Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’سونیترا پوار کب تک گونگی گڑیا بنی رہیں گی؟‘‘

Updated: August 05, 2026, 10:17 AM IST | Pune

نائب وزیر اعلیٰ کے تعلق سے کانگریس کی پوسٹ کے بعد این سی پی ناراض۔

Sunetra Pawar. Photo: INN
سونیترا پوار۔ تصویر: آئی این این

کانگریس نے نائب وزیر اعلیٰ سونیترا پوار کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے اور لکھا ہے ’’ سونیترا پوار کب تب گونگی گڑیا بنی رہیں گی؟ ‘‘ اس پوسٹ کے بعد این سی پی کے لیڈران نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور یاد دلایا ہے کہ ’گونگی گڑیا‘ دراصل اندرا گاندھی کو دیا گیا خطاب تھا۔ 

کانگریس کے آفیشیل پیج پر بیڑ ضلع میں این سی پی (اجیت) کی ایک پریس کانفرنس کا ویڈیو شیئر کیا گیا ہے جس میں ایک صحافی نے سونیتراپوار سے پوچھا تھا کہ بیڑ ضلع میں بڑھتی ہوئی تشدد کی وارداتوں پر ان کا کیا کہنا ہے؟ سونیترا پوار اس سوال کا جواب دینا چاہتی تھیں لیکن اسٹیچ پر موجود دھننجے منڈے نے انہیں کچھ کہنے سے روک دیا۔ یاد رہے کہ بیڑ دراصل دھننجےمنڈے کا علاقہ ہے اور وہاں ان کا طوطی بولتا ہے۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد سونیترا پوار نے پریس کانفرنس ختم کر دی اور وہاں سے چلی گئیں۔ کانگریس نے اس ویڈیو کو شیئر کرکے یہ باور کروانے کی کوشش کی ہے کہ سونیترا پوار این سی پی (اجیت) کی سربراہ ہوتے  ہوئے بھی پارٹی میں ان کا کوئی دبدبہ نہیں ہے بلکہ دیگر لیڈران ان پر حکم چلاتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: اپوزیشن کا سرکار کو چیلنج ’مودی، شاہ ایوان میں آئیے اور جواب دیجیے‘

اس ویڈیو کے شیئر ہونے کے بعد این سی پی (اجیت) کے لیڈران میں ناراضگی ہے۔  این سی پی ترجمان امیش پاٹل نے اس پوسٹ کو قابل اعتراض قرار دیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب نہروجی کی وفات کے بعد اندرا گاندھی نے پارٹی کی کمان سنبھالی تھی تو ان کے مخالفین انہیں ’گونگی گڑیا‘ کے نام سے یاد کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس کو اپنی وراثت کو یاد رکھنا چاہئے۔ اندرا گاندھی نے مخالفین کے اس طنز کا جواب اپنی قیادت کے ذریعے دیا۔  خاص کر بنگلہ دیش کے قیام کے وقت جو کردار انہوں نے ادا کیا اس سے ان کے مخالفین دانتوں تلے انگلی دبانے پر مجبور ہو گئے۔‘‘  سابق رکن اسمبلی امول مٹکری نے بھی اس پوسٹ پر اعتراض ظاہر کیا ہےاور اندرا گاندھی کی یاد دلائی ہے۔ انہوں نے کہا’’ ایک خاتون نائب وزیر اعلیٰ کی اس طرح توہین کرنا بالکل غلط ہے۔  کانگریس کو اس پر معافی مانگنی چاہئے۔‘‘ یاد رہے کہ ایک روز قبل الیکشن کمیشن نے سونیترا پوار کو نوٹس جاری کیا ہے۔ یہ نوٹس پارٹی ہی کے ایک لیڈر کی شکایت پر جاری کیا گیا ہے۔ اسلئے بھی پارٹی میں سونیترا پوار کی پوزیشن پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK