سید سمیر عابدی
سپر اَل نینو افیکٹ کےدرمیان  پورا شمالی، مغربی اور وسطی ہندوستان شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی زد میں ہے۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے اگلے ۷؍ دنوں کیلئے اس خطے میں شدید گرمی کا الرٹ جاری کردیا ہے ۔اندازہ ہےکہ اس دوران شمالی ہند کے کئی شہروں میں درجہ حرارت ۴۷؍ ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔مغربی ہندوستان کےلئے بھی الرٹ ہے کہ یہاں بھی درجہ حرارت میں کئی پوائنٹس کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ حالانکہ اس دوران راجستھان کے ضلع باڑمیر میں درجہ حرارت گزشتہ ۴۸؍گھنٹوں میں ۴۵؍ ڈگری  کے پار ہی ریکارڈ کیا  جارہا ہے۔ اس کے علاوہ  دہلی اوراین سی آر کے شہروں میں دن کا درجہ حرارت ۴۳؍ ڈگری سے تجاوز کرگیا ہے۔
 
 
اتر پردیش کے باندا میں منگل کو  زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۴۶؍ ڈگری تھا۔ اندازہ ہے کہ اس خطے میں اگلے کچھ دن شدید گرمی پڑے گی اور ہیٹ ویو کے واقعات میں بھی اضافہ ہو گا۔ حالانکہ جنوبی ہند اور شمال مشرقی ہندوستان میں کئی جگہوں پربارش اور ژالہ باری کا الرٹ ہے۔
 
 
ملک میں پانی کا بحران، کئی ڈیم خشک  ہوگئے، سینٹرل واٹر کمیشن کی رپورٹ
ملک کے بڑے آبی ذخائر میں پانی کی سطح تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ کئی بڑے ڈیم سنگین بحران کی حالت میں پہنچ چکے ہیں۔ ملک کے ۱۶۶؍ بڑے ذخائر میں پانی کا ذخیرہ کم ہو کر۳۴ء۴۵؍ فیصد ہی رہ گیا ہے۔ سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ ۱۳؍ بڑے آبی ذخائر میں پانی کی سطح ۵۰؍ فیصد سے بھی نیچے پہنچ چکی ہے جبکہ کچھ ڈیم مکمل طور پر خشک ہو چکے ہیں۔ جنوبی اور مشرقی ہندوستان میں صورتحال سب سے زیادہ خراب ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر ’اَل نینو‘ کے اثر سے مانسون کمزور رہا تو آنے والے مہینوں میں پینے کا پانی، آبپاشی اور پن بجلی کی پیداوار کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔سینٹرل واٹر کمیشن (سی ڈبلیو سی) کی رپورٹ کے مطابق ملک میں اس وقت کل۶۳ء۲۳؍ ارب کیوبک میٹر (بی سی ایم) پانی دستیاب ہے جبکہ ۳۰؍اپریل تک ان ۱۶۶؍ آبی ذخائر میں۷۱؍ بی سی ایم  پانی تھا جو ان کی کل صلاحیت کا۳۸؍ فیصد ہے۔ رپورٹ کے مطابق تمل ناڈو، کیرالہ، کرناٹک اور تلنگانہ کے کئی آبی ذخائر میں پانی کی سطح معمول سے نصف نیچے پہنچ گئی ہے۔ یہ کافی تشویشناک ہے جبکہ شمالی ہند کی حالت تو اس سے زیادہ خراب ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK