خواتین لاڈلی بہن اسکیم کے ای کے وائی سی کرنے سے متعلق کسی پریشانی پر ہیلپ لائن ۱۸۱؍پر رابطہ قائم کر سکتی ہیں۔
EPAPER
Updated: January 25, 2026, 3:22 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
خواتین لاڈلی بہن اسکیم کے ای کے وائی سی کرنے سے متعلق کسی پریشانی پر ہیلپ لائن ۱۸۱؍پر رابطہ قائم کر سکتی ہیں۔
ریاست کی خواتین کیلئے اہم اسکیم ’لاڈلی بہن یوجنا ‘کے تعلق سے ایک اہم معلومات سامنے آئی ہے۔لاڈلی بہن اسکیم سے استفادہ کرنے والی کئی خواتین کا ’ای کے وائی سی‘ نہ ہونے یا غلط ای کے وائی سی کرنے کے سبب انہیں حکومت کی جانب سے ملنے والا ماہانہ ۱۵۰۰؍ روپے کا وظیفہ ملنا بند ہو گیا ہے ۔ اس پریشانی کے حل کیلئے محکمہ خواتین و اطفال بہبود کی جانب سے ایک ہیلپ لائن نمبر شروع کیاہے۔ خواتین لاڈلی بہن اسکیم کے ای کے وائی سی کرنے سے متعلق کسی پریشانی پر ہیلپ لائن ۱۸۱؍پر رابطہ قائم کر سکتی ہیں۔ اس کی اطلاع خواتین و اطفال بہبود کی وزیر ادیتی تٹکرے نے دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: نوجوانوں کیلئے’صحت آپ کی دہلیز پر‘ اسکیم متعارف
اس سلسلے میں ادیتی تٹکرے نے ’ایکس ‘پر کئے گئے اپنے پوسٹ میں کہا ہےکہ وزیر اعلیٰ میری لاڈلی بہن اسکیم (مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہین یوجنا) سے استفادہ کرنے والی خواتین سے محکمہ کو کچھ شکایات موصول ہوئی ہیں جس میں کہا گیا ہےکہ مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہین یوجنا کے ای کے وائی سی عمل کے دوران کسی وجہ سے غلط آپشن کا انتخاب کرنے کی وجہ سے انہیں دیئے جانے والے ماہانہ ۱۵۰۰؍ روپے کے وظیفہ کو بند کر دیا گیا ہے۔اسی طرح ای کے وائی سی کرنے میں بھی متعدد دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ ان تمام مسائل کو حل کرنے کیلئےخصوصی ہیلپ لائن نمبر ۱۸۱؍ شروع کی گئی ہے۔ اس ہیلپ لائن پر رابطہ قائم کرنے پرا سکیم سے متعلق ان اور دیگر شکایات کو دور کرنے کیلئے رہنمائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’’اس سلسلے میں متعلقہ کال آپریٹرز کو مناسب تربیت بھی دی گئی ہے۔ اسکیم سے متعلق تمام شکایات ہیلپ لائن نمبر۱۸۱؍پر دور کی جائیں گی۔تمام لاڈلی بہنوں سے عاجزانہ درخواست ہے کہ ضرورت پڑنے پر اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی: جعلی ایلون مسک کا فراڈ، خاتون سے ۱۶؍ لاکھ روپے اینٹھ لئے
لاڈلی بہن یوجنا ای کے وائی سی کیا ہے؟
لاڈلی بہن یوجناکا ای کے وائی سی ایک ڈیجیٹل شناخت کی تصدیق کا عمل ہے جو آدھار سے منسلک ہے۔ ای کے وائی سی کا مقصد فائدہ اٹھانے والے کی شناخت کی تصدیق کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مالی امداد براہ راست درست بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے۔واضح رہےکہ اس عمل کے ذریعے حکومت تصدیق کرتی ہے کہ صرف اہل خواتین اس اسکیم کے تحت فوائد حاصل کر رہی ہیں۔
ای کے وائی سی کیلئےدرکار دستاویزات
آدھار کارڈ(موبائل نمبر کے ساتھ منسلک)،بینک کھاتے کی تفصیلات آدھار کے ساتھ منسلک ہوں،درخواست یا رجسٹریشن نمبر (اگر دستیاب ہو)،اس بات کو یقینی بنانا کہ آپ کے آدھار کی تفصیلات آپ کی درخواست کی تفصیلات سے مماثل ہیں، مسترد ہونے سے بچنے کیلئے بہت ضروری ہے۔