Inquilab Logo

میں کہیں نہیں ہوں لیکن ہر جگہ ہوں: پوار کا سیاسی شوشہ

Updated: November 17, 2023, 12:22 PM IST | Agency | Pandharpur

این سی پی سربراہ نے کسانوں کو مخاطب کرکے کہا ’’ آپ کےمسائل حکومت سے متعلق ہیں لیکن فکر مت کیجئے میں حکومت میں نہ بھی ہوا تو ہر جگہ موجود رہتا ہوں۔‘‘

All eyes are on NCP chief Sharad Pawar`s next move. Photo: INN
این سی پی سربراہ شرد پوار کے اگلے اقدام پر سب کی نظر ہے۔ تصویر : آئی این این

) ان دنوں این سی پی سربراہ شرد پوار کے تعلق سے کئی دعوے اور قیاس آرائیاں جاری ہیں ۔ کچھ بی جے پی لیڈر کہہ رہے ہیں کہ وہ جلد ہی این ڈی اے میں شامل ہو جائیں گے ۔ جبکہ ان کے ساتھ والوں کا دعویٰ ہے کہ وہ کبھی بی جے پی کے ساتھ نہیں جاسکتے۔ اسی دوران شرد پوار نے ایک بیان دے کر سب کو چونکا دیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ میں کہیں نہیں ہوں مگر ہر جگہ ہوں ۔‘‘ اہم بات یہ ہے کہ وہ کسانوں کے مسائل کے تعلق سے بات کر رہے تھے اور انہیں حل کروانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔ 
  یاد رہے کہ حال ہی میں اجیت پوار دہلی جا کر امیت شاہ سے ملاقات کر آئے ہیں ۔ اسکے بعد روی رانا اور پروین دریکر جیسے لیڈران دعویٰ کر چکے ہیں کہ لوک سبھا الیکشن سے قبل پوار این ڈی اے کے ساتھ آجائیں گے۔ جمعرات کو شرد پوار پنڈھر پور میں کسان لیڈر نتن کاپسے کے منعقد کردہ ’کسان میلہ‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس وقت وہاں بڑی تعداد میں کسان موجود تھے جنہوں نے اپنے مسائل شرد پوار کے سامنے بیان کئے۔ شرد پوار نےاپنی تقریر کے دوران کہا ’’ آپ نے جو مسائل بیان کئے ہیں وہ (ان کا حل کرنا )مرکزی اور ریاستی حکومت کے اختیار میں ہیں ۔ لیکن آپ فکر نہ کریں میں اس وقت کہیں نہیں ہوں لیکن ہر جگہ ہوں ۔‘‘ شرد پوار نے کسانوں سے وعدہ کیا کہ وہ ان کے مسائل حل کرنے کیلئے حکومت سے بات کریں گے۔ ان کے اس بیان سے ایک بار پھر سیاسی حلقوں میں ہلچل مچنے کے امکانات ہیں ۔ 
 معمر لیڈر نے نریندر مودی اور امیت شاہ کو بھی اس موقع پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا ’’ امیت شاہ اور نریندر مودی کہتے ہیں کہ شرد پوار کو کھیتی کے بارے میں کیا معلوم ہے؟ آپ لوگ ان کے امیدواروں کو شکست دے کر انہیں بتائیے کہ شرد پوار کو کھیتی کے بارے میں کیا کچھ معلوم ہے۔‘‘ امیت شاہ کے اس بیان کا شرد پوار نے خاص طور سے ذکر کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر بی جے پی الیکشن جیت گئی تو رام مندر کا درشن مفت کر دیا جائے گا۔ شرد پوار نے پوچھا ’’ کیا بھگوان کے درشن کرنے کیلئے پیسے لگتے ہیں ؟‘‘ 
 این سی پی سربراہ نے اس موقع پر اجیت پوار کے ساتھ پارٹی چھوڑ کر جانے والے ببن دادا شندے پر تنقید کی۔ حالانکہ انہوں نے ببن دادا کا نام نہیں لیا۔ پوار نے کہا ’’ جو لوگ کسانوں کے نام پر قرض اٹھا کر ان پر دبائو ڈال رہے ہیں ان کے کاغذات آپ مجھے دیجئے میں انہیں بتاتا ہوں ۔ میں ان کا پورا بندوبست کروں گا۔‘‘ یاد رہے ببن دادا شندے پر الزام ہے کہ انہوں نے کسانوں کے نام پر قرض اٹھایاہے اور اس کا غلط استعمال کیا ہے۔ اسی الزام کے سبب وہ دبائو میں تھے اور اجیت پوار کے ساتھ بی جے پی حکومت میں شاملہو گئے۔‘‘ شرد پوار نے زوردے کر کہا ’’ کسانوں کے نام پر قرض اٹھانے والوں کو لیڈر کہلانے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ‘‘ اہم بات یہ ہے کہ جس وقت شرد پوار یہ بات کہہ رہے تھے ببن رائو شندے کے بیٹے رنجیت شندے بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ 
   اجیت پوار کے ساتھ پارٹی چھوڑ کر جانے والے ایک اور لیڈر انل پاٹل جو اس وقت وزیر بھی ہیں ، انہیں شرد پوار نے خاص طور پر یاد کیا۔ شرد پوار نے کہا ’’ انل پاٹل آئندہ الیکشن نہ جیت سکیں اس کا میں خاص خیال رکھوں گا۔ میں ان کے حلقۂ انتخاب ہو آیا ہوں ۔ ‘‘ یاد رہے کہ انل پاٹل بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جنہوں نے کہا ہے کہ جلد ہی شرد پوار اوراجیت پوار ایک ساتھ آجائیں گے۔ شرد پوار نے کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے گفتگو ہو چکی ہے اور جو باتیں رہ گئی ہیں وہ جلد ہی طے ہو جائیں گی۔ 
 الیکشن کے بعد معلوم ہوگا !
  پونے سے پنڈھر پور کیلئے رونہ ہونے سے قبل شرد پوار سے میڈیا نے پوچھا کہ اجیت پوار اور ان کے درمیان گزشتہ دنوں ملاقات ہوئی تھی اس ملاقات میں کیا ہوا؟ اس پر شرد پوار نے صرف ایک جملے میں جواب دیا ’’ الیکشن کے نتائج کےبعد آپ کی سمجھ میں آجائے گاکہ ہم دونوں کی ملاقات کے دوران کیا ہوا تھا۔ یاد رہے کہ شرد پوار اور اجیت پوار کے درمیان دیوالی کے موقع پر ملاقات ہوئی تھی۔ اس کا کچھ لوگوں نے یہ مطلب نکالا تھا کہ دونوں چچا بھتیجے جلدمتحد ہو سکتے ہیں ۔ حالانکہ شردپوار نے اس تعلق سےپوری طرح خاموشی اختیا ر کر رکھی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK