وزیراعظم کے دورہ کی بنا پر غریب خاندان بن مانگے قرض کے بوجھ تلے دب گیا۔
EPAPER
Updated: November 12, 2026, 2:02 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
وزیراعظم کے دورہ کی بنا پر غریب خاندان بن مانگے قرض کے بوجھ تلے دب گیا۔
۳۰؍ دسمبر۲۳ء کو وزیر اعظم نریندر مودی ایودھیا میں اچانک میرا مانجھی کے معمولی سے مکان پر پہنچ گئے تھے۔ میرا اُجولا یوجنا کے تحت سلنڈر حاصل کرنےوالی ۱۰؍ کروڑ ویں خاتون تھیں،مودی اسی کی ’’مبارکباد‘‘ دینے ان کے گھر پہنچے اور چائے پی ، تاہم خاندان کا الزام ہے کہ مودی کے اس دورہ نے انہیں بن مانگے قرض کے بوجھ تلے دبا دیا ہے۔
صورتحال یہ ہے کہ قرض وصولی کیلئے ایجنٹ ان کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔ ان کا خاندان ’پردھان منتری روزگار یوجنا‘ کے تحت ضلع انتظامیہ کی جانب سے دیئے گئے بن مانگے قرض کی قسطیں ادا کرنے کیلئے جدوجہد کررہا ہے۔ میرا مانجھی سریو ندی کے گھاٹ پر پھول فروخت کرکے اپنے خاندان کا خرچ چلاتی تھیں جبکہ ان کے شوہر سورج کمار مانجھی یومیہ مزدوری کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھئے:اعظم خان کیخلاف مقدمہ کرنےوالا افسر خود پھنس گیا
بی بی سی ہندی کے مطابق ’’وزیراعظم مودی کے دورہ کا اثریہ ہوا کہ مقامی انتظامیہ کے ذمہ داروں نے ان کے شوہر سورج مانجھی کو ۵؍ ستمبر ۲۴ء کو ایک ہی دن میں پردھان منتری روزگار یوجنا کے تحت ۲؍ لاکھ ۶۱؍ ہزار روپے اور ۲۳؍ ہزار روپے کی شکل میں ۲؍ قسطوں میں قرض دے دیا۔ ‘‘ قرض ادا نہ کرپانے کی وجہ سے اب انہیں پریشانی کا سامنا ہے۔ میرا مانجھی کے مطابق’’ہم نے قرض نہیں مانگا تھا۔ ہم نے سوچھا تھا کہ ملک کے وزیراعظم گھرآئے ہیںتو ہماری پریشانی دور ہو جائے گی۔ ڈی ایم صاحب نے خود ٹینٹ کی دکان کھلوانے کی پیشکش کی تھی۔ ‘‘ وہ کہتے ہیں کہ ’’جب وہ ٹینٹ کی دکان کھلوارہے تھے تو پھر ناؤ کیا چیز ہے،ہم نے سمجھا ناؤتو اپنے پاس سے دے ہی دیں گے۔ ۳؍ مہینے بعد معلوم ہوا کہ ناؤ تو لون پر ہے۔ ‘‘سورج کمار مانجھی کے مطابق چڑھاواچوری کی وجہ سے کاروبار متاثر ہوا ہے جبکہ سیلاب کی بنا پر تقریباً ڈھائی مہینے وہ ناؤ نہیں چلا سکے اس لئے قرض ادا نہیں کرسکے۔ بہرحال میرا مانجھی نے روہانسے انداز میں کہا کہ ’’مودی ہمارے گھر نہ آئے ہوتے تو اچھا ہوتا، ہماری حال پہلے بہت اچھی تھی۔ گھوم گھوم کر پھول بیچتے تھے مگر بہت اچھے تھے،ان کے آنے کے بعد ہماری حالت انتہائی خراب ہوگئی ہے۔‘‘