Updated: November 13, 2026, 7:10 PM IST
| New Delhi
مرکزی وزارتِ داخلہ نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کے تحت اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کو مزید پانچ برس کے لیے غیر قانونی تنظیم قرار دیا ہے۔ حکومت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پابندی نہ بڑھانے کی صورت میں تنظیم کے مفرور ارکان دوبارہ متحد ہوکر اپنی سرگرمیاں شروع کرسکتے ہیں۔
ذاکر نائیک۔ تصویر: آئی این این
مرکزی حکومت نے اسلامی مبلغ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی قائم کردہ تنظیم اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن (آئی آر ایف) پر عائد پابندی میں مزید پانچ سال کی توسیع کردی ہے۔ مرکزی وزارتِ داخلہ کی جانب سے ۱۳؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، تنظیم کو غیر قانونی قرار دینے کا تازہ حکم ۱۴؍ نومبر سے نافذ ہوگا اور سرکاری گزٹ میں اس کی اشاعت کی تاریخ سے پانچ سال تک مؤثر رہے گا۔ حکومت نے یہ فیصلہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کے تحت کیا ہے۔ مرکزی حکومت کا کہنا ہے کہ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کی سرگرمیاں ملک کی سلامتی کے لیے نقصان دہ رہی ہیں اور ان میں عوامی امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ہندوستان کے سیکولر ڈھانچے کو متاثر کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ نوٹیفکیشن میں حکومت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر تنظیم پر عائد پابندی میں توسیع نہ کی گئی تو اس کے مفرور ارکان دوبارہ ایک جگہ جمع ہوکر تنظیم کی سرگرمیاں بحال کرسکتے ہیں۔ حکومت کے مطابق، اس سے فرقہ وارانہ منافرت اور ملک مخالف جذبات کو فروغ ملنے کے علاوہ عسکریت پسندی اور علیحدگی پسندی کی حمایت کا راستہ بھی کھل سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سوچھتا سروے میں نوی ممبئی ملک کا سب سے صاف ستھرا شہر، سورت دوسرے نمبر پر
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ مرکزی حکومت نے اس سے قبل نومبر ۲۰۱۶ء میں اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کو غیر قانونی تنظیم قرار دیا تھا۔ بعد ازاں نومبر ۲۰۲۱ء میں بھی اس پابندی کی تجدید کی گئی تھی۔ اس معاملے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ٹریبونل (یو اے پی اے ٹریبونل) نے ۲۰۱۷ء اور ۲۰۲۲ء میں اپنے احکامات کے ذریعے حکومت کے سابقہ فیصلوں کی توثیق کی تھی۔ تازہ حکم کے ذریعے اب تنظیم پر عائد پابندی کو مزید پانچ برس کے لیے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے پابندی میں توسیع کے جواز کے طور پر تنظیم کے بانی اور صدر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے بیانات اور تقاریر کا بھی حوالہ دیا ہے۔ وزارتِ داخلہ کے نوٹیفکیشن میں ان تقاریر اور بیانات کو ’’قابلِ اعتراض اور تخریبی‘‘ قرار دیا گیا ہے۔ حکومت کا الزام ہے کہ ان کے ذریعے مختلف مذہبی برادریوں کے درمیان دشمنی اور نفرت کو فروغ ملا ہے۔ نوٹیفکیشن میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ اس نوعیت کے بیانات ہندوستان اور بیرونِ ملک نوجوانوں کو دہشت گردانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: کار حادثے کے معاملے میں اپوزیشن نے بی جے پی رکن اسمبلی کو گھیرا
وزارتِ داخلہ کے مطابق، ڈاکٹر ذاکر نائیک نے بین الاقوامی سیٹیلائٹ ٹیلی ویژن نیٹ ورکس، انٹرنیٹ، پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا بھر میں لاکھوں افراد سے خطاب کیا ہے۔ حکومت نے اپنے نوٹیفکیشن میں ان ذرائع ابلاغ کے ذریعے ان کے پیغامات کی وسیع رسائی کو بھی پابندی میں توسیع کی وجوہات میں شامل کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ فوری کارروائی نہ ہونے کی صورت میں آئی آر ایف اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکتی ہے اور اس کے مفرور ارکان دوبارہ منظم ہوکر فرقہ وارانہ منافرت اور ملک مخالف جذبات کو ہوا دے سکتے ہیں۔ مرکزی وزارتِ داخلہ نے یو اے پی اے، ۱۹۶۷ء کی دفعات ۳ (۱) اور ۳ (۳) کے تحت اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کو غیر قانونی تنظیم قرار دینے کا اعلان کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ حکم پانچ سال تک نافذ رہے گا، تاہم اس کی مدت قانون کی دفعہ 4 کے تحت ٹریبونل کی جانب سے جاری کیے جانے والے کسی بھی حکم سے مشروط ہوگی۔ اس طرح۲۰۱۶ء میں پہلی مرتبہ عائد کی گئی پابندی اب ایک بار پھر پانچ سال کے لیے آگے بڑھا دی گئی ہے۔