Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی سی سی نے نیتن یاہو، گیلنٹ کے گرفتاری وارنٹ منسوخی کی اسرائیلی درخواست رد کی

Updated: July 17, 2025, 8:05 PM IST | Hague

آئی سی سی نے نیتن یاہو اور گیلنٹ کے گرفتاری وارنٹ منسوخ کرنے کی اسرائیل کی درخواست مسترد کر دی، ساتھ ہی مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں حالیہ جرائم کی جاری تحقیقات کو معطل کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی۔

International Criminal Court (ICC). Photo: INN
بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی)۔ تصویر: آئی این این

بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے بدھ کو اسرائیل کی اس درخواست کو مسترد کر دیا جس میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کیلئے جاری کردہ گرفتاری وارنٹ منسوخ کرنے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جرائم کی جاری تحقیقات کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔اپنے فیصلے میں، آئی سی سی کی پری ٹرائل چیمبر اول نے کہا کہ اس نے۹؍ مئی۲۰۲۵ء کو کی گئی اسرائیل کی دوہری درخواست کو مسترد کر دیا۔ ایک درخواست میں نیتن یاہو اور گیلنٹ کے لیے گرفتاری وارنٹ کی واپسی، منسوخی یا باطل کرنے کی کوشش کی گئی تھی، اور دوسری میں فلسطین کی صورتحال کے بارے میں پراسیکیوٹر کی تحقیقات کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
عدالت نے اسرائیل کے اس دلیل کو مسترد کر دیا کہ آئی سی سی کو فلسطینی علاقوں میں ہونے والے جرائم پر دائرہ اختیار نہیں ہے، اور اپنے پچھلے فیصلوں کی توثیق کی۔اس نے مزید کہا کہ۲۴؍ اپریل ۲۰۲۵ء کو اپیل چیمبر کے فیصلے کو عدالت کے دائرہ اختیار کو کمزور کرنے کے طور پر نہیں سمجھا جا سکتا۔ فیصلے کے مطابق، ’’تحقیقات کی معطلی صرف اس وقت قابل عمل ہے جب کوئی ریاست کسی کیس کی قابل قبول ہونے کے بارے میں چیلنج کرتی ہے،‘‘ روم اسٹیٹ کے آرٹیکل۱۹؍(۷؍) کے تحت۔ ججوں نے نوٹ کیا کہ اسرائیل نے قابل قبولیت کے حوالے سے کوئی ایسی درخواست دائر نہیں کی تھی۔چیمبر نے اسرائیل کی اس درخواست کو بھی مسترد کر دیا کہ فلسطین کو اپنے خیالات پیش کرنے کا موقع دینے سے انکار کیا جائے، یہ کہتے ہوئے کہ عدالت کے پاس پہلے سے ہی کافی معلومات موجود ہیں اور اضافی پیشکشوں کی ضرورت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھئے: مصر نے فلسطینیوں کیلئے خیموں کا شہر بنانے کی اسرائیلی تجویز مسترد کردی

واضح رہے کہ آئی سی سی نے ۵؍ فروری۲۰۲۱ء کو فیصلہ دیا تھا کہ فلسطین روم ا سٹیٹ کا ایک فریق ریاست ہے اور عدالت کا دائرہ اختیار غزہ اور مغربی کنارے، بشمول مشرقی یروشلم تک پھیلا ہوا ہے، جو ۱۹۶۷ءسے اسرائیل کے زیر قبضہ علاقے ہیں۔آئی سی سی کے پراسیکیوٹر کے دفتر نے۳؍ مارچ ۲۰۲۱ءکو فلسطین کی صورتحال کے بارے میں باضابطہ طور پر تحقیقات شروع کی تھیں۔اسرائیل نے ۲۳؍ستمبر۲۰۲۴ء کو روم ا سٹیٹ کے آرٹیکل۱۹؍(۲؍) کے تحت عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا تھا۔آئی سی سی کے پری ٹرائل چیمبر نے ۲۱؍نومبر ۲۰۲۴ء کو نیتن یاہو اور گیلنٹ کے گرفتاری وارنٹ جاری کیے تھے، جن میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ اپریل۲۰۲۵ء کو، آئی سی سی کے اپیل چیمبر نے ایک سابقہ طریقہ کار کے فیصلے کو منسوخ کر دیا تھا جس نے اسرائیل کے اعتراض کو قبل از وقت ہونے کی بنا پر مسترد کر دیا تھا، اور معاملے کو بنیادی فیصلے کے لیے پری ٹرائل چیمبر کو واپس بھیج دیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK