• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستانی زبانوں کے وکی پیڈیا کی انسانی وزٹس ۵۴؍ فیصد گھٹ گئیں، اے آئی پر سوالات

Updated: November 18, 2026, 11:07 AM IST | New Delhi

۲۹؍ ہندوستانی زبانوں کے وکی پیڈیا ایڈیشنز پر اکتوبر ۲۰۲۶ء تک انسانی وزٹس ۲۰۱۹ء کی سطح کے صرف ۴۶؍ فیصد رہ گئے۔ نئی تحقیق کے مطابق ۱۲؍ ماہ کے دوران ان زبانوں کے صفحات تقریباً ۶۴؍ کروڑ ۶۰؍ لاکھ مرتبہ دیکھے گئے، جبکہ کمی شروع ہونے سے پہلے یہ تعداد تقریباً ۶ء۱؍ ارب تھی۔ ماہرین نے اس گراوٹ کے ممکنہ اسباب میں اے آئی چیٹ بوٹس، سرچ انجنوں کے براہِ راست جوابات، سوشل میڈیا اور خودکار ٹریفک کی بہتر شناخت کو شامل کیا ہے، تاہم کسی ایک وجہ کو اس کا ذمہ دار قرار دینا ممکن نہیں۔

Wikipedia. Image: INN
وکی پیڈیا۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی زبانوں میں انٹرنیٹ پر معلومات حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ وکی پیڈیا خود اپنے قارئین سے محروم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ وکی میڈیا کے عوامی اعدادوشمار کی بنیاد پر کی گئی ایک تازہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ہندی، بنگالی، تمل، تیلگو، مراٹھی، ملیالم، کنڑ اور دیگر ہندوستانی زبانوں کے مجموعی ۲۹؍ وکی پیڈیا ایڈیشنز پر انسانی وزٹس میں غیر معمولی کمی آئی ہے۔ اکتوبر ۲۰۲۶ء تک ان ایڈیشنز کے صفحات کو ملنے والی انسانی وزٹس ۲۰۱۹ء کی سطح کے مقابلے میں صرف ۴۶؍ فیصد رہ گئی ہیں۔ اس کے برعکس انگریزی وکی پیڈیا اسی پیمانے پر ۲۰۱۹ء کی سطح کے ۸۲؍ فیصد پر تھا۔ یہ اعدادوشمار وکی میڈیا کے کمیونٹی بلاگ ’ڈِف‘ پر ۱۳؍  نومبر ۲۰۲۶ء کو شائع ہونے والی تحقیق میں پیش کیے گئے ہیں۔ اس کے مصنف دیو جادیا نے جنوری ۲۰۱۶ء سے اکتوبر ۲۰۲۶ء تک ہر ماہ کے اعدادوشمار کا جائزہ لیا اور وکی میڈیا کے پبلک پیج ویوز اے پی آئی کے ذریعے صرف ان وزٹس کو شمار کیا جنہیں نظام انسانی صارفین سے منسوب کرتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ۲۹؍ ہندوستانی زبانوں کے وکی پیڈیا صفحات کو اکتوبر ۲۰۲۶ء تک ختم ہونے والے ۱۲؍ ماہ میں تقریباً ۶۴۶؍ ملین یعنی ۶۴؍ کروڑ ۶۰؍ لاکھ انسانی پیج ویوز ملے، جبکہ کمی شروع ہونے سے پہلے کے ۱۲؍ ماہ میں یہ تعداد تقریباً ۶ء۱؍ ارب تھی۔ ان ایڈیشنز کی مقبولیت ۲۰۲۴ء کے اوائل میں عروج پر پہنچی تھی، لیکن اس کے بعد تیزی سے نیچے آئی۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان اور آسیان کا مستقبل مسابقت سے نہیں، تعاون سے طے ہونا چاہیے: مودی

اس گراوٹ میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والی زبان ہندی ہے۔ تحقیق کے مطابق ہندی وکی پیڈیا کی انسانی وزٹس اپنے عروج کے مقابلے میں تقریباً ۷۳؍ فیصد کم ہوچکی ہیں۔ ایک دوسری تفصیلی رپورٹ کے مطابق جنوری سے اکتوبر ۲۰۲۳ء کے دوران ہندی وکی پیڈیا کے صفحات ۶۲؍ کروڑ ۲۰؍ لاکھ مرتبہ دیکھے گئے تھے، جبکہ یہی تعداد ۲۰۲۶ء کے پہلے ۱۰؍ ماہ میں گھٹ کر ۱۴؍ کروڑ ۸۰؍ لاکھ رہ گئی۔ اسی مدت میں مراٹھی وزٹس میں ۶۵؍ فیصد، بنگالی میں ۶۴؍  فیصد، تمل اور کنڑ میں ۵۸؍ فیصد، ملیالم میں ۴۹؍ فیصد اور تیلگو میں ۴۷؍ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ انگریزی وکی پیڈیا کے صفحات کی وزٹس میں اسی تقابل کے دوران ۱۴؍ فیصد کمی آئی۔ اس تبدیلی کے پیچھے مصنوعی ذہانت اور سرچ انجنوں کا بدلتا ہوا انداز اہم موضوع بن گیا ہے۔ پہلے کسی صارف کو کسی سوال کا جواب تلاش کرنے کے لیے گوگل پر متعلقہ ویب سائٹس کھولنی پڑتی تھیں۔ اب سرچ انجنوں کے اے آئی اوورویوز اور چیٹ بوٹس کئی سوالات کے جواب براہِ راست اسکرین پر فراہم کردیتے ہیں۔ اس صورت میں صارف کو وکی پیڈیا کا صفحہ کھولنے کی ضرورت نہیں پڑتی، حالاں کہ جواب کی تیاری میں اسی ویب سائٹ پر موجود معلومات استعمال ہوئی ہوسکتی ہیں۔ گوگل نے ہندوستان میں اے آئی اوورویوز اگست ۲۰۲۴ء میں متعارف کرائے تھے، جبکہ چیٹ جی پی ٹی جیسے اے آئی ٹولز اس سے پہلے ہی عام صارفین کی توجہ حاصل کرچکے تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے: شیخ حسینہ کادسمبر میں بنگلہ دیش لوٹنے کا ا رادہ

تاہم تحقیق کے مصنف نے واضح کیا ہے کہ تمام کمی کو اے آئی کے کھاتے میں ڈالنا درست نہیں ہوگا۔ ہندی وکی پیڈیا کی وزٹس میں گراوٹ جنوری ۲۰۲۴ء کے عروج کے بعد شروع ہوگئی تھی اور جولائی ۲۰۲۴ء تک اس میں نمایاں کمی آچکی تھی، یعنی گوگل کے اے آئی اوورویوز کے ہندوستان میں وسیع پیمانے پر متعارف ہونے سے پہلے ہی یہ رجحان موجود تھا۔ اس کے علاوہ وکی میڈیا فاؤنڈیشن نے ۲۰۲۵ء میں خودکار ٹریفک اور بوٹس کی شناخت کا نظام بہتر بنایا تھا۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں بعض ایسی وزٹس جو پہلے انسانی صارفین کے کھاتے میں شمار ہورہی تھیں، بعد میں بوٹس سے منسوب کردی گئیں۔ اس لیے اعدادوشمار میں حقیقی قارئین کی کمی اور گنتی کے طریقے میں تبدیلی، دونوں کا اثر شامل ہوسکتا ہے۔ دستیاب عوامی معلومات ان دونوں اثرات کو الگ الگ ناپنے کے لیے کافی نہیں ہیں۔ اس مسئلے کا ایک اور پہلو وکی پیڈیا کے رضاکار مصنفین اور مدیران سے متعلق ہے۔ اس پلیٹ فارم پر زیادہ تر مضامین ایسے رضاکار تیار کرتے ہیں جو خود معلومات تلاش کرنے کے لیے ویب سائٹ پر آتے ہیں۔ وہ مضمون پڑھتے ہوئے کوئی غلطی دیکھیں، معلومات میں کمی محسوس کریں یا اپنے علاقے سے متعلق کوئی بات غائب پائیں تو اس کی اصلاح یا اضافہ کردیتے ہیں۔ اس طرح قارئین ہی مستقبل کے لکھنے والوں میں تبدیل ہوتے ہیں۔ اگر ویب سائٹ پر آنے والے افراد کی تعداد مسلسل کم ہوتی رہے تو نئے رضاکاروں کی شمولیت بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہندی وکی پیڈیا پر ماہانہ کم از کم ۵؍  ترامیم کرنے والے افراد کی اوسط تعداد ۲۰۲۳ء کے پہلے ۹؍ ماہ میں تقریباً ۲۱۵؍ تھی، جو ۲۰۲۶ء کے اسی عرصے میں گھٹ کر تقریباً ۹۲؍  رہ گئی۔ 

وکی میڈیا فاؤنڈیشن نے بھی اکتوبر ۲۰۲۵ء میں اپنے ایک بیان میں انسانی وزٹس میں کمی پر تشویش ظاہر کی تھی۔ فاؤنڈیشن کے مطابق اے آئی چیٹ بوٹس، سوشل میڈیا اور سرچ انجنوں کے براہِ راست جوابات لوگوں کے معلومات حاصل کرنے کے طریقے تبدیل کررہے ہیں۔ اس نے خبردار کیا تھا کہ وکی پیڈیا پر کم افراد کے آنے سے مستقبل میں مواد تیار کرنے والے رضاکاروں اور انفرادی عطیہ دہندگان کی تعداد بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ فاؤنڈیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ بڑے لینگویج ماڈلز کی تربیت میں وکی پیڈیا کے ڈیٹا سیٹس استعمال ہوتے ہیں۔ یوں ایک طرف اے آئی نظام وکی پیڈیا کے تیار کردہ علم سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، تو دوسری طرف ان کی وجہ سے اصل ویب سائٹ پر آنے والے قارئین کی تعداد کم ہونے کا خدشہ ہے۔ تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ تمام ہندوستانی زبانوں کے ایڈیشنز کی صورت حال یکساں نہیں۔ کچھ چھوٹے زبانوں کے وکی پیڈیا، مثلاً اوڑیا، میتھلی، سنتھالی، تولو اور کشمیری، میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں انسانی وزٹس بڑھی ہیں، اگرچہ ان میں خودکار ٹریفک کا امکان بھی موجود ہے۔ مطالعے کے مطابق مختلف زبانوں کے قارئین کی دلچسپی کے موضوعات بھی الگ ہیں۔ ہندی میں بہار اسمبلی انتخابات، آئینِ ہند، پریم چند اور کبیر جیسے موضوعات مقبول رہے، بنگالی میں سیاست اور انتخابات کو نمایاں توجہ ملی، تیلگو میں سنیما سب سے زیادہ پڑھا گیا، جبکہ اوڑیا میں ادب نے سب سے زیادہ قارئین کو متوجہ کیا۔ مراٹھی میں چھترپتی شیواجی مہاراج، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور مہاتما پھلے کے مضامین نمایاں رہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: باہمی اتحاد و تعلیمی بیداری کا پیغام، اُڑان پروگرام کا کامیاب انعقاد

تحقیق کا ایک اہم پیغام یہ بھی ہے کہ ہندوستانی زبانوں میں معیاری اور اصل تحریری مواد کی ضرورت کم نہیں ہوئی۔ انٹرنیٹ اینڈ موبائل اسوسی ایشن آف انڈیا اور کانٹر کے ۲۰۲۴ء کے سروے کے مطابق شہری انٹرنیٹ صارفین میں سے ۵۷؍  فیصد نے ہندوستانی زبانوں میں مواد کو ترجیح دی تھی۔ اس کے باوجود مقامی زبانوں میں معلومات کی دستیابی اور انہیں مسلسل بہتر بنانے والے رضاکاروں کی تعداد ایک بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ اے آئی کے ذریعے انگریزی مضامین کا ترجمہ اس کمی کو کسی حد تک پورا کرسکتا ہے، لیکن مقامی تاریخ، ثقافت، زبان کے محاوروں اور علاقوں سے متعلق باریک معلومات کے لیے ان زبانوں سے واقف انسانوں کی تحریر اور جانچ ضروری ہے۔ یہ صورت حال صرف وکی پیڈیا کی ویب سائٹ پر آنے والے قارئین کی تعداد کا مسئلہ نہیں، بلکہ ہندوستانی زبانوں میں ڈجیٹل علم کے مستقبل سے بھی جڑی ہوئی ہے۔ اگر معلومات حاصل کرنے والے افراد اصل مضامین تک پہنچنے کے بجائے صرف اے آئی کے تیار کردہ خلاصوں پر انحصار کرنے لگیں تو ان زبانوں میں نئے مضامین لکھنے، غلطیاں درست کرنے اور مقامی معلومات محفوظ کرنے کا عمل بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس انسانی علمی ذخیرے کو کس طرح مضبوط رکھا جائے جس پر خود اے آئی نظام بھی انحصار کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK