ٹاٹامیموریل اسپتال کی سوشل میڈیاکےذریعے عوام سے خون کا عطیہ کرنےکی اپیل،خون کی قلت سے سرجری ملتوی کرنےکی نوبت آسکتی ہے۔
خون کا عطیہ۔ تصویر:آئی این این
خون کی قلت کی وجہ سے ٹاٹا میموریل اسپتال نے سوشل میڈیا پر عوام سے خون کا عطیہ دینے کے علاوہ بلڈ کیمپ منعقد کرنے کی اپیل کی ہے۔ خون نہ ملنے کی وجہ سے آپریشن ملتوی کرنے کی نوبت آگئی ہے ۔ دیوالی کے موقع پر بڑی تعداد میں شہریوں کے بیرون شہر جانے سے یہ پریشانی ہورہی ہے۔ٹاٹا میموریل اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سی ایس پرمیش نے سوشل میڈیا پرخون کی فوری ضرورت کی ایک درخواست پوسٹ کی ہے جس کے ذریعے عوام سے کہا گیاہے کہ براہ کرم خون کا عطیہ دینے کیلئے آگے آئیں، ساتھ ہی ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے خون عطیہ کے کیمپ منعقد کرنے کی اپیل کی ہے جس کیلئےاپنےاسپتال کی جانب سے تعاون کرنے کی پیشکش کی ہے۔
ڈاکٹر پرمیش کے مطابق’’ خون کی کمی سے اسپتال میں ہونے والے معمول کی سرجریوں میں خلل پڑنے کا خطرہ ہے ۔یہاں روزانہ تقریباً ۳۵؍سے ۴۰؍ سرجری ہوتی ہیں ۔ اگر خون کا انتظام نہیں ہوا تو اگلے ہفتے کی جانے والی سرجری میں مشکل پیش آسکتی ہے اور اگر یہ کمی برقرار رہی تو آدھے سے زیادہ مریضوںسرجری نہیں ہوسکےگی۔ ویسے تو بیشتر خون کے گروپوں کی کمی ہے لیکن خاص طور پر’ بی‘ اور’ او‘ ٖپازیٹو خون کی زیادہ کمی ہے ۔‘‘ڈاکٹر پرمیش کی پوسٹ کو ۸۵۲؍افراد نے پسند کیا ،۹۷۵؍ سے زیادہ لوگوں نے ری ٹویٹ اور بہت سے لوگوں نے اپنے ایلس ٹیویٹر پر اس اپیل کووائرل کیا ہے۔ اس درخواست پر کافی خون ملنے کی اُمید ہے۔
ملک بھر میں خون کا عطیہ دینے کی اپیل کی گئی کیونکہ خون کی قلت صرف ٹاٹا میموریل اسپتال تک محدود نہیں ہے۔بلڈ کیمپوں کے ایک فعال منتظم انل گارے کے بقول’’ شہر میں اس موسم میں خون کی قلت ایک بڑا مسئلہ ہے۔ دیوالی کی چھٹیوں کی وجہ سے بہت سے لوگ ممبئی سے باہر چلے جاتے ہیں، نتیجتاً، خون کے کیمپ کا انعقاد بہت کم ہوتا ہے جس کی وجہ سے خون کی قلت ہو جاتی ہے ۔خون کی کمی خاص طور پر تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کو متاثر کرتی ہے، جنہیں باقاعدگی سے خون کی منتقلی کی ضرورت ہوتی ہے ۔نائر، سائن اور کے ای ایم جیسے بڑے اسپتالوں میں تھیلیسیمیا کے تقریباً ۳۰۰؍ بچے درج ہیں ، جنہیںہر ۱۵؍ دن میں خون کی ضرورت ہوتی ہے۔ ‘‘ناناوتی اسپتال کے سی او او (ویسٹرن ریجن) ڈاکٹر وویک تلولیکر نے اعتراف کیا کہ’’ خون کی کمی کی وجہ سے سرجری کو موخر یا ملتوی کرنا پڑ رہا ہے ۔ ہم نے اپنے عملے سے خون کا عطیہ دینے کے ساتھ مریضوں کے لواحقین کو بھی عطیہ کرنے کیلئے کہا ہے ۔ہم دوسرے بلڈ بینکوں سے خون اور خون کی مصنوعات حاصل کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘
سرکاری اسپتال سب سے زیادہ متاثر
خون کی کمی سے متعلق بچوں کے اسپتال کے ایک اہلکار نے کہا کہ ’’ہمارے پاس تھیلیسیمیا کے تقریباً ۳۵۰؍بچے ہیں، جنہیں باقاعدگی سے خون کی منتقلی کی ضرورت ہے ۔ہم لوگوں سے عطیہ کرنے کی درخواست کر رہے ہیں ۔ اگر تھیلیسیمیا کے مریضوں کو وقت پر خون نہ ملا تو ان کے جسم میں خون کی مقدار کم ہو سکتی ہے اور انہیں مستحکم ہونے کیلئے تقریباً دُگنے خون کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ اس لئے اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ ایسی چیزیں نہ ہوں۔‘‘ریاستی خون کی منتقلی کونسل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سہاس موہنالکر نے اعتراف کیا کہ ریاست بھر میں خون کی قلت ہے کیونکہ دیوالی کی تعطیلات کی وجہ سے خون کے عطیات کم ہوگئے ہیں ۔رولنگ اسٹاک سے خون کی ضروریات پوری ہو رہی ہیں۔