Inquilab Logo Happiest Places to Work

IATA: سعدیہ زاہدی عالمی فضائی صنعت کی تاریخ میں پہلی بار خاتون سربراہ مقرر

Updated: July 24, 2026, 10:10 PM IST | Munich

انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) نے عالمی اقتصادی فورم (WEF) کی منیجنگ ڈائریکٹر سعدیہ زاہدی کو اپنا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا ہے۔ وہ IATA کی ۸۰؍ سالہ تاریخ میں اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہوں گی۔ سعدیہ زاہدی یکم نومبر ۲۰۲۶ء سے ذمہ داریاں سنبھالیں گی اور موجودہ ڈائریکٹر جنرل ولی والش کی جگہ لیں گی۔

Sadia Zahidi. Photo: X
سعدیہ زاہدی۔ تصویر: ایکس

انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) نے عالمی فضائی صنعت کے لیے ایک تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے سعدیہ زاہدی کو اپنا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا ہے۔ وہ تنظیم کی ۸۰؍ سالہ تاریخ میں اس اعلیٰ ترین عہدے پر پہنچنے والی پہلی خاتون ہیں۔ ان کی تقرری یکم نومبر ۲۰۲۶ء سے مؤثر ہوگی، جبکہ موجودہ ڈائریکٹر جنرل ولی والش ۳۱؍  جولائی کو اپنی مدت مکمل کرنے کے بعد عہدہ چھوڑ دیں گے۔ عبوری مدت کے دوران تنظیم کی چیف فنانشل آفیسر سینڈرین لے بورن قائم مقام ڈائریکٹر جنرل کی ذمہ داریاں نبھائیں گی۔ سعدیہ زاہدی گزشتہ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے ورلڈ اکنامک فورم (WEF) سے وابستہ ہیں، جہاں وہ منیجنگ ڈائریکٹر اور منیجنگ بورڈ کی رکن ہیں۔ انہوں نے سینٹر فار دی نیو اکنامی اینڈ سوسائٹی کی بنیاد رکھی اور عالمی سطح پر روزگار، اقتصادی ترقی اور صنفی مساوات سے متعلق متعدد اہم رپورٹس، جن میں Future of Jobs Report اور Global Gender Gap Report شامل ہیں، کی شریک مصنفہ بھی رہی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ترک ریاضی داں نے ریاضی کے ۱۴۰ سال پرانے ’جیکوبیئن مفروضے‘ کو کلاڈ اے آئی کا استعمال کرکےغلط ثابت کیا

IATA کے بورڈ کے چیئرمین اور LATAM ایئرلائنز گروپ کے چیف ایگزیکٹو روبرٹو الوو نے کہا کہ سعدیہ زاہدی کا عالمی اقتصادی اور جغرافیائی سیاسی معاملات کا وسیع تجربہ ایسے وقت میں تنظیم کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگا جب فضائی صنعت تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی حالات کا سامنا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ٹیکنالوجی، جغرافیائی سیاست اور پائیدار ترقی جیسے عوامل مستقبل کی فضائی صنعت کی سمت متعین کریں گے، اور سعدیہ زاہدی ان چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ 
اپنی تقرری پر سعدیہ زاہدی نے کہا کہ ان کے لیے یہ ایک بڑا اعزاز ہے کہ وہ عالمی فضائی صنعت کی نمائندہ تنظیم کی قیادت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح رکن ایئرلائنز، حکومتوں اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک ایسی فضائی صنعت کی تعمیر ہوگی جو زیادہ محفوظ، مضبوط، جدید اور پائیدار ہو اور دنیا بھر کے لوگوں اور معیشتوں کو بہتر انداز میں آپس میں جوڑ سکے۔ خیال رہے کہ سعدیہ زاہدی کو ایسے وقت میں یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے جب عالمی فضائی صنعت کو بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں، جغرافیائی کشیدگی، سپلائی چین کے مسائل، ماحولیاتی اہداف اور ۲۰۵۰ء تک نیٹ زیرو کاربن اخراج جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ یہ بھی غیر معمولی بات ہے کہ IATA نے طویل عرصے بعد کسی سابق ایئرلائن چیف ایگزیکٹو کے بجائے ایک ماہرِ معاشیات اور عالمی پالیسی ساز کو اپنی قیادت سونپی ہے۔

یہ بھی پرھئے: ترکی: طیب اردگان نے کیک ناٹ ہیٹ مہم چلانے والے آٹزم کے شکار ہیرس سے ملاقات کی

IATA دنیا بھر کی ۳۷۰؍ سے زائد ایئرلائنز کی نمائندگی کرتی ہے، جو عالمی فضائی ٹریفک کا تقریباً ۸۵؍ فیصد حصہ سنبھالتی ہیں۔ سعدیہ زاہدی کی تقرری کو نہ صرف فضائی صنعت بلکہ عالمی کاروباری دنیا میں خواتین کی قیادت کے لیے بھی ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK