• Sun, 11 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایم آئی ایم کی جیت ہوئی تو عبدالمالک یونس مالیگائوں کے میئر ہوں گے

Updated: January 10, 2026, 1:46 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

صنعتی شہر میں اسدالدین اویسی کا جلسہ ٔ عام سے خطاب، ’مالیگائوں سیکولر فرنٹ‘ پر تنقید، الیکشن جیتنے پر شہری سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ۔

Majlis-e-Ittehad-ul-Muslimeen chief Asaduddin Owaisi. Picture: INN
مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی۔ تصویر: آئی این این

کارپوریشن  الیکشن کے تشہیری جلسے سے خطاب کرنے کیلئے مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ  اسد الدین اویسی جمعرات کی رات  مالیگائوں  پہنچے  جہاں انہوں نے ’مالیگائوں سیکولر فرنٹ ‘ کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ نیزایم آئی ایم کے الیکشن جیت جانے کی صورت میں مالیگائوں کے عوام کو کئی سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ ساتھ ہی مالیگائوں کے ممکنہ میئر کا نام بھی پیش کیا۔  
  تقریر کی شروعات میں اویسی نے دعویٰ کیا کہ بہار کی نصرت جہاں ، وزیر اعلیٰ  نتیش کمار کی جانب سے نقاب کھینچے جانے پر گھبرائی ہوئی تھی اور سرکاری ملازمت کیلئے رضامند نہیں تھی۔ انہوں نے ضمانت لی تو  نصرت میڈیکل جاب پر رجوع ہوئی ۔اویسی کے مطابق بہار میں مجلس کے صدر  اخترالایمان کے توسط سے نصرت کے خاوند سے گفت وشنید ہوئی تھی۔خاوند کو سمجھایا کہ سرکاری ملازمتوں میں مسلماوں کی حصہ داری نہ کے برابر ہے۔اِس طرح گورنمنٹ جاب چھوڑتے جائیں گے تو فرقہ پرستوں کو حوصلہ ملے گا۔وہ شرارتیں کریں گے اور ہم ملازمت سے کنارہ کشی ۔  انہوں نے یہ بھی کہا کہ نصرت نے جرأت مندی کا مظاہرہ کیاتو اس سے ملک کی دوسری بہنوں و بیٹیوں کو حوصلہ ملے گا۔انہوں نے بہار میں وزیراعلیٰ نتیش کمار کے ذریعے نقاب کھینچے جانے کے پس منظر میں کہا کہ مالیگاؤں میں خواندہ مسلم بہنوں اور بیٹیوں کی تعداد زیادہ ہے۔انہیں ہمّت اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھتے رہنا ہوگا۔
  اویسی ننے وعدہ کیا کہ مجلس کا اقتدار رشوت خوری کا خاتمہ کرے گا۔شہریانِ مالیگاؤں کی بنیادی ضروریات کی تکمیل اور سہولیات کی فراہمی کیلئے کام کرے گا۔ یاد رہے کہ  ایم آئی ایم نے ۶۰؍امیدواروں کو نامزد کیا ہے۔ان کے حق میں ووٹ مانگنے آئے اویسی نے انڈین سیکولر پارٹی اور سماج وادی پارٹی کے مالیگاؤں سیکولرفرنٹ کو نشانہ بناتے ہوئے سابق رکن اسمبلی شیخ آصف کو اجیت پوار کا مہرہ قرار دیا۔ موقع کی مناسبت سے کہہ بھی دیا کہ اجیت پوار اپنے چچا شردپوارکا نہیں ہوا وہ شیخ آصف اور مالیگاؤں کا بھی نہیں ہوگا۔اویسی نے کہا کہ۱۲؍سَو کروڑروپے سالانہ بجٹ  والی مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں مجلس کو اقتدار کو ملا تو محض ۲؍ سو کروڑروپے سالانہ اخراجات سے پورے شہر  میں صفائی نظام چست درست کردیا جائے گا۔ صفائی نظام کو مکمل ٹھیکہ گزشتہ ۱۲؍ برسوں سے شہری انتظامیہ پر قابض حکمراں افراد اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں اور مالیگاؤں گندگی ،تعفن اور بدبو میں اپنی مثال آپ بنا ہوا ہے۔ ۱۵؍جنوری کو رائے دہندگان مجلس کے امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈال کر برسوں سے شہری انتظامیہ پر اقتدار کے مزے لُوٹ رہے سیاسی کچرے کو صاف کردیں۔
اس سے قبل رُکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل، ،حیدرآباد سے آئے مجلس کے رکن اسمبلی جعفر حسین معراج، مالیگاؤں کے سابق میئر عبد المالک اور سماجی کارکن صوفی انیس احمد نےبھی خطاب کیا۔ مفتی اسماعیل نے مجلس کے میئر کے طور پر عبدالمالک یونس عیسیٰ کا نام پیش کیا جسکی تائید اویسی نے اپنی تقریر میں کی۔مالیگاؤں کے نیااسلام پورہ سلام چاچا روڈ پر ہوئے اِس جلسے میں حسبِ روایت اور اویسی کے نام پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔کثرتِ مجمع کے سبب جلسے کے خاتمے کے دو گھنٹے بعد بھی اطراف کے راستوں پر ٹریفک جام رہا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK